پانی کا شمار ان چیزوں میں ہوتا ہے جن کے بغیر انسانی بقا ممکن نہیں ہے۔ صحت مند زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر شخص کے لیے یہ ضروری ہوتا ہے کہ وہ ہر روز پانی کا استعمال یقینی بنائے۔ اگر پانی کے استعمال کو ترک یا کم کر دیا جائے تو جسم کے مختلف اعضاء مؤثر طریقے سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔
مثال کے طور، پانی کے استعمال میں اگر کمی لائے جائے تو ہاضمہ کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پانی کے استعمال میں کمی کی وجہ سے جسم کو خوراک سے مختلف نیوٹرنٹس جذب کرنے میں بھی مشکل پیش اتی ہے۔
ان مشکلات سے بچنے کے لیے بہت ڈاکٹر حضرات یہ مشورہ دیتے ہیں کہ پانی کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ عام طور پر لوگ نارمل درجہ حرارت والا پانی استعمال کرتے ہیں۔ جب کہ کچھ لوگ گرم پانی کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہاں یہ سوال ابھرتا ہے کہ
کیا گرم پانی پینے سے فوائد حاصل ہوتے ہیں؟
اس سوال کا جواب بہت سے طبی ماہرین ہاں میں دیتے ہیں۔ ڈاکٹر نور العارفین، جو کہ ایک نہایت قابل پلمونالوجسٹ ہیں، کے مطابق گرم پانی استعمال کرنے سے ناک کی بندش ختم ہو سکتی ہے اور گلے کی خراش کی شدت میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔
گرم پانی کے فوائد میں یہ بھی شامل ہے کہ اس کے استعمال سے جسم میں نقصان دہ ٹاکسنز خارج ہوتے ہیں جس سے کئی بیماریوں کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ افراد گرم پانی میں لیموں کا رس بھی شامل کر کے استعمال کرتے ہیں تا کہ اس کی افادیت میں اضافہ ہو سکے۔
Table of Contents
گرم پانی کے فوائد
گرم پانی کے استعمال سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم یہ فوائد اس وقت حاصل ہوں گے جب پانی کو باقاعدگی کے ساتھ گرم کر کے استعمال کیا جائے۔ بے قاعدگی یا کبھی کبھار گرم پانی استعمال کرنے سے کوئی بھی شخص اس کے مؤثر نتائج سے محروم ہو جائے گا۔
نظام انہظام میں بہتری
جیسا کہ اوپر بیان ہوا کہ ہاضمہ کے نظام اور پانی کی مقدار کے استعمال میں گہرا تعلق ہے۔ اگر دن بھر میں وقفے وقفے سے پانی استعمال کیا جائے تو ہاضمہ کا نظام بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔ جو پانی ہم پیتے ہیں وہ معدے اور آنتوں میں سے بھی گزرتا ہے اس لیے جسم کو فضلات خارج کرنے میں مشکل پیش نہیں آتی۔
گرم پانی کے استعمال سے جسم کی خوراک کو ہضم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق، ایسے افراد کو گرم پانی استعمال کروایا گیا جن کی لیپرو سکوپک سرجری ہونا تھی۔ گرم پانی کے استعمال سے سرجری کے بعد ان افراد کی آنتوں پر مثبت اثرات ظاہر ہوئے۔
اگر گرم پانی کے استعمال سے آپ کے ہاضمہ میں بہتری آ رہی ہے تو پھر اس کے استعمال کو جاری رکھیں، کیوں کہ گرم پانی استعمال کرنے سے آپ کو مضرِ صحت اثرات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
خون کا بہاؤ
کیا آپ جانتے ہیں کہ گرم پانی کے استعمال سے جسم میں خون کا بہاؤ بھی بہتر ہوتا ہے؟
جب ہم گرم پانی استعمال کرتے ہیں تو یہ جسم میں موجود رگوں کو پھیلانے والے ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے رگیں پھیلنا شروع ہو جاتی ہیں جس سے خون کے بہاؤ میں بہتری آنا شروع ہو جاتی ہے۔ جسم کے مختلف اعضاء میں خون کا بہاؤ بہتر ہونے سے پٹھوں کو نیوٹرنٹس حاصل ہوتے ہیں جن کی انہیں ضرورت ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ گرم پانی کے استعمال سے پٹھوں کو سکون بھی حاصل ہوتا ہے جس سے درد کی شدت کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
قبض کا خاتمہ
بہت سارے ممالک میں گرم پانی کے استعمال کو قبض کا مؤثر علاج سمجھا جاتا ہے۔ پانی کو گرم کر کے استعمال کرنے سے آنتوں پر مثبت اثرات ظاہر ہوتے ہیں جس سے قبض کی شدت کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
اگر آپ قبض کا شکار ہیں تو اس نجات حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے پانی کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ اگر آپ قبض سے چھٹکارا پانے کے لیے گرم پانی استعمال نہیں کرنا چاہتے تو نارمل درجہ حرارت والا پانی استعمال کرنا شروع کر دیں، کیوں کہ قبض کے خلاف پانی کا استعمال نہایت ضروری ہوتا ہے۔
وزن میں کمی
طبی تحقیقات کے مطابق بھی پانی کو زیادہ استعمال کرنے سے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ لیکن گرم پانی کا استعمال وزن میں کمی لانے کے عمل میں تیزی لا سکتا ہے۔ گرم پانی کے استعمال سے پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے جس سے بھوک کم لگتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جسم کو نیوٹرنٹس کو جذب کرنے میں مدد ملتی ہے اور جسم سے ٹاکسنز اور فضلات بھی خارج ہوتے ہیں۔
اگر کھانے سے قبل گرم پانی استعمال کیا جائے تو میٹابولزم میں تیس فیصد تک اضافہ ہوتا ہے۔ وزن میں کمی اور صحت میں بہتری لانے کے لیے میٹابولزم مؤثر ہونا نہایت ضروری ہوتا ہے۔
کھانے معدے میں نہ پہنچنے کا علاج
کچھ افراد کو یہ بیماری متاثر کرتی ہے جس کی وجہ سے ان خوراک کی نالی غذا کو معدے میں منتقل نہیں کر پاتی۔ ایسے مریضوں کو ہمیشہ کھانے نگلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن طبی تحیقق کے مطابق گرم پانی استعمال کرنے سے اس بیماری کی شدت میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ایسے مریض اگر گرم پانی کو استعمال کریں تو انہیں کھانا نگلنے میں مشکل پیش نہیں آئے گی۔
گرم پانی پینے کے فوائد کے متعلق جاننے کے بعد بہت سارے افراد یہ سوال کرتے ہیں کہ
کیا گرم پانی پینے سے نقصانات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے؟
التمش جنرل ہسپتال کراچی سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر گرم پانی استعمال کرنے سے مضرِ صحت اثرات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، اور سائنسی تحقیقات کے بغیر یہ کہنا کہ گرم پانی کے استعمال سے مضرِ صحت اثرات لاحق ہو سکتے ہیں، ایک غلط روش ہے۔ اس لیے گرم پانی کے نقصانات پر یقین نہیں کرنا چاہیئے، جب کہ سائنسی تحقیقات اس بات کی تصدیق نہ کریں۔