Home Nutrition & Diet آڑو کے 7 طبی فوائد

آڑو کے 7 طبی فوائد

Aaro Kay Fawaid
Spread the love

آڑو گرمی کے موسم کا سب سے مفید پھل ہے، گرمیوں کے دوران اگر اس پھل کو باقاعدگی کے ساتھ متوازن مقدار میں استعمال کیا جائے تو بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں، کیوں کہ آڑو کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے جو نہ صرف جسم میں گرمی کی شدت کو کم کرتی ہے بلکہ ڈی ہائڈریشن سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں تیز لُو کے چلنے کی وجہ سے کچھ لوگوں کو بھوک نہیں لگتی اور وہ پانی کی کمی کا شکار بھی ہونے لگتے ہیں، اسیے افراد کے لیے آڑو ایک بہترین غذا ہے جو جسم کو مطلوبہ مقدار میں کیلوریز فراہم کرتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ایک سو پچاس گرام آڑو میں اٹھاون کیلویرز، ایک گرام پروٹین، ایک گرام سے کم فیٹ، چودہ گرام کاربو ہائڈریٹس، دو گرام فائبر، وٹامن اے، وٹامن سی، نیاسین، وٹامن ای، وٹامن کے، کاپر، اور مگینیز پائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ آڑو میں کچھ مقدار میں میگنیشیم، فاسفورس، وٹامن بی، اور آئرن بھی پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آڑو میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں، ایک طبی تحقیق کے مطابق یہ اینٹی آکسیڈنٹس صرف تیس منٹ میں جسم کو فائدہ پہنچانا شروع کر دیتے ہیں۔

آڑو کے فوائد

آڑو کو اگر موسم گرما میں باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

دل کی صحت کے لیے مفید

جسم میں اگر نقصان دہ  کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جائے اور فائدہ مند کولیسٹرول کی مقدار کم ہو جائے تو دل کے مختلف مسائل لاحق ہو سکتے ہیں۔ جب کہ کیلے جیسے مفید پھل کی طرح آڑو میں پائے جانے والے فائبر کی وجہ سے نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار کم ہوتی ہے اور مفید کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے دل بہتر طریقے سے کام کرتا ہے اور انسان کو دل کی مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔ طبی ماہرین کا یہ کہنا ہے کہ دل کی صحت میں بہتری لانے اور اس کو برقرار رکھنے کے لیے ہر روز تین سے چار آڑو کھانے چاہیئں۔

جسم سے زہریلے مادوں کا خاتمہ

انسانی جسم کو ہر روز بہت سے ٹاکسنز یا زہریلے مادوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو گردوں پر دباؤ میں اضافے کا سبب بنتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ٹھیک طریقے سے کام کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ آڑو میں پائی جانے والی پوٹاشیم میں گردوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ 

اس کے علاوہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آڑو میں پائے جانے والے غذائی اجزاء کی وجہ سے دردناک السر کے خطرات میں کمی آتی ہے۔ اس لیے اگر آپ السر سے بچنا چاہتے ہیں اور گردوں کی کارکردگی میں بہتری لانا چاہتے ہیں تو آڑو کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا شروع کر دیں۔

موٹاپے سے نجات

آڑو کو غذائیت سے بھرپور پھل کہا جاتا ہے کیوں کہ اس میں کیلوریز کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے جب کہ فیٹ (چربی) بھی ایک گرام سے کم پائی جاتی ہے، اس لیے آڑو موٹاپے سے نجات حاصل کرنے یا وزن میں کمی لانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

موٹاپے کے خلاف بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے اس پھل کو سلاد میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ آڑو کے استعمال سے نہ صرف آپ کو جسمانی کمزوری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ جسم میں موجود اضافی چربی بھی پگھلنا شروع ہو جائے گی۔

خون بنانے میں مددگار

آڑو کو خون میں اضافہ کرنے کے لیے قدرتی دوا سمجھا جاتا ہے کیوں کہ اس میں آئرن پایا جاتا ہے جو خون کی سطح بڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ آڑو جسم میں خون کی مقدار بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسے مضرِ صحت مواد سے لڑنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ آڑو میں بیٹا کروٹین بھی پایا جاتا ہے جو جسم کے تمام حصوں میں خون کی گردش میں بہتری لاتا ہے۔

aaro-say-diabetes-ka-ilaj

ذیابیطس کے خلاف مفید

آڑو کو ذیابیطس کے مرض کے خلاف بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق آڑو میں پائے جانے والے غذائی ریشوں کی وجہ سے ذیابیطس ٹائپ ون کا شکار افراد میں خون کی شوگر کی سطح کم ہوتی ہے، اس کے علاوہ آڑو کی وجہ سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا شکار افراد میں انسولین کی سطح بہتر ہوتی ہے۔ بہترین اور مثبت فوائد حاصل کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ذیابیطس کے شکار افراد آڑو کے اپنے معالج کی ہدایات کے مطابق استعمال کریں۔

آنکھوں کی بینائی میں بہتری

سردیوں میں آنکھوں کی بینائی کو بہتر بنانے کے لیے گاجر کو استعمال کیا جاتا ہے جب کہ موسم گرما میں آڑو آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ آڑو میں وٹامن اے، میگنیشیم، زنک، اور کاپر جیسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو آنکھوں کو مخصوص غذائی اجزاء فراہم کر کے بینائی کو بہتر بناتے ہیں۔

اس کے علاوہ عمر بڑھنے کی وجہ سے بھی آنکھوں کے بعض مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اگر آڑو کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اس نقصان کی شدت میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ آڑو میں پایا جانے والا بیٹا کیروٹین آنکھوں کے پٹھوں کی مضبوطی میں اضافہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ آنکھوں کے گرد بننے والے سیاہ حلقوں اور جھریوں سے چھٹکارا پانے کے لیے بھی آڑو کا استعمال نہایت مفید ہے۔

جِلد کے لیے فائدہ مند

آڑو کو جلد کے لیے بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے کیوں کہ اس میں پایا جانے والا وٹامن اے جلد کی صحت کو برقرار رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ آڑو میں پائے جانے والے اینٹی آکسییڈنٹس عمر بڑھنے کی وجہ سے جلد پر ظاہر ہونے والے اثرات کو بھی کم کرتے ہیں۔ آڑو کو اگر ہر روز استعمال کیا جائے تو جِلد کے کیل مہاسوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

آڑو کے مزید طبی فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے، آسانی کے ساتھ کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment