لیمن گراس ایک جڑی بوٹی ہے جسے طبی ماہرین کی جانب سے زیادہ تر دوا کے طور پر تجویز کیا جاتا ہے۔ اس جڑی بوٹی میں لیموں کی خوشبو پائی جاتی ہے۔ لیمن گراس بہت سے موسموں میں اگایا جاتا ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں یہ قدرتی طور پر بھی اگتا ہے۔ یہ جڑی بوٹی دنیا کے زیادہ تر ممالک میں پائی جاتی ہے، لیکن اس کو زیادہ تر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں کاشت کیا جاتا ہے۔
اس کے استعمال سے صحت پر بہت سے مثبت اثرات ظاہر ہوتے ہیں، کیوں کہ لیمن گراس میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ ان غذائی اجزاء میں پروٹین، فیٹ، کاربو ہائڈریٹس، کیلشیم، آئرن، میگنیشیم، فاسفورس، پوٹاشیم، سوڈیم، زنک، کاپر، میگنیز، سیلینیم، اور وٹامن اے پائے جاتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ لیمن گراس میں بیٹا کیروٹین، وٹامن سی، رائبو فلاوین، نیاسین، فولیٹ، اور فیٹی ایسڈز بھی پائے جاتے ہیں۔ لیمن گراس میں پائے جانے والے ان غذائی اجزاء کی وجہ سے اس کو روزرمرہ کی غذا میں شامل کرنا بہت ضروری ہے۔
لیمن گراس کا عمومی طور پر قہوہ بنایا جاتا ہے، لیکن اسے کشمیری چائے، مرغی، مچھلیوں، اور سبزیوں سے بنے ہوئے سوپ میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
Table of Contents
لیمن گراس کے فوائد
لیمن گراس کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
موٹاپے سے نجات
لیمن گراس میں دیسی گھی کی طرح وزن کم کرنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ موٹاپے کی وجہ سے کئی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے سے سے چھٹکارا پانا بہت ضروری ہوتا ہے۔ موٹاپے سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ لیمن گراس کو اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔
کچھ لوگ وزن میں کمی لانے کے لیے سافٹ ڈرنکس بھی استعمال کرتے ہیں جو کہ مؤثر ثابت نہیں ہوتیں۔ اس کے برعکس اگر وزن میں کمی کے لیے لیمن گراس استعمال کیا جائے تو یہ جسم میں ڈی ٹاکس کا کام کرتا ہے، جب کہ اس کے استعمال سے بے وقت لگنے والی بھوک میں بھی کمی آتی ہے، جس کی وجہ سے آپ دن بھر کم کیلوریز استعمال کرتے ہیں۔
کھانسی اور نزلہ و زکام میں مفید
موسم میں تبدیلی یا ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے سانس لینے میں مشکلات کے ساتھ ساتھ کھانسی اور نزلہ و زکام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان تمام مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے لیمن گراس مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
قوتِ مدافعت میں اضافہ
لیمن گراس کا شمار ان جڑی بوٹیوں میں کیا جاتا ہے جو قوتِ مدافعت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہماری قوتِ مدافعت کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہوتا ہے، کیوں کہ اگر قوتِ مدافعت مضبوط نہ ہو تو بہت سی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو جسمانی تناؤ کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
کینسر کے خطرات میں کمی
کچھ طبی تحقیقات کے مطابق لیمن گراس میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو کینسر کے خلیات کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لیمن گراس میں پائے جانے والے یہ اجزاء کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکتے ہوئے کولن کینسر کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
اس جڑی بوٹی میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں جو کہ اچھی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں۔ اگر جسم کو مطلوبہ مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس حاصل نہ ہوں تو فری ریڈیکلز کی وجہ سے جسم کو پہنچنے والے نقصانات میں اضافہ ہوتا ہے۔ فری ریڈیکلز کی وجہ سے شریانوں کے خلیات کو خرابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیمن گراس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس فری ریڈیکلز سے پہنچنے والے خطرات کو کم کرتے ہیں۔
ذہنی تناؤ میں کمی
لیمن گراس کا قہوہ دماغی صحت کے لیے بھی بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس قہوے کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے جسم اور دماغ کو سکون بخش احساس پہنچتا ہے جس کی وجہ سے ذہنی تناؤ میں کمی آتی ہے۔
ہاضمہ کے نظام میں بہتری
پیٹ کے مختلف مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ لیمن گراس کو اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔ لیمن گراس میں بھی ادرک کی طرح گیس سے چھٹکارا حاصل کرنے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ اس جڑی بوٹی کے استعمال سے پیٹ کے درد کی شدت بھی کم ہوتی ہے، جب کہ بد ہضمی کا بھی مزید سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
کولیسٹرول کی متوازن مقدار
یہ جڑی بوٹی جسم میں کولیسٹرول کی مقدار متوازن رکھنے کے لیے بھی مفید سمجھی جاتی ہے۔ اس لیے اگر ہم اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کریں تو اس سے ہمارے جسم میں موجود نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔
اینٹی مائیکروبیل خصوصیات کا حامل
لیمن گراس میں اینٹی مائیکروبیل خصوصیات پائی جاتی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ یہ جراثیموں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان خصوصیات کی وجہ سے اسے منہ کے انفیکشن کی علامات میں کمی لانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کچھ طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لیمن گراس میں دانتوں کے بیکٹیریا کو ختم کرنے کی بھی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ یہ جڑی بوٹی ان بیکٹیریا سے لڑ کر دانتوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرتی ہے۔
ہائی بلڈ پریشر میں کمی
ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے متعدد جان لیوا بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے ہمارے لیے یہ بہت ضروری ہوتا ہے کہ جسم میں خون کی روانی معتدل رہے۔ خون کی روانی کو معتدل رکھنے کے لیے لیمن گراس مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے آپ کو اسے باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا چاہیئے۔
بالوں اور جِلد کے لیے مفید
لیمن گراس میں وٹامن اے اور سی بھی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو بالوں اور جِلد کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔ ان وٹامنز کی وجہ سے بالوں اور جِلد کی چمک برقرار رہتی ہے اور چہرے پر چھائیاں نمودار نہیں ہوتیں۔
لیمن گراس کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کر سکتے ہیں، اب کسی بھی ماہرِ غذائیت سے آسانی کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر جا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔