Home Nutrition & Diet ایلو ویرا کے 9 حیرت انگیز فوائد

ایلو ویرا کے 9 حیرت انگیز فوائد

alovera-kay-fawaid
Spread the love

ایلوویرا کو گھیکوار یا کوار گندل بھی کہا جاتا ہے، جسے سینکڑوں سالوں سے مختلف امراض کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس جڑی بوٹی کو متوازن مقدار میں استعمال کرنے سے نقصانات کے بغیر بے شمار فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اس کو کرشماتی پودا بھی قرار دیا جاتا ہے، کیوں کہ ایلوویرا  میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ اس جڑی بوٹی میں وٹامن اے، سی،اور ای پائے جاتے ہیں جو کہ  اینٹی آکسیڈنٹس کے طور پر کام کرتے ہیں۔ اس کےساتھ ساتھ اس میں وٹامن بی12، کولین، اور فولک ایسڈ بھی پائے جاتے ہیں۔
ایلوویرا ایک جنگلی جڑی بوٹی ہے جس کی افزائش کسی بھی قسم کی مٹی میں ممکن ہے۔ اس کی افزائش چند دنوں میں شروع ہو جاتی ہے اور یہ صرف چند مہینوں میں پھیل کر استعمال کے قابل ہو جاتی ہے۔ اس کا لیس دار مادہ کڑوا ہوتا ہے جس کی وجہ سے متعدد بیماریوں میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

ایلو ویرا کا طریقہ استعمال

مختلف طبی فوائد حاصل کرنے کے لیے بعض لوگ ایلو ویرا کو کچا استعمال کرتے ہیں۔ اس کے کانٹوں پھرا چھلکا اتارنے کے بعد اسے لیس دار مادے سمیت کچا کھایا جاتا ہے، جب کہ کچھ افراد اس کا جوس بنا کر پینا پسند کرتے ہیں۔  اس کے ساتھ ساتھ جِلد کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے اس کے لیس دار مادے کو جِلد پر بھی لگایا جاتا ہے۔
ایلوویرا مختلف پروڈکٹس میں بھی استعمال ہوتا ہے، اسے ادویات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے اور اس سے صابن، شیمپو، اور فیس واش بھی بنائے جاتے ہیں۔ اس کو استعمال کرنے کا طریقہ اتنا اہم نہیں ہے جنتا اہم اس کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ اس لیے اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کر کے بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ایلو ویرا کے فوائد

ایلوویرا سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

زخم جلدی مندمل ہوتے ہیں

ایلو ویرا کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے زخم جلدی بھرتا ہے یا مندمل ہوتا ہے اور اس کا استعمال جلد پر گہرے نشانات بھی نہیں پڑنے دیتا۔ جلد جل جانے کی صورت میں بھی اس کی جیل استعمال کرنے سے جلنے کا زخم جلدی ٹھیک ہو جاتا ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد میں کولاجین کی مقدار بڑھاتا ہے جس کی وجہ سے جلد کو نئے خلیے بنانے میں مدد ملتی ہے۔

بالوں کی مضبوطی میں اضافہ

آج کل زیادہ تر افراد کو بالوں کے مختلف مسائل کا سامنا ہے جن میں سرِ فہرست بالوں کا جھڑنا شامل ہے۔ جھڑتے بالوں کو روکنے کے لیے ایلوویرا نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس جڑی بوٹی میں موجود پروٹیولائیٹک انزائمز  متاثرہ بالوں کے خلیوں کی مرمت کرتے ہیں، جس کی وجہ سے بال گرنے یا ٹوٹنے کے بجائے صحت مند ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ ایلوویرا بالوں کے لیے قدرتی کنڈیشنر کا بھی کام کرتا ہے۔
اس کے باقاعدہ استعمال سے سر کی جِلد کی خشکی اور خارش کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔ ڈائے کیے ہوئے بالوں پر ہفتے میں دو بار ایلو ویرا جیل استعمال کرنے سے ان کی قدرتی چمک میں اضافہ ہوتا ہے۔

قبض کا خاتمہ

ایلوویرا میں ایسے کمپاؤنڈز پائے جاتے ہیں جو قبض کی علامات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے افراد جنہیں اکثر قبض کا سامنا رہتا ہے انہیں باقاعدگی سے ایلوویرا استعمال کرنا چاہیئے۔ تاہم ایلو ویرا کے استعمال سے قبض کی علامات میں فوراً کمی نہیں آتی، اس کو اپنا اثر ظاہر کرنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگ سکتا ہے۔

قوتِ مدافعت میں اضافہ

اچھی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ایلوویرا کا جوس قوت مدافعت بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایلوویرا کے جوس کو تلسی اور آملہ کے ساتھ استعمال کرنے سے اس کی افادیت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
ایلوویرا کے جوس کو نہار منہ استعمال کرنا سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ ہر روز خالی پیٹ ایک گلاس پانی میں ایلوویرا کا بیس ملی لیٹر جوس استعمال کرنا چاہیئے، اس کے علاوہ آپ اسے کسی بھی جوس میں شامل کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔

دانتوں کی حفاظت

ایلوویرا جیل دانتوں کے مختلف مسائل کو بھی ختم کرنے کے لیے نہایت اہم تصور کی جاتی ہیں۔ اس کے استعمال سے دانتوں کی سوزش، ان سے خون رسنے، پلاق، اور کیویٹیز کا بھی علاج کیا جا سکتا ہے۔ ایلوجیل کی مدد سے دانتوں کو برش کرنے سے دانتوں کا کیڑا نہیں لگتا۔

موٹاپے میں کمی

ایلوویرا کو ہر روز استعمال کرنے سے پیٹ کے گرد جمع ضدی چربی پگھلنا شروع ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے مجموعی وزن میں بھی کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔ جسمانی وزن میں کمی لانے لیے اسے خالی پیٹ بطور مشروب استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 
وزن کو کم کرنے کے لیے ایلوویرا کے تین سے چار انچ کے ٹکڑے سے لیس دار مادہ نکال کر کھیرے کے ساتھ گرائینڈ  کر کے استعمال کر لیں۔ اس جوس کا ذائقہ بہتر بنانے کے لیے اس میں لیموں کا رس یا کوئی بھی سبزی جیسا کہ گاجر یا بند گوبھی بھی شامل کی جا سکتی ہے۔
ایلوویرا جیل کو سادہ پانی میں کوئی اور چیز شامل کیے بغیر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آنکھوں کے سیاہ حلقوں کا علاج

ایلوویرا کی جیل میں وٹامن ای وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے جلد پر ٹھنڈا اثر پڑتا ہے۔ اس لیے آنکھوں کے گرد ایلوویرا جیل لگانے سے سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بہترین اور جلد نتائج حاصل کرنے کے لیے اسے رات کو سونے سے پہلے آنکھوں کے گرد لگانا چاہیئے۔

ایسڈیٹی اور سینے کی جلن کا خاتمہ

ایلوویرا جیل آنتوں کی صفائی میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ معدے کی تیزابیت یا سینے کی جلن سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اس کی جیل کو آدھا گلاس پانی میں شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایلوویرا جیل ملے پانی کو کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے استعمال کرنا چاہیئے۔

منہ کے زخموں کا علاج

ہونٹوں کے اردگرد بننے والوں زخموں سے چھٹکارا پانے کے لیے ایلوویرا جیل کا استعمال نہایت مفید ہے۔ ان زخموں پر دن میں دو مرتبہ جیل لگانے سے یہ تیزی سے مندمل ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ایلو ویرا کے مزید استعمال کے متعلق معلومات کسی ماہرِ غذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment