جامن گرمیوں میں پایا جانے والا ایسا پھل ہے جس کی قیمت بہت زیادہ نہیں ہوتی اور جو بے پناہ خصوصیات کا حامل ہے۔ یہ پھل زیادہ تر ایشیائی ممالک جیسا کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، اور نیپال میں پایا جاتا ہے کیوں کہ اس کا درخت سرد موسم میں نشوونما نہیں پاتا ۔ اس درخت کی عمومی عمر سو سال ہوتی ہے اور اس کے پتے گھنے سایہ دار ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ اسے خوبصورتی اور سایہ کے لیے بھی لگاتے ہیں۔ اس پھل میں بہت سے غذائی اجزا جیسا کہ کیلشیم، میگنیشیم، آئرن، سوڈیم، فاسفورس، وٹامن، تھیامین، نیاسن، کاربوہائیڈریٹ، کیروٹین، فایبر، فولک ایسڈ، فایبر، پروٹین، اور فیٹ پائے جاتے ہیں جو کہ شوگر جیسی بیماریوں کے لیے نہایت مفید ہیں۔ شوگر ایک دائمی بیماری ہے جس کی وجہ سے خون میں شوگر کا لیول بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جامن کے ذریعے اور بھی بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ کیوں کہ یہ پھل بہت سے طبی فوائد کا حامل ہے۔
Table of Contents
جامن کے طبی فوائد
یہ پھل ایسی خصوصیات کا حامل ہے جو انسانی جسم کو مختلف بیماریوں سے دور رکھتا ہے۔ جن میں معدے، آنتوں، بلڈ پریشر اور شوگر، اور نظامِ انہظام کی بیماریاں شامل ہیں۔ اس پھل کے صحت پر ایسے فوائد جانیئے جو آپ کو یہ پھل کھانے پر مجبور کر دیں گے۔
وزن میں کمی
یہ پھل فائبر سے مالا مال ہے جو کافی دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتا جس سے نہ صرف وزن بڑھتا نہیں بلکہ کنٹرول میں بھی رہتا ہے۔ ایسے افراد جو گرمیوں میں وزن کم یا برقرار رکھنا چاہتے ہیں ان کے لیے جامن سے بہتر آپشن کوئی نہیں ہو سکتا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کے سرکہ کا استعمال معدے کی اصلاح اور ہاضمے کو تقویت دینے کے لیے بھی مفید ہے۔
گرمی سے نجات
موسمِ گرما کے اس پھل کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے ۔ اسی لیے یہ کھانے کو آسانی کے ساتھ ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ شدید گرمی میں جسم کو ٹھنڈا رکھتا ہے کیوں کہ اس کے اندر خون کو صاف کرنے اور گرمی کو دور کرنے کی صلاحیت کی موجود ہے۔ خون صاف ہونے سے جسم پر نکلے ہوئے پھنسیاں اور پھوڑے آسانی کے ساتھ ختم ہو جاتے ہیں۔
ہیمو گلوبن میں اضافہ
چوں کہ یہ پھل وٹامن سی اور آئرن جیسے اجزا پر مشتمل ہے جو کہ ہیموگلوبن کی مقدار بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہیموگلوبن ایک ایسا مادہ ہے جو خون میں آکسیجن ملاتا ہے جس سے خون کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے۔ پھر ہیموگلوبن اس خون کو جسم کے تمام حصوں تک پہنچانے میں مدد کرتا ہے، جس سے جِلد چمک دار اور چہرہ صاف ہو جاتے ہیں۔
دل کی بیماریوں میں مفید
جامن دل کی بیماریوں سے بچاؤ میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے کیوں کہ اس میں پوٹاشیم وافر مقدار میں موجود ہے۔ عام طور پر ایک سو گرام جامن میں پچپن ملی گرام پوٹاشیم موجود ہوتی ہے جو کہ دل کی بیماریوں، دماغ کی اچانک نس پھٹ جانے، اور ہائی بلڈ پریشر سے بچاتی ہے۔ اس پھل کا باقاعدہ استعمال خون کی شریانوں کو سخت ہونے سے بھی روکتا ہے۔
ذیابیطس کے لیے فائدہ مند
ذیابیطس کے مریضوں کے خون میں چوں کہ شوگر کا لیول زیادہ ہوتا ہے اس لیے ایسے مریضوں کے لیے باقاعدگی سے جامن کا استعمال نہایت ضروری ہے۔ یہ پھل خون میں شوگر لیول کو بڑھنے سے روکتا ہے اس لیے اس کو روزانہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کے پتے بھی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نہایت مفید ہیں۔
دانتوں کی مضبوطی
یہ پھل چوں کہ وٹامن سی اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کا حامل ہے اس لیے دانتوں کی مضبوطی کے لیے بے حد مفید ہے۔ اس کا رس دانتوں پر لگانے یا پینے سے دانتوں کے تمام مسائل سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ جامن کے درخت کی چھال جلا کر حاصل کیا جانے والا سفوف اگر بطور منجن استعمال کیا جائے تو دانتوں کی صفائی میں بہت مدد ملتی ہے۔
مثانے کی صفائی
جو لوگ مثانے اور گردوں کی پتھریوں کا شکار ہیں وہ اگر روزانہ یہ پھل استعمال کریں تو پتھریاں ریزہ ریزہ ہو کر پیشاب کے راستے خارج ہو سکتی ہیں۔ ویسے بھی یہ پھل پیشاب آور ہے اور مثانے کو صاف رکھنا اس کی خصوصیات میں شامل ہے۔
داغ دھبے اور آئلی اسکن
اس پھل کی گھٹلیاں جِلد کے مختلف مسائل سے بچاؤ یا چھٹکارا پانے کے لیے نہایت مفید ہیں۔ اگر آپ کی جِلد پر داغ دھبے ہیں تو اس کی گھٹلی کا پاؤڈر، عرقِ گلاب، لیموں کا رس، بادام کا تیل، اور بیسن کو ملا کر سفوف بنا لیں۔ اس سفوف کو متاثرہ جگہ پر لگائیں اور جب یہ خشک ہو جائے تو دھو لیں۔ اس کے ساتھ اگر آپ کی اسکن آئلی ہے تو جامن کا پلپ، آملہ کا رس، عرقِ گلاب اور جو کا آٹا ملا کر فیس ماسک کے طور پر استعمال کریں اور جب سوکھ جائے تو دھو لیں۔
جامن کے پتے اور اسہال
اگر آپ کو اسہال کی مختلف علامات کا سامنا ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اسہال کی کوئی بھی صورت ظاہر ہونے کی صورت میں جامن کے درخت کے اڑھائی پتے، جو زیادہ نرم ہوں اور نہ زیادہ سخت، پیس کر تھوڑا سا نمک ملانے کے بعد گولیاں بنا لیں۔ ایک گولی صبح شام استعمال کرنے سے کسی بھی قسم کے اسہال رک جائیں گے۔
آنکھوں اور گلے کے مسائل
اگر آپ کی آنکھوں سے پانی آ رہا ہو یا موتیا آنے کے بہت زیادہ خطرات ہوں تو اس کی گھٹلیاں سکھا کر باریک پیس لیں اور صبح شام تین تین ماشہ سادہ پانی کے ساتھ لیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بیٹھے ہوئے گلے اور آواز کے لیے خشک گھٹلیوں سے بنی ہوئی چھوٹی چھوٹی گولیوں پر شہد لگا کر چوس لیں۔
معدہ، آنتوں، اور جگر کے لیے مفید
یہ پھل ایسے اجزا پر مشتمل ہے جو کہ معدہ اور آنتوں کی جلن، کمزوری، اور خراش دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جامن بڑھی ہوئی تلی کو کم کر کے جگر کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
مدافعتی نظام میں بہتری
عام طور پر ہم اس وقت بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں جب ہمارا مدافعتی نظام کمزور ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اس پھل کے اندر مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ مدافعتی نظام مضبوط ہونے سے ہمارا جسم بہت سی بیماریوں سے بچ جاتا ہے۔ان تمام بیماریوں کے خلاف جامن نہایت مؤثر اثرات ظاہر کرتا ہے۔ تاہم کچھ اور بیماریوں اور مسائل کے خلاف بھی یہ پھل فائدہ مند اثرات دکھا سکتا ہے لیکن ان بیماریوں اور مسائل کے دوران جامن کا استعمال ایک غذائی ماہر تجویز کرے گا۔ اب غذائی ماہر سے رابطہ ہیلتھ وائر نے بہت آسان بنا دیا ہے۔ آپ کسی بھی وقت ہیلتھ وائر کے ذریعے ایک غذائی ماہر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔