Home Nutrition & Diet وٹامن ای کے 5 فوائد جن سے آپ واقف نہیں ہوں گے-انہیں جان کر اس کا استعمال یقینی بنائیں

وٹامن ای کے 5 فوائد جن سے آپ واقف نہیں ہوں گے-انہیں جان کر اس کا استعمال یقینی بنائیں

Vitamin E Kay Fawaid
Spread the love

اگر آپ کی صحت بری طرح متاثر ہے تو اس بات کے امکانات ہیں کہ آپ متوازن مقدار میں وٹامنز اور منرلز استعمال نہیں کر رہے۔ صحت کو برقرار رکھنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے مختلف وٹامنز اور منرلز کا استعمال نہایت ضروری ہوتا ہے۔ اگر ان وٹامنز اور منرلز کو حاصل نہ کیا جائے تو نہ صرف صحت برقرار نہیں رہتی بلکہ آپ کو مختلف طبی علامات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ ان طبی علامات میں تھکاوٹ کو سب سے عام علامت سمجھا جاتا ہے۔ ان طبی علامات سے بچنے اور چھٹکارا پانے کا سب سے بہترین ذریعہ یہ ہے کہ وٹامن سی اور ای جیسے وٹامنز کے باقاعدہ استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ وٹامن ای کے استعمال سے صحت میں تو بہتری آنے کے ساتھ ساتھ جِلد کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ وٹامن ای ایک اکیلا کمپاؤنڈ ہے، جب کہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ وٹامن ای حل ہونے والے آٹھ کمپاؤنڈز کا مجموعہ ہے۔ یہ کمپاؤنڈز بہت طاقت ور اینٹی آکسیڈنٹ اثرات کے حامل ہوتے ہیں۔ انہی اثرات کی وجہ سے وٹامن ای کا استعمال نہایت ضروری ہو جاتا ہے۔ کیوں کہ اس کے استعمال سے جسم کے خلیات کو آکسی ڈیٹو دباؤ نقصان نہیں پہنچاتا جس سے صحت برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

وٹامن ای قدرتی طور پر بہت سی غذاؤں میں موجود ہوتا ہے۔ ان غذاؤں میں بیج، خشک میوے، سبزیاں، اور پھل شامل ہیں۔ اس وٹامن کو حاصل کرنے کے لیے زیادہ تر انہی غذاؤن کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اگر ان چیزوں سے یہ حاصل نہ ہو تو وٹامن ای کے کیپسول بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

وٹامن ای کے فوائد

اگر آپ وٹامن ای سے بھرپور غذائیں باقاعدگی کے ساتھ استعمال کریں یا کہ وٹامن ای سے بنے ہوئے ای ویان جیسے کیپسول استعمال کریں تو مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں

آکسی ڈیٹو دباؤ سے نجات

جب جسم میں اینٹی آکسیڈنٹس کی کمی واقع ہو جاتی ہے تو آکسی ڈیٹو دباؤ کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ آکسی ڈیٹو دباؤ میں اضافے کی وجہ سے خلیات کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس سے کئی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔

وٹامن ای میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائی جاتی ہیں، اور کچھ طبی تحقیقات کے مطابق وٹامن ای کے استعمال سے آکسیڈیٹو دباؤ میں کمی آتی ہے اور اینٹی آکسیڈنٹ ڈیفنس میں بہتری آتی ہے۔ 2021ء میں کی گئی ایک طبی تحقیق کے مطابق وٹامن ای اور وٹامن سی کو آٹھ ہفتوں تک باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے آکسی ڈیٹو دباؤ میں کمی آئی۔

جِلد کی خشکی کے لیے مفید

ای ویان کیپسول کو جِلد کی خشکی اور مجموعی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے۔ ای ویان کیپسول میں صرف وٹامن ای پایا جاتا ہے۔ اس کیپسول کے استعمال سے جِلد کی نمی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

جِلد کی خشکی کو ختم کرنے کے لیے ای ویان کیپسول کو دو طرح سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کو کھایا بھی جا سکتا ہے، جب کہ اس کا لیکوَڈ نکال کر جِلد پر بھی لگایا جا سکتا ہے۔ عام پر ای ویان کے لیکوَڈ کو لوشن یا کریم میں شامل کر کے جِلد پر لگایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ کچھ لوگ جِلد کے دیگر مسائل جیسا کہ ایکنی اور جھریوں کا بھی شکار ہوتے ہیں۔ اگر آپ بھی جِلد کے ان مسائل کا شکار ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ کیوں کہ ای ویان کیپسول کو ایکنی کا بھی علاج سمجھا جاتا ہے۔ جِلد کے داغ دھبوں، جھریوں، اور ایکنی سے نجات حاصل کرنے کے لیے اس کیپسول کے لیکوَڈ کی مدد سے جِلد پر رات کو سونے سے پہلے مساج کیا جا سکتا ہے۔

کچھ دنوں تک جِلد پر اس لیکوَڈ کی مدد سے مساج کرنے سے جِلد کے یہ مسائل ختم ہونا شروع ہو جائیں گے۔

آںکھوں کی بیماریوں سے بچاؤ

نظر کی دھندلاہٹ موتیا آنکھوں کے سب سے عام مسائل ہیں جو کہ عمر میں اضافے کے ساتھ بہت سے افراد کو لاحق ہوتے ہیں۔ جیسا کہ اوپر بیان ہوا کہ وٹامن ای میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائی جاتی ہیں، اس لیے یہ وٹامن آنکھوں کی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتا ہے کیوں کہ آنکھوں کی یہ بیماریاں آکسڈیٹو دباؤ کی وجہ سے لاحق ہوتی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ وٹامن ای کے استعمال سے آنکھوں کے پردے (ریٹنا) کو بھی نقصان نہیں پہنچتا اور اگر آپ کی آنکھیں مختلف طبی مسائل کا شکار ہیں تو یہ وٹامن ان مسائل کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس لیے وٹامن ای سے فوائد حاصل کر کے آنکھوں کی صحت کو نہ صرف بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ آنکھوں کے مختلف طبی مسائل سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

ناخنوں کی حفاظت

خواتین کو زیادہ تر ناخنوں کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیوں کہ برتن دھونے اور گھریلو کام کاج کی وجہ سے ناخن متاثر ہوتے ہیں۔ اگر ناخنوں کی مناسب حفاظت نہ کی جائے تو ان پر شدید منفی اثرات ظاہر ہو سکتے ہیں۔ جنرل ہسپتال لاہور سے تعلق رکھنے والے ڈرماٹالوجسٹ کا کہنا ہے کہ وٹامن ای کے استعمال سے ناخنوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

وٹامن ای کے استعمال سے ناخنوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ وٹامن ای ناخنوں کی بیماریوں کے خلاف بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ وٹامن ای کے کیپسول کا لیکوَڈ بھی ناخنوں پر لگایا جا سکتا ہے۔

پھیپھڑوں کی صحت میں بہتری

وٹامن ای کے استعمال سے پھیپھڑوں کی صحت میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق وٹامن ای کے استعمال سے دمہ کی علامات میں بہتری آتی ہے۔ اس کے علاوہ وٹامن ای کا کیپسول بھی پھیپھڑوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

وٹامن ای اور اس کے کیپسول کے دیگر فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ آسانی کے ساتھ کسی بھی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment