چکوترے کو گریپ فروٹ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کا تعلق سٹریس فیملی سے ہے اور اس کا ذائقہ قدرے ترش اور کھٹا ہوتا ہے جب کہ اس کی کچھ اقسام کا ذائقہ میٹھا بھی ہوتا ہے۔ چکوترا مختلف رنگوں جیسا کہ پیلے، گلابی، اور سرخ رنگ میں دستیاب ہوتا ہے۔
مجموعی صحت کو بہتر بنانے کے لیے چکوترے کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ سروسز ہسپتال لاہور سے تعلق رکھنے والے ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ چکوترے کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو جِلد کے مسائل میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بلڈ شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ایک عام اندازے کے مطابق درمیانے درجے کے چکوترے میں باون کیلوریز، تیرہ گرام کاربز، ایک گرام پروٹین، اور دو گرام فائبر پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چکوترے میں وٹامن سی، وٹامن اے، پوٹاشیم، تھایامین، فولیٹ، اور میگنیشیم بھی پائے جاتے ہیں۔ گریپ فروٹ کے فوائد کی ایک بڑی وجہ اس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس ہیں جو صحت کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
اسے موسمِ سرما کا پھل کہا جاتا ہے اور اس کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔ اس لیے چکوترے کو گرمی کی وجہ سے لاحق ہونے والے طبی مسائل کا بہترین علاج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ چکوترے میں پائے جانے والے غذائی اجزاء اس کی افادیت کو بڑھا دیتے ہیں۔
Table of Contents
چکوترے کے فوائد
چکوترے کے استعمال سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں
قوت مدافعت میں اضافہ
گریپ فروٹ مدافعتی نظام کو فائدہ پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اگر چکوترے یا اس کے جوس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو قوتِ مدافعت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
چکوترے میں وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات رکھتا ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کی وجہ سے یہ سیلز کو مضرِ صحت بیکٹیریا اور جراثیم سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق زکام وغیرہ کے شکار افراد اگر چکوترے سے وٹامن سی حاصل کریں تو ان کی علامات میں تیزی سے کمی آ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ گریپ فروٹ میں کئی اور بھی وٹامنز پائے جاتے ہیں جو کہ مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر چکوترے میں پایا جانے والا وٹامن اے جسم کے مختلف اعضاء کو سوزش اور انفیکشنز سے بچانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
گریپ فروٹ میں بی وٹامنز، زنک، کاپر، اور آئرن بھی پائے جاتے ہیں جو کہ مدافعتی نظام کو بہتر بناتے ہیں اور جِلد کے کئی مسائل سے نجات حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
نقصان دہ کولیسٹرول کے لیولز میں کمی
ہر روز ایک چکوترے کھانے یا اس کا جوس پینے سے نقصان دہ کولیسٹرول کے لیول میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق موٹاپے کا شکار افراد نے جب چکوترے کو دن میں تین مرتبہ باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا تو ان کے نقصان دہ کولیسٹرول میں واضح کمی آئی۔
نقصان دہ کولیسٹرول کا لیول کم ہونے سے دل کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔ نقصان دہ کولیسٹرول فیٹ کی ایک ایسی قسم ہوتی ہے جس کی وجہ سے دل کی بیماریوں اور اسٹروک کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے۔ تاہم اگر آپ کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے ادویات استعمال کر رہے ہیں تو گریپ فروٹ کو استعمال کرنے سے گریز کریں کیوں کہ گریپ فروٹ اور ان ادویات کو ایک ساتھ استعمال کرنے سے جسم پر مضرِ صحت اثرات ظاہر ہو سکتے ہیں۔
وزن میں کمی
گریپ فروٹ کے فوائد میں یہ بھی شامل ہے کہ اس کے استعمال سے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ماہرین غذائیت کے مطابق اگر ہر روز ایک گلاس چکوترے کا جوس استعمال کیا جائے تو وزن تیزی سے کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
چکوترے کے استعمال سے پیٹ اور جسم کے دوسرے حصوں پر موجود اضافی چربی پگھلنا شروع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے میٹابولزم بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ چکوترے کے استعمال سے پیٹ اور آنتوں کی صفائی میں بھی مدد ملتی ہے۔ گریپ فروٹ کے ان اثرات کی وجہ سے وزن میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔وزن میں کمی لانے کے مزید طریقے جانیے۔
دل کی صحت میں بہتری
چکوترے کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو دل کی صحت بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے کیوں کہ اس کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر کم ہوتا ہے اور کولیسٹرول کے لیول میں بھی کمی آتی ہے۔ایک طبی تحقیق کے مطابق جن لوگوں نے چھ ہفتوں تک ہر روز تین مرتبہ گریپ فروٹ استعمال کیا ان نے بلڈ پریشر میں واضح کمی آئی اور ان میں نقصان دہ کولیسٹرول کے لیولز بھی کم ہوئے۔ اس کے علاوہ گریپ فروٹ میں ایسے نیوٹرنٹس بھی پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے دل کو اپنے افعال سر انجام دینے میں مدد ملتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ چکوترے میں پوٹاشیم بھی پائی جاتی ہے جو کہ بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے جس سے دل کی بیماریوں کے خطرات میں واضح کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ گریپ فروٹ میں فائبر بھی پایا جاتا ہے جو کہ کولیسٹرول لیول کو کرتا ہے۔
جِلد کے مسائل کا خاتمہ
جِلد کی خشکی یا اس میں زیادہ تیل پیدا ہونا عام مسائل ہیں جن کا بہت سے لوگوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جِلد کے ایسے مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لیے چکوترے کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے۔چکوترے میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو جِلد کے مساموں کو بند کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں جس سے جِلد میں زیادہ تیل پیدا نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ چکوترا جراثیم کش خصوصیات کا حامل بھی ہوتا ہے جس سے جِلد کے مسائل کی وجہ بننے والے بیکٹیریا کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔چکوترے یا گریپ فروٹ کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے، آسانی کے ساتھ کسی بھی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔