غیر متوازن غذاؤں کے استعمال اور غیر صحت مندانہ طرزِ زندگی کی وجہ سے جسمانی کمزوری کی علامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جب کہ بعض اوقات کسی بیماری کا سامنا کرنے کی صورت میں بھی جسمانی کمزوری لاحق ہو سکتی ہے، کیوں کہ بیماری کے دوران انسان متوازن مقدار میں پانی اور دوسرے مشروبات سمیت اہم غذاؤں کو استعمال کرنے سے زیادہ تر قاصر رہتا ہے، جس سے جسمانی کمزوری کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
جسمانی کمزوری کی وجہ سے انسان روزمرہ کی سرگرمیاں انجام دینے سے قاصر رہتا ہے اور اسے چلنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ نظر کے مسائل اور جسم کی کپکی بھی لاحق ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جسمانی کمزوری کی وجہ سے پٹھوں کی تھکاوٹ کے خطرات میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔
اس کمزوری کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے ادویات کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ صحت مند غذاؤں اور مشروبات کے استعمال سے جسمانی کمزوری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
Table of Contents
جسمانی کمزوری کا علاج
مندرجہ طریقوں سے آپ جسمانی کمزوری سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
کیلے کا استعمال
کیلے کو قدرتی شوگر جیسا کہ سکروز، فرکٹوز، اور گلوکوز حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ جسم کو شوگر کی یہ اقسام حاصل ہونے سے انرجی میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ کیلے سے حاصل ہونے والے طبی فوائد کی فہرست کافی طویل ہے کیوں کہ اس میں کافی مقدار میں غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ اس پھل میں پوٹاشیم بھی پائی جاتی ہے جو کہ جسم شوگر کو انرجی میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کیلے میں پائے جانے والے فائبر کی وجہ سے بلڈ گلوکوز کا لیول نارمل رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے اور ہاضمہ کا نظام بھی بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔
جب آپ کو جسمانی کمزوری کا سامنا کرنا پڑے تو کیلے کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا شروع کر دیں، اس کے علاوہ آپ کیلے کا ملک شیک بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ مؤثر طریقے سے کم وقت میں جسمانی کمزوری کی علامات کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو کیلوں کے ساتھ ایک چمچ شہد کے ساتھ دن میں دو مرتبہ استعمال کریں۔ اس کے علاوہ آپ کیلے کو دلیے کے ساتھ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
ناشتے کو یقینی بنائیں
جو لوگ صبح ناشتے کو یقینی نہیں بناتے ان میں جسمانی کمزوری کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جب کہ ایسے افراد کو دوسروں کی نسبت ذہنی دباؤ کا بھی زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے جسمانی کمزوری سے بچنے کے لیے ناشتے کو اپنے معمول کا حصہ بنانا نہایت ضروری ہے۔
تاہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ ناشتے میں صحت مند غذائیں استعمال کر رہے ہیں، دہی، دودھ، دلیہ، اور پھل وغیرہ بہترین آپشن ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بازار کی اشیاء جیسا کہ بسکٹ اور بیکری کی دیگر پروڈکٹس استعمال کرنے سے گریز کریں۔
بادام
وٹامن ای سے بھرپور باداموں سے بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں، ان کے استعمال سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے جس سے کمزوری کی علامات ختم ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ بادام سے جسم کو میگنیشیم بھی کافی مقدار میں استعمال ہوتا ہے جس سے جسم کو پروٹین، فیٹ، اور کاربو ہائڈریٹس کو تونائی میں تبدیل کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، کیوں کہ جسم میں میگنیشیم کی کمی وجہ سے بہت سے لوگ جسمانی کمزوری کی علامات کا شکار ہو جاتے ہیں۔
آپ باداموں کی تھوڑی سی مقدار کو ہر وقت اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں، جب بھی آپ کو کمزوری کا احساس ہو تو ان کو چبا لیں۔
یوگا
صحت میں بہتری لانے کے لیے یوگا ایک بہترین ورزش ثابت ہو سکتی ہے۔ یوگا کو باقاعدگی کے ساتھ کرنے سے ذہنی دباؤ میں کمی آتی ہے اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، جس کی وجہ سے کمزوری اور تھکاوٹ کو ختم کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔
دودھ
جسم میں کیلشیم او وٹامن ڈی کی مقدار متوازن رکھنے کے لیے دودھ کا استعمال نہایت ضروری ہوتا ہے کیوں کہ اس کے استعمال سے پٹھوں اور ہڈیوں کی صحت میں بہتری آتی ہے۔
توانائی حاصل کرنے کے لیے ایک گلاس نیم گرم دودھ میں ایک چمچ شہد شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ انجیر کو دودھ میں ابال کر استعمال سے جسمانی کمزوری کی علامات سے نجات ملتی ہے۔
پانی کا زیادہ استعمال
ڈی ہائڈریشن یا جسم میں پانی کی کمی واقع ہونے سے تھکاوٹ اور کمزوری کا احساس لاحق ہونے لگتا ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ دن میں کم از کم آٹھ گلاس پانی ضرور استعمال کیا جائے۔
اگر آپ پانی کو استعمال نہیں کرنا چاہتے تو اس کی جگہ تازہ پھلوں کے مشروبات استعمال کیے جا سکتے ہیں اور شکنجبین بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ تاہم جسم میں پانی کی کمی کو ختم کرنے کے لیے کولڈ ڈرنکس استعمال کرنے سے گریز کریں، کیوں کہ ان کے استعمال سے جسم کی پانی کی کمی دور نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے جسم کو نقصان دہ کیلوریز حاصل ہوتی ہیں جو کہ موٹاپے کے خطرات کو بڑھا سکتی ہیں۔
آملہ
آملہ بہت سارے غذئی اجزاء سے بھرپور پھل ہے جو کہ جسمانی توانائی میں اضافہ کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آملہ وٹامن سی، کیلشیم، پروٹین، آئرن، کاربو ہائڈریٹس، اور فاسفورس حاصل کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔
جسمانی توانائی میں اضافہ کرنے کے لیے آپ تازہ آملے کا جوس کا استعمال کر سکتے ہیں، جب کہ بازار میں آملے کا مربہ بھی دستیاب ہوتا ہے جو کہ صحت کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
جنسنگ کا قہوہ
سینکڑوں سالوں سے جنسنگ کو اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ جنسنگ کے استعمال سے کمزوری ختم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کے استعمال سے اعصابی نظام میں بھی بہتری آتی ہے۔
جنسنگ کی جڑ کے آٹھ سے دس ٹکڑے لے کر تین کپ پانی میں پندرہ منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر ابال لیں۔ اس کے بعد پانی کو چھاننے کے بعد اس میں شہد شامل کر کے استعمال کر لیں۔ جسمانی کمزوری کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ جنسنگ کے قہوے کو دن میں ایک سے تین مرتبہ استعمال کر سکتے ہیں۔
اسٹرابری
اسٹرابری میں کیلوریز تو کم مقدار میں پائی جاتی ہیں، تاہم ناشتے میں ان کے استعمال سے دن بھر جسم کو کمزوری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
اسٹرابری میں وٹامن سی بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ ٹشوز کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اہم تصور کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ مدافعتی نظام کی مضبوطی میں بھی اضافہ کرتا ہے اور جسم کو فری ریڈیکلز کے نقصان سے بھی بچاتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اس پھل میں اینٹی کینسر اور موٹاپے کو کم کرنے والی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں اور اس سے میگنیز اور فائبر بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
شکر قندی
شکر قندی کو میٹھا آلو بھی کہا جاتا ہے جو کہ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ شکر قندی مگنیز اور کیرو ٹینائڈز سے بھرپور ہوتی ہے، جس کے استعمال سے مختلف وجوہات کی بنا پر لاحق ہونے والی کمزوری سے چھٹکارا پانے میں مدد ملتی ہے۔
انڈے
انڈوں کو غذائی اجزاء سے بھرپور ہونے کی وجہ صحت مند غذا کہا جاتا ہے جو جسم کو کمزوری سے بچاتی ہے۔ انڈوں کو غذا میں شامل کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے، کیوں کہ جسم کو ان سے پروٹین، آئرن، بائیوٹین، فولک ایسڈ، اور وٹامن اے جیسے مفید اجزاء حاصل ہوتے ہیں۔
جسمانی کمزوری سے نجات حاصل کرنے یا اس سے بچنے کے لیے دن بھر میں ایک انڈے کا استعمال بھی کافی ہوتا ہے۔
گوشت
جسمانی کمزوری کی علامات کو دور کرنے کے لیے گوشت بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے، تاہم گوشت کو متوازن مقدار میں ہی استعمال کرنا چاہیئے۔ کمزوری کو دور کرنے کے لیے آپ بکرے، گائے، چکن، مچھلی کا گوشت استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ یہ تمام اقسام وٹامن ای اور زنک جیسے اجزاء سے بھرپور ہوتی ہیں۔
کافی
کافی کو استعمال کرنے سے جسم کی توانائی میں فوراً اضافہ کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ اس میں موجود کیفین دماغ کی چستی میں اضافہ کر کے کمزوری کو ختم کرتی ہے۔
اس کے علاوہ کافی کے استعمال سے توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے اور مٹیابولزم میں بھی بہتری آتی ہے۔
کمزوری کے یہ علاج اگر آپ کے لیے مؤثر ثابت نہ ہوں تو آپ کو کسی جنرل فزیشن سے رابطہ کرنا ہو گا، آسانی کے ساتھ کسی بھی جنرل فزیشن سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔