زعفران بے شمار فوائد کی حامل ایسی پر اثر اور غیر معمولی بوٹی ہے جسے سینکڑوں سالوں سے مختلف طبی فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ بوٹی گرم اور خشک مزاج کی حامل ہوتی ہے اور اس کے پودے کی مشابہت پیاز سے ملتی جلتی ہے۔ زعفران کو کیسر اور سیفران بھی کہا جاتا ہے۔
یہ بہت زیادہ طبی فوائد کی حامل ہے کیوں کہ زعفران میں وٹامن اے، سی، میگنیشیم، پوٹاشیم، سیلینیئم، زنک، اور فاسفورس پائے جاتے ہیں۔ اس بوٹی کا رنگ سرخی مائل ہوتا ہے اور اس کا ذائقہ تھوڑا سا تلخ ہوتا ہے، لیکن اس میں بہت زیادہ خوشبو ہوتی ہے۔
اس کا استعمال نہ صرف کھانوں کو خوشبودار اور لذیذ بناتا ہے بلکہ اس کو کپڑے رنگنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کو کروکس سیٹیوس نامی پھول سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اسے اس پھول سے دھاگوں کی شکل میں اکٹھا کیا جاتا ہے اور اس کو اکٹھا کرنا کافی دشوار ہوتا ہے۔
اس کی کاشت کرنے والے بہت احتیاط کے ساتھ اسے پھولوں سے چنتے ہیں اور پھر انہیں گرم کر کے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔ زعفران کی کاشت ہر جگہ ممکن نہیں ہوتی جو اسے دنیا کا مہنگا ترین مسالا بناتی ہے۔
Table of Contents
زعفران کا طریقہ استعمال
زعفران کو ہر روز تیس ملی گرام سے لے کر دو سو پچاس ملی گرام تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بعض اوقات اس کی زیادہ مقدار استعمال کرنے سے کچھ نقصانات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے بہتر یہی ہوتا ہے کہ اسے ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق استعمال کیا جائے۔ اسے استعمال کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے کھانوں میں شامل کر کے ان کو مزید ذائقے دار بنا لیا جائے۔ تاہم اس کو اور بھی بہت سے طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ زعفران کو دودھ میں شامل کر کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک گلاس یا کپ گرم دودھ میں چٹکی بھر زعفران شامل کر کے مکس کرنے کے بعد پی لیں۔ زعفران ملے دودھ کو باقاعدگی سے استعمال کرنے سے صحت پر بہت سے مثبت طبی فوائد ظاہر ہوں گے۔
زعفران کھانے کے طبی فوائد
زعفران باقاعدگی کے ساتھ کھانے سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
زعفران میں کروسن، پائیکروکروسن، اور سیفرانال جیسے فعال اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جب کہ اس میں کروسٹین اور کیمپفیرول نامی مرکبات بھی موجود ہوتے ہیں جو آکسیڈیٹو تناؤ اور فری ریڈیکلز کے خلاف لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ آکسیڈیٹو تناؤ اور فری ریڈیکلز دل کی بیماریوں سمیت کینسر کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے یہ اینٹی آکسیڈنٹس ان بیماریوں سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزن میں کمی
کچھ طبی تحقیقات کے مطابق زعفران وزن میں کمی اور بھوک کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے پیٹ کے اردگرد جمع ضدی چربی میں پگھلنا شروع ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جو لوگ زعفران کے سپلیمنٹس استعمال کرتے ہیں، ان کو بھوک کم لگتی ہے اور کھانا کم کھانے کے باعث ان کے وزن بڑھنے کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
بے خوابی سے نجات
صحت کو برقرار رکھنے کے لیے نیند کا پورا ہونا بہت ضروری ہے، نیند اگر پوری مقدار میں نہ لی جائے تو صحت کے دیگر مسائل لاحق ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ رات کو سونے سے قبل زعفران استعمال کرنے سے نیند جلد آتی ہے جو پر سکون ہوتی ہے، کیوں کہ اس میں میگنیز بھی پایا جاتا ہے جو نیند کو جلد لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
نظر میں بہتری
غذائی ماہرین کے مطابق زعفران کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے بڑھاپے میں لاحق ہونے والی آنکھوں کی بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں اور بینائی کمزور یا ختم ہو جانے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ اس بوٹی میں وہ تمام اجزاء پائے جاتے ہیں جو بینائی کو بہتر بنانے والے خلیوں کو طاقت فراہم کرتے ہیں۔
موڈ میں بہتری
زعفران موڈ کو بہتر بنانے اور افسردگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ زعفران کا ایکسٹریکٹ دماغ کے سیروٹونن جیسے ہارمونز کی مقدار تبدیل کرتا ہے اور خوشی فراہم کرنے والے ہارمون ڈوپامائن کی سطح میں اضافے کا بھی سبب بنتا ہے۔ ہر روز باقاعدگی سے تیس ملی گرام زعفران استعمال کرنے سے ڈپریشن کی علامات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
دل کی بیماریوں سے حفاظت
یہ بوٹی خون کی گردش کو بہتر بناتی ہے اور خون کی شریانوں کو سخت ہونے سے روکتی ہے۔ زعفران میں پائے جانے والے اجزاء کولیسٹرول کی سطح بھی کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس کی وجہ سے دل کی بیماریوں کے خطرات میں بھی کمی آتی ہے۔ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے چٹکی بھی زعفران کو ایک گلاس دودھ میں شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
موسمی بیماریوں سے بچاؤ
سردیوں میں کثرت سے لاحق ہونے والے نزلہ و زکام کے خطرات کو کم کرنے میں بھی یہ بوٹی اہم کردار ادا کرتی ہے، لیکن یہ بات یاد رہے کہ اس کے باقاعدہ استعمال سے ہی موسمی بیماریوں کے خطرات کم ہوتے ہیں۔ کچھ طبی ماہرین کے مطابق زعفران ملے دودھ کو اگر بخار کی حالت میں پیشانی پر مَلا جائے تو بخار کی شدت میں کمی آتی ہے۔
جگر کی حفاظت
زعفران میں پائے جانے والے بائیو مالیکیول اور کروسین جگر کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہت مفید ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کو روزانہ کھانے سے کینسر جیسے خطرناک امراض کے خطرات میں بھی کمی آتی ہے۔
اعصابی نظام کی مضبوطی
اس بوٹی میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس اعصابی نظام کو متاثر کرنے والے ریڈیکلز سے بچانے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ زعفران میں پایاجانے والے کروسین نامی مرکب دماغ کی سوزش کو کم کرتا ہے ، جس کی وجہ سے اعصابی مسائل کے خطرات میں کمی آتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بوٹی الزائمر جیسی بیماریوں سے بچاؤ میں بھی نہایت مفید ہے۔زعفران کے مزید طبی فوائد کے متعلق معلومات کسی ماہرِغذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے گھر بیٹھے آسانی کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔