Site icon Health & Wellness Blog | Healthwire

خشک آلو بخارے کے 9 فوائد

Khushk Aloo Bukhara Kay Fawaid
Spread the love

خشک آلو بخارے اپنے کھٹے میٹھے ذائقے کی وجہ سے تمام عمر کے افراد میں یکساں طور پر پسند کیا جاتا ہے۔ خشک آلو بخارا خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ مجموعی صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

آلو بخارے کا پھل گرمیوں میں دستیاب ہوتا ہے، جب کہ اسے سارا سال استعمال کرنے کے لیے خشک کر لیا جاتا ہے۔ یہ پھل زیادہ تر سرد علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ اس کا رنگ سیاہی مائل ہوتا ہے اور اس کی تاثیر بھی سرد ہوتی ہے۔

خشک آلو بخارے سے بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جاتے ہیں، کیوں کہ اس میں بہت سے مفید غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ ایک آلو بخارے میں تیس کیلوریز، آٹھ گرام کاربو یائڈریٹس، ایک گرام فائبر، سات گرام فائبر، وٹامن سی، وٹامن اے، وٹامن کے، پوٹاشیم، کاپر، اور میگنیز شامل ہیں۔

خشک آلو بخارے کے فوائد

خشک آلو بخارے کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

بلڈ شوگر سے بچاؤ میں مفید

خشک آلو بخارے شوگر کی علامات کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ اس خشک پھل میں کاربو ہائڈریٹس کی مقدار زیادہ ہونے کے باجود بھی اسے استعمال کرنے کے بعد بلڈ شوگر میں اضافہ نہیں دیکھنے میں آتا، کیوں کہ اس کے استعمال سے ایڈی فونسٹین کی سطح بڑھتی ہے جو بلڈ شوگر ریگو لیٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ خشک آلو بخارے میں پایا جانے والا فائبر بھی بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے، کیوں کہ یہ فائبر فوری طور پر بلڈ شوگر کی سطح کو بڑھنے نہیں دیتا۔ اس کے علاوہ پھل کو استعمال کرنے سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرات میں بھی کمی آ سکتی ہے، تاہم اسے متوازن مقدار میں ہی استعمال کرنا چاہیئے، اس پھل کو زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے طبی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دل کی صحت میں بہتری

خشک آلو بخاروں کے ساتھ ساتھ تازہ آلو بخارے استعمال کرنے سے بھی دل کی صحت میں بہتری آ سکتی ہے۔ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق یہ خشک پھل کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کو بھی کم کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کی سطح کم ہونے سے دل کی بیماریوں کے خطرات میں بھی کمی آتی ہے۔

اس کے علاوہ اس میں موجود پوٹاشیم، فائبر، اور اینٹی آکسیڈنٹس بھی دل کی بیماریوں کے خطرات کی وجہ بننے والے عناصر کی روک تھام میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

قبض کی علامات کا خاتمہ

خشک آلو بخارے کا جوس قبض کی علامات سے چھٹکارا پانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، کیوں کہ اس میں زیادہ مقدار میں فائبر پایا جاتا ہے۔ یہ فائبر پانی میں حل نہیں ہوتا اور قبض کی روک تھام میں مفید ثابت ہوتا ہے۔

خشک آلو بخاروں میں ایک قدرتی شکر بھی پائی جاتی ہے جو قدرتی لیگزیٹو جیسا کام کرتی ہے۔ قبض کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ خشک آلو بخارے کو کھا بھی سکتے ہیں۔ لیکن اسے زیادہ مقدار میں کھانے سے گریز کریں، کیوں کہ اسے زیادہ مقدار میں کھانے سے ہیضہ کی علامات بھی لاحق ہو سکتی ہیں۔

اگر آپ قبض سے سے چھٹکارا پانے کے لیے اس خشک پھل کا جوس بنا رہے ہیں تو اس میں چینی شامل نہ کریں اور ایک وقت میں ایک سے ڈیڑھ گلاس سے زیادہ جوس استعمال نہ کریں۔

ہڈیوں کے لیے بھی مفید

خشک آلو بخارے ہڈیوں کی صحت کو بھی بہتر بنانے کے لیے بھی مفید ثابت ہوتے ہیں۔ کچھ طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خشک آلو بخارے اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیے جائیں تو ہڈیوں کے مختلف امراض جیسا کہ ہڈیوں کے بھربھرے پن کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

یہ خشک پھل نہ صرف ہڈیوں سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ پہلے سے ہڈیوں کے پہنچنے والے نقصانات کو بھی کم کرتے ہیں، کیوں کہ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس اور ورم میں کمی لانے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ اس پھل کے استعمال سے ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے والے ہارمونز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ خشک آلو بخارے میں فاسفورس، وٹامن کے، پوٹاشیم، اور میگنیشیم بھی پائے جاتے ہیں جو ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہت مفید غذائی اجزاء سمجھے جاتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور

تازہ اور خشک آلو بخارے دونوں ہی اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو ورم میں کمی لاتے ہیں اور جسمانی خلیات کو مضر مواد سے پہنچنے والے نقصانات سے بھی بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس پھل میں پولی فینولز نامی اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مفید سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ اینٹی آکسیڈنٹس دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کے خطرات بھی کم کرتے ہیں۔

کچھ طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خشک آلو بخاروں میں دوسرے پھلوں کی نسبت زیادہ مقدار میں پولی فینولز پائے جاتے ہیں جو بہت طاقت ور ورم کش خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔

خون کی کمی کا خاتمہ

جسم میں موجود خون میں سرخ خلیات کم ہونے کی وجہ سے خون کی کمی کی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان خلیات کی مقدار بڑھانے کے لیے جسم کو آئرن کی ضرورت ہوتی ہے۔

خشک آلو بخارے کا جوس آئرن حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، جس سے آئرن کی کمی دور ہوتی ہے اور خون کی کمی کی علامات ختم ہونا شروع ہوتی ہیں۔

پٹھوں کی مضبوطی میں اضافہ

پوٹاشیم پٹھوں کو مضبوط بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور کمزور پٹھوں کی صحت میں بھی بہتری لاتی ہے۔ چوں کہ خشک آلو بخارے میں پوٹاشیم کافی مقدار میں پائی جاتی ہے اس لیے یہ پھل پٹھوں کے لیے بہت مفید ہے۔ طبی ماہرین کے جانب سے ان لوگوں کو یہ خشک پھل استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جو سخت ورزش کرتے ہیں، تا کہ ان کے پٹھوں کی صحت برقرار رہے۔

کولن کینسر کے خطرات میں کمی

کولن کینسر کی وجہ سے ہر سال لاکھوں لوگ موت کا شکار ہوتے ہیں۔ خشک آلو بخارے میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کی وجہ سے بڑی آنت میں ایسے جرثومے پیدا ہوتے ہیں جو کولن کینسر کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔

بڑی آنت کا کینسر عمومی طور پر آنت میں ہونے والی سوزش کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے، اگر یہ جرثومے پیدا نہ ہوں یا ان کو نقصان پہنچنا شروع ہو جائے تو اس کینسر کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

جِلد کی خوبصورتی میں اضافہ

اس خشک پھل میں وٹامن بی اور سی بھی پائے جاتے ہیں جو جِلد کی صحت جو برقرار رکھتے ہیں اور جِلد پر جھریاں نمودار نہیں ہونے دیتیں۔

خشک آلو بخارے کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کر سکتے ہیں، آسانی کے ساتھ کسی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Exit mobile version