بِرصغیر میں صدیوں سے اجوائن کو بطور گرم مسالہ استعمال کیا جا رہا ہے جو کہ طبی فوائد سے مالا مال ہے۔ اس کے بیجوں میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جن میں آئرن، کیلشیم، فاسفورس، تھایامین، کیروٹین، نیاسین، ریبوفلیون، اور نیاسین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی سیپٹک خصوصیات کی بھی حامل ہوتی ہے۔
اجوائن میں کیلوریز بھی وافر مقدار میں پائی جاتی ہیں۔ اس کے ایک سو گرام بیجوں میں 323 گرام کیلوریز ہوتی ہیں۔ جب کہ اجوائن کی تاثیر خشک گرم ہوتی ہے اس لیے یہ تاثیر ٹھنڈا مزاج رکھنے والے افراد کے لیے مفید ہوتی ہے۔ اس کو اگر مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے تو بے شمار طبی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
اجوائن کے بیجوں میں تیل یا روغن بھی پایا جاتا ہے جو کہ صحت کے لیے نہایت مفید ہوتا ہے۔ اس کے تیل میں تھائمول نامی فینول بھی پایا جاتا ہے جو کہ اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات کا حامل ہوتا ہے۔
Table of Contents
اجوائن کو استعمال کرنے کا مؤثر طریقہ کون سا ہے؟
اس کے بیجوں کے استعمال کے طریقہ کار کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ اس کو کس مقصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ وزن میں کمی کے خواہش مند افراد صبح نہار منہ آدھا چمچ کھانے کے بعد پانی پیتے ہیں۔ جب کہ کچھ افراد خون کی صفائی کے لیے ان بیجوں کو لیموں کے ساتھ بھی استعمال کرتے ہیں۔ ان بیجوں کو استعمال کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ایک لیٹر پانی میں اس کے بیج ایک چائے کا چمچ شامل کر کے تین سے چار منٹ تک ابالیں۔ جب پانی کی رنگت تبدیل ہو جائے تو چولہا بند کر دیں اور پانی کو ٹھنڈا ہونے دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پانی کو چھان لیں اور بوتل میں بھر کر دن بھر استعمال کرتے رہیں۔
اجوائن کے حیرت انگیز فوائد
اجوائن کو مختلف طبی مسائل سے چھٹکارا پانے اور صحت کو بہتر بنانے کے لیے صدیوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے بیجوں سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ہاضمہ کے نظام میں بہتری
اس کے بیجوں میں موجود انزائمز ہاضمہ کے نظام کو بہتر بناتے ہیں۔ جس سے بد ہضمی، گیس، اور پیٹ پھولنے جیسی علامات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ یہ بیج معدے اور جگر کی صفائی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں جس سے دائمی قبض کی علامات سے چھٹکارا پانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ میٹابولزم کی رفتار بھی بڑھاتے ہیں۔ میٹابولزم کی رفتار تیز ہونے سے آپ کے جسم میں موجود کیلوریز آسانی سے جلیں گی جس کے نتیجے میں چربی بہت تیزی سے گھلنا شروع ہو گی۔
ہائی بلڈ پریشر کا علاج
پوری دنیا میں ہائی بلڈ پریشر کے کروڑوں مریض پائے جاتے ہیں۔ اس کو ایک عام بیماری سمجھا جاتا ہے لیکن یہ فالج اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو بڑھانے کا سبب بن سکتی ہے۔ لوگوں کو ہائی بلڈ پریشر کا سامنا اس وقت کرنا پڑتا ہے جب کیلشیم خون اور دل کے خلیوں میں داخل ہوتی ہے۔ کیلشیم کو خون اور دل کے خلیوں میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے کیلشیم چینل بلاکرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اجوائن کے بیجوں میں کیلشیم چینل بلاکرز کی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو کیلشیم کو خون میں شامل ہونے سے روک کر خون کی شریانوں کو آرام پہنچاتی ہیں جس سے بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جِلد کی چمک
اس کے بیجوں کے کا پاؤڈر جِلد پر مہاسوں کے نشانات کو ہلکا کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مہاسوں سے متاثرہ جِلد پر 10 سے پندرہ منٹ تک اس کے پاؤڈر کا پیسٹ لگانے سے جِلد صاف ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ پاؤڈر جِلد کی میل کو بھی صاف کرنے کے لیے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔
گھٹیا سے ہونے والے درد میں کمی
چوں کہ اس کے بیجوں میں اینٹی بائیوٹک اور اینستھیزیا جیسی خصوصیات پائی جاتی ہیں اس لیے یہ جِلد کی سرخی، سوزش، اور درد کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ گھٹیا کے درد سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ اس کے بیجوں کا پیسٹ بنا کر متاثرہ جوڑوں پر لگا سکتے ہیں جس سے درد کی علامات سے نجات میں مدد ملے گی۔ اس کے استعمال سے درد سے چھٹکارا پانے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ باتھ ٹب میں پانی گرم کر کے ایک مٹھی اس کے بیج شامل کر کے نہا لیں۔
سانسوں کی بیماریاں
سانس کی بیماریوں اور خاص طور پر برونکائٹس کے دوران ان بیجوں کا استعمال نہایت مفید ہے۔ دمہ کی علامات کے دوران اس کے بیجوں کو گرم کر کے ان سے حرارت لینا ایک پرانا اور مؤثر گھریلو علاج ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انفلوائنزا میں ہونے والی کھانسی سے چھٹکارا پانے کے لیے چٹکی بھر اجوائن کے بیج، خوردنی نمک، اور ایک لونگ کو چبانے سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
گلے کی سوزش اور خراش
گلے کی سوزش، زخم، یا خراش سے نجات پانے کے لیے اس کے بیجوں سے بنے ہوئے جوشاندہ میں عام نمک ملا کر غرارے کرنے سے بہت مفید نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ زور سے چلانے، زکام، یا سردی کی وجہ سے اگر آواز بیٹھ جائے تو اجوائن کے جوشاندہ اور نمک کے غرارے نہایت مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
آدھے سر کا درد
آدھے سر کے درد کو دردِ شقیقہ بھی کہتے ہیں جس کی وجہ سے پیٹ کا درد بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ اس درد کی علامات کو کم کرنے کے لیے اجوائن کے بیج کا سونگھنا یا دھواں لینا مفید ہوتا ہے۔ کچھ اور دماغی امراض جیسا کہ ہذیان کی شدت کو کرنے کے لیے بھی بیجوں کا دھواں لینا یا سونگھنا مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
کولیسٹرول
کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائڈ کی بڑھی ہوئی سطح دائمی بیماری ہو سکتی ہے یا دل کی بیماری کا باعث بن سکتی ہے۔ جانوروں پر ہونے والی تحقیقات سے یہ معلومات حاصل ہوئی ہیں کہ اس کے بیج کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائڈ کی سطح کو کم کرتے ہیں جب کہ دل کی حفاظت کرنے والے اچھے کولیسٹرول (ایچ-ڈی-ایل) کی مقدار بھی بڑھاتے ہیں۔ کولیسٹرول کی سطح نارمل رکھنے کے لیے اس کے بیجوں سے بنے ہوئے پاؤڈر کا استعمال بہترین آپشن ہے۔
کانوں اور دانتوں کی حفاظت کے لیے
اجوائن کے بیج سوزش اور درد کی علامات کوکم کرنے والی خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں جس سے دانتوں کے درد اور سوزش کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چوں کہ یہ اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات بھی رکھتے ہیں اس لیے منہ کو فنگل اور بیکٹیریل انفیکشن سے بچاتے ہیں۔ کان کے درد کو ختم کرنے کے لیے اس کے تیل کے دو قطرے کان میں ڈالنے سے درد سے نجات ملے گی۔
بالوں کی سفیدی
کچھ لوگوں کے بال عمر کے بڑھنے سے پہلے ہی سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس کے بیج بالوں کی سفیدی روکنے میں مدد کرتے ہیں۔ بالوں کی سفیدی روکنے کے لیے ایک کپ پانی میں خشک انگور، کری پتے، اجوائن، اور چینی شامل کر کے پکائیں۔ یہ پانی روزانہ استعمال کریں جب تک کہ بالوں کی سفیدی میں اضافہ رک نہ جائے۔اجوائن کے حیرت انگیز فوائد حاصل کرنے کے لیے آپ اسے بازار سے خرید کر خود بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ لیکن جسم کی صحت کو بہتر بنانے اور برقرار رکھنے کے لیے ایسی چیزیں غذائیات کے ماہرین کے مشورے سے استعمال کرنے سے زیادہ مفید نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ کسی بھی غذائی ماہر سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم بآسانی استعمال کر سکتے ہیں۔