پھل کسی بھی انسان کو صحت مند رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کے بغیر کوئی بھی غذا نا مکمل تصور کی جاتی ہے، کیوں کہ ان میں بہت سے وٹامن اور غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ امرو د کا شمار بھی انہی پھلوں میں کیا جاتا ہے جو صحت کے لیے بہت مفید ہیں، کیوں کہ یہ پھل بہت سے غذائی اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے۔ امرود میں آئرن، وٹامن سی، کیلشیم، وٹامن اے، پوٹاشیم، سوڈیم، فائبر، کاربوہائڈریٹس، اور پروٹین پائے جاتے ہیں۔
امرود ایک مزے دار پھل ہے جو پاکستان میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اسے دونوں موسموں کا پھل بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ یہ سردیوں اور گرمیوں کے دوران دستیاب ہوتا ہے۔ یہ پھل حیرت انگیز فوائد کا حامل ہے جن سے بہت سے لوگ واقف نہیں ہیں۔
Table of Contents
امرود کے فوائد
امرود سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
کینسر سے بچاؤ میں مفید
اس پھل میں وٹامن سی، لائیکوپین اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جسم میں نقصان دہ اجزاء کی سطح کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان جزاء کی سطح کم ہونے سے کینسر کی وجہ بننے والے خلیات کی نشوونما نہیں ہو پاتی جس کی وجہ سے اس بیماری کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
نظامِ ہاضمہ میں بہتری
یہ پھل ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بہت مفید ہے کیوں کہ اس میں فائبر کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امرود میں اینٹی مائکروبیل خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں جن سے ہماری آنتوں میں میں موجود نقصان دہ بیکٹیریا کا خاتمہ ہوتا ہے۔ ہر روز ایک امرود استعمال کرنے سے ہاضمہ کا نظام بھی درست رہتا ہے اور آنتوں کی بیماریوں کے خطرات بھی کم ہوتے ہیں۔
آنکھوں کی بینائی میں بہتری
آج کل زیادہ تر افراد موبائل فون اور لیپ ٹاپ زیادہ استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے آنکھوں کی بینائی متاثر ہوتی ہے۔ جن لوگوں کو آنکھوں کی بینائی کے مسائل کا سامنا ہے ان کو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیوں کہ امرود میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو آنکھوں کی بینائی کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
حیض کے درد سے چھٹکارا
حیض کے دوران کئی خواتین کو درد کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسی خواتین جن کو حیض کے دوران درد کا سامنا ہو، ان کو امردو کے پتے استعمال کرنے چاہیئں۔ ایک تحقیق کے مطابق حیض کے درد کو کم کرنے کے لیے امرود کے پتے ادویات کی نسبت زیادہ مؤثر ثابت ہوئے۔ حیض کے درد سے چھٹکارا پانے کے لیے اس کے پتوں کا ایکسٹریکٹ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
وزن میں کمی
یہ پھل نہ صرف ہاضمہ کے نظام کو بہتر بناتا ہے بلکہ وزن کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس میں فائبر موجود ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بھوک کی شدت میں کمی آتی ہے اور انسان کھانا کم کھاتا ہے جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس پھل میں کیلوریز بھی کم مقدار میں پائی جاتی ہیں۔ اس لیے اگر آپ وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو امرود کو اپنی غذا کا حصہ لازمی بنائیں۔
دل کی صحت کے لیے مفید
امرود دل کی صحت کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس پھل کے پتوں میں پائے جانے والے وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس فری ریڈیکلز کی وجہ سے دل کی صحت کو پہنچنے والے نقصانات کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔ اس پھل میں پوٹاشیم بھی پائی جاتی ہے جو دل کی صحت بہتر بناتی ہے جب کہ پتوں کا ایکسٹریکٹ ہائی بلڈ پریشر کو گھٹاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ پھل جسم میں موجود نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم جب کہ فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح بڑھاتا ہے۔
بلڈ شوگر کے لیول میں کمی
یہ پھل باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے بلڈ شوگر کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس کے پتوں کے ایکسٹریکٹ سے بھی بلڈ شوگر لیول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، جب کہ انسولین کی مزاحمت کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اس کے پتوں کی چائے پینے سے بھی بلڈ شوگر کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ کھانے کے بعد اس کے پتوں کی چائے پینے سے دو گھنٹے تک بلڈ شوگر لیول نارمل رہتا ہے۔ چائے بنانے کے لیے کچھ پتوں کو ایک کپ پانی میں ابالیں، پانی کی رنگت تبدیل ہونے پر اسے چولھے سے اتار کر استعمال کر لیں۔
پٹھوں کے تناؤ میں کمی
امرود میں میگنیشیم بھی پایا جاتا ہے جو پٹھوں اور اعصاب کو سکون فراہم کراتا ہے۔ دن بھر کام کرنے کی وجہ سے اکثر پٹھوں اور اعصاب کے تناؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لیے اسے رات کو استعمال کرنے سے پٹھوں کو سکون ملتا ہے جب کہ جسمانی توانائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
قوتِ مدافعت میں بہتری
یہ پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ قوتِ مدافعت کو بہتر بنانے کے لیے بہت ضروری سمجھا جاتا ہے۔ وٹامن سی موسمی بخار کے دورانیے کو کم کرتا ہے اور بیکٹیریا کے خلاف لڑنے میں مدد دیتا ہے۔ ایک امرود میں اس سے زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے جتنا ہمارے جسم کو ہر روز چاہیئے ہوتا ہے۔
دانتوں کے درد میں مفید
اس پھل میں جراثیم کش خصوصیات پائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے یہ انفیکشن سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے۔ دانت کے درد یا انفیکشن سے نجات حاصل کرنے کے لیے یہ پھل بہترین آپشن ثابت ہو سکتا ہے۔
جِلد کی حفاظت
چوں کہ امرود وٹامن اے، سی، اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے اس لیے جِلد کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہر روز ایک امرود استعمال کرنے سے جِلد پر جھریاں نمودار نہیں ہوتیں۔امرود کے مزید طبی فوائد کے متعلق معلومات کسی ماہرِ غذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ گھر بیٹھے کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے کیوں کہ ہیلتھ وائر نے ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔