انگور کو خشک کر کے کشمش حاصل کی جاتی ہے۔ عام طور پر اس کو خشک میوے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن مختلف کھانوں کو مزے دار بنانے کے لیے بھی اس کو استعمال کیا جاسکتاہے۔ اس میوے کا شمار ان چیزوں میں کیا جاتا ہے جو ہماری صحت کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس میوے کی رنگت سیاہ، سبز، یا گولڈن ہو سکتی ہے۔ کشمش میں بہت سے غذائی اجزاء شامل ہیں جو اس کی افادیت کو بڑھاتے ہیں۔ ان غذائی اجزاء میں آئرن، پوٹاشیم، کاپر، مگینیز، وٹامن بی6، اور فائبر شامل ہیں۔ جب کہ یہ خشک میوہ اینٹی آکسیڈنٹس اور الیکٹرولائٹس سے بھی بھرپور ہوتا ہے اور دوسرے خشک میوہ جات کے مقابلے میں اس میں اینٹی آکسی ڈنٹس کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے۔ البتہ اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال مفید ہونے کے بجائے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے اس بات کو مدِنظر رکھنا چاہیئے کہ اس کو مناسب مقدار میں استعمال کیا جائے۔
Table of Contents
کشمش کو کیسے استعمال کرنا چاہیئے؟
طبی ماہرین کے مطابق رات کو کشمش بھگونے اور صبح اٹھ کر نہار منہ استعمال کرنے سے زیادہ فائدے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ رات کو کشمش کے پندرہ سے بیس دانے لے کر ایک گلاس پانی میں بھگو دیں۔ صبح اٹھ کر کشمش کھا لیں اور پانی استعمال کر لیں۔ کچھ ماہرین کے مطابق صبح کشمش کھانے اور اس کا پانی استعمال کرنے سے جسم کو ضروری منرلز اور وٹامنز ملتے ہیں جس سے سارا دن جسم توانا اور چوکس رہتا ہے۔اس طرح سے کشمش کو استعمال کر کے مختلف طبی فوائد حاصل کیے جاتے ہیں جن کی مدد سے مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
کشمش کے طبی فوائد
کشمش کے جسم اور مجموعی طور پر صحت پر مندرجہ ذیل مثبت اثرات ظاہر ہو سکتے ہیں۔
خون کی کمی دور کرے
کشمش آئرن سے بھرپور ہوتی ہے جسے خون کی کمی دور کرنے کے لیے بہت اہم سمجھا جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ پلیٹ لیٹس کی تعداد بھی بڑھاتی ہے۔ خون کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اس کو آسانی کے ساتھ دلیہ، دہی، یا کسی بھی چیز میں شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
وزن میں کمی
کشمش چوں کہ قدرتی شکر سے بھرپور ہوتی ہے اس لیے یہ جسم کی چینی کی مطلوبہ طلب کو کم کرتی ہے۔ یہ طلب کم ہونے سے بلڈ شوگر بھی کنٹرول میں رہتی ہے اور بھوک بھی کم لگتی ہے جس سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے۔ تاہم جلدی سے وزن کم کرنے کے لیے کشمش کو زیادہ مقدار میں استعمال کرنا مفید نہیں ہے۔
ہائی بلڈ پریشر میں کمی
یہ خشک میوہ پوٹاشیم سے مالا مال ہے جو جسم میں موجود نمکیات کی مقدار کو متوازن کرتا ہے۔ جسم میں موجود نمکیات کی مقدار متوازن ہونے سے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پانی میں بھگونے کے بعد اسے استعمال کرنے سے جسم میں جذب ہونے والے غذائی اجزاء کی مقدار بڑھتی ہے جو ہائی بلڈ پریشر کے شکار مریضوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔
مردانہ طاقت میں اضافہ
مرادنہ کمزوری کو ختم کرنے کے لیے کشمش کا استعمال نہایت مفید سمجھا جاتا ہے۔ یہ خشک میوہ مردانہ طاقت میں اضافے کے ساتھ ساتھ سرعت انزال جیسے مسائل کو ختم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کشمش خواتین کے جنسی مسائل کو ختم کرنے کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ جنسی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ یہ میوہ شادی شدہ زندگی کو پر سکون بنانے کے لیے بہت اہم تصور کیا جاتا ہے۔
ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی
عام اندازے کے مطابق 100 گرام کشمش میں50 گرام تک کیلشیم پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں دوسرے منرلز کی موجودگی کی وجہ سے ہڈیوں اور دانتوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اس کو نہایت مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس میوے کو نہار منہ استعمال کرنے سے ہڈیوں کی مضبوطی اور دانتوں کی چمک میں اضافہ ہوتا ہے۔ بعض اوقات کیلشیم کی کمی کی وجہ سے دانتوں اور مسوڑھوں کے مسائل بھی لاحق ہو جاتے ہیں۔ جسم کو مطلوبہ مقدار میں کیلشیم فراہم کرنے کی وجہ سے یہ میوہ دانتوں اور مسوڑھوں کے مسائل بھی ختم کرتا ہے۔
ہاضمہ کے نظام میں بہتری
کشمش فائبر سے مالا مال ہوتی ہے اور روزانہ اس کو بھگو کر استعمال کرنے سے قبض سے نجات ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہاضمہ کے دیگر مسائل میں بھی کمی آتی ہے۔
چھائیوں سے جِلد کی حفاظت
یہ میوہ انسانی جِلد کو بڑھتی عمر اور بڑھاپے کے اثرات سے بچاتا ہے۔ اس میں پایا جانے والا ایک قدرتی جز کولاجن جِلد کو ڈھیلا پڑنے سے روکتا ہے اور لچک دار بناتا ہے جس سے بڑھاپے کے اثرات جِلد پر ظاہر نہیں ہوتے اور جلد ڈھیلی ہو کر لٹکتی نہیں۔
سخت دھوپ کے نقصان سے بچاؤ میں مددگار
اس میوے میں ایسا کیمیائی نباتاتی مواد پایا جاتا ہے جو انسانی جِلد کو تیز دھوپ کے نقصانات سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں امائنو ایسڈ کی زیادہ مقدار جِلد کو پہنچنے والے نقصان کو کم کر کے جِلد کی صحت کو بحال کرتی ہے۔
سانس کی بو ختم کرے
کشمش میں وافر مقدار میں جراثیم کش خصوصیات پائی جاتی ہیں جس سے سانس کی بد بو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے اور ہر وقت تازہ اور خوش گوار سانس کا احساس رہتا ہے۔
سفید بالوں پر کنٹرول
سونے سے پہلے کشمش کا پابندی سے وقت سے پہلے نمودار ہونے والے سفید بالوں کی روک تھام میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ یہ میوہ فولاد اور وٹامن سی سے بھرپور ہونے کی وجہ سے خوب صورت اور چمک دار بالوں کے حصول کے لیے بہت مددگار ہے۔کشمش کو روزانہ استعمال کرنے سے صحت پر نہایت اچھے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔ اس کے صحت پر ظاہر ہونے والے مزید مثبت اثرات کے بارے میں کسی غذا کے ماہر سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی غذا کے ماہر سے مشورہ حاصل کرنے کے لیے آپ آسانی کے ساتھ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں۔