گاجر کوئی عام سبزی نہیں ہے بلکہ اس کے اندر بہت سی طبی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ اس سبزی کو زیادہ تر سلاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جب کہ کچھ علاقوں میں اسے پکایا بھی جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گاجر کا جوس بھی بنایا جاتا ہے جو کہ نہایت ذائقہ دار ہوتا ہے۔
آج کے دور میں گاجر کو تقریباً دنیا کے ہر ملک میں کاشت کیا جاتا ہے، لیکن ہزاروں سال پہلے اس کو صرف افغانستان میں کاشت کیا جاتا تھا۔ پہلے گاجر کا سائز نہایت چھوٹا ہوتا تھا اور اس کی رنگت بھی پیلی اور جامنی ہوتی تھی۔ اس کے علاوہ گاجر کا ذائقہ بھی نہایت کڑوا ہوتا تھا۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ اور سائنس میں جدت آنے سے نہ صرف گاجر دنیا بھر کے ممالک میں کاشت کی جانے لگی بلکہ اس کا ذائقہ بھی بتدریج بہتر ہوتا گیا۔
عام طور پر گاجر سردی کے موسم میں دستیاب ہوتی ہے، لیکن اس کے طبی فوائد کی وجہ سے اس محفوظ بھی کر لیا جاتا ہے تا کہ اسے سارا سال استعمال کیا جا سکے۔ کچھ ممالک میں گاجر کو سارا سال استعمال کرنے کے لیے اس کا اچار بھی ڈالا جاتا ہے جو کہ بہت لذیذ ہوتا ہے۔
گاجر کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے ہماری صحت پر نہایت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں کیوں کہ یہ بہت سے وٹامنز، منرلز، اور غذائی فائبر سے بھرپور ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ گاجر میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ جب کہ گاجر میں پروٹین اور فیٹ نہایت تھوڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
ایک عام اندازنے کے مطابق دو درمیانے سائز کی گاجروں میں اکیالیس کیلوریز، اٹھاسی فیصد پانی، اور پانچ گرام شوگر پائی جاتی ہے۔
Table of Contents
گاجر کے فوائد
گاجر کو اگر ہر روز استعمال کیا جائے تو بہت سارے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں، یہ فوائد مندرجہ ذیل ہو سکتے ہیں
چھاتی کے سرطان سے حفاظت
گاجروں میں کیرو ٹینائڈز نامی اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ جسم کو بہت سی بیماریوں سے بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اگر گاجروں سے کیرو ٹینائڈز باقاعدگی کے ساتھ حاصل کیا جاتا رہے تو چھاتی کے کینسر کے دوبارہ لوٹنے لے خطرات میں واضح کمی واقع ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق خون میں کیرو ٹینائڈز کی مقدار جتنی زیادہ ہو گی چھاتی کے کینسر کے خطرات میں اتنی ہی کمی ہو گی۔ اس کے علاوہ طبی تحقیقات کے مطابق بھی گاجر کا استعمال کینسر سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق کچھ خواتین کو تین ہفتوں تک ہر روز آٹھ اونس گاجر کا جوس پلایا گیا۔
تین ہفتوں بعد جب ان خواتین کے خون کا مطالعہ کیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ ان خواتین کے خون میں کیرو ٹینائڈز کی مقدار کافی زیادہ تھی، دوسری خواتین کے برعکس ان خواتین میں آکسی ڈیٹو دباؤ کی علامات بھی کم تھیں جو کہ کینسر کی وجہ بن سکتی تھیں۔
آنکھوں کی صحت میں بہتری
آپ نے یہ کہاوت ضرور سنی ہو گی کہ اندھیرے میں دیکھنے کے لیے دن میں گاجریں ضرور استعمال کرنی چاہیئں۔ لیکن کیا اس کہاوت کا حقیقت سے کوئی تعلق ہے؟ کیا گاجروں کے استعمال سے واقعی ہی آنکھوں کی صحت می بہتری آتی ہے؟
ان سوالات کے جوابات یقینناً ہاں میں ہیں۔ کیوں کہ گاجروں میں وٹامن اے کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ آنکھوں کی صحت کے لیے مفید تصور کیا جاتا ہے۔ اگر جسم میں وٹامن اے کی کمی واقع ہو جائے تو آنکھوں کی بینائی متاثر ہوتی ہے اور اگر جسم میں وٹامن اے کی سطح خطرناک حد تک کم ہو جائے تو بینائی بہت کم ہو جاتی ہے اور بعض اوقات رات کو اندھے پن کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ایور کیئر ہسپتال سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کے مطابق گاجر کا شمار ان سبزیوں میں کیا جاتا ہے جن میں بیٹا کیروٹین کی بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ بیٹا کیروٹین آنکھوں کو صحت مند رکھنے کے لیے جسم میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ آنکھوں کو تیز روشنی اور خاص طور پر سورج کی روشنی جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور انہیں سورج کی نقصان دہ شعاؤں سے بچاتا بھی ہے۔
ہائی بلڈ پریشر کا علاج
گاجر اور اس کے جوس کو ہائی بلڈ پریشر کا بھی بہترین علاج تصور کیا جاتا ہے کیوں کہ اس سبزی میں پوٹاشیم اور فائبر کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق گاجر کا استعمال دل کے مریضوں کے لیے بھی نہایت مفید ثابت ہوتا ہے کیوں کہ اس میں موجود پوٹاشیم دل کو خون پہنچانے والی رگوں کو سکون پہنچاتی ہے اور انہیں طبی مسائل نہیں لاحق ہونے دیتی۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق قدرتی چیزوں سے اگر زیادہ مقدار میں فائبر حاصل کیا جائے تو دل کی بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہییں اور خون میں موجود نقصان دہ کولیسٹرول میں بھی واضح کمی آتی ہے۔
قوتِ مدافعت میں بہتری
گاجر میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات پائی جاتی ہیں اور خاص طور پر یہ وٹامن سی نامی اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہوتی ہے۔ وٹامن سی نہ صرف انسانی جسم کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ ہماری قوت مدافعت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
قوت مدافعت میں اضافہ ہونے سے ہم بہت سی بیماریوں سے محفوظ ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ گاجر کے استعمال سے جِلد میں کولاجین کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا ہے جو کہ زخموں کو جلدی بھرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ
اس سبزی میں وٹامن کے اور کیلشیم بھی پائے جاتے ہیں جو کہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ گاجر میں فاسفورس بھی پائی جاتی ہے جو کہ ہڈیوں کی صحت میں بہتری لانے کے لیے مفید سمجھی جاتی ہے۔
گاجر کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی بھی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے، آسانی کے ساتھ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔