Home Nutrition & Diet لہسن کے 11 حیران کن طبی فوائد

لہسن کے 11 حیران کن طبی فوائد

lehsan kay fawaid
Spread the love

لوگ زمانہ قدیم سے لہسن کو استعمال کر رہے ہیں۔ اس سبزی کے فوائد سے تو کسی کو انکار نہیں ہے لیکن اس کو  الگ الگ طریقوں سے استعمال  کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر لوگ کھانے کے ذائقے کو بہتر بنانے کے لیے اس کو استعمال کرتے ہیں ۔ جب کہ کچھ لوگ نہار منہ اس کو کچا کھاتے ہیں۔ لہسن کے کھانے کے کسی ایک طریقے کی پابندی کرنا ضروری نہیں ہے۔ ضروری یہ ہے کہ آپ اس  کو باقاعدگی سے استعمال کریں کیوں کہ لہسن بہت سے غذائی اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے جن میں فائبر، میگنیز، وٹامن بی1 اور بی6، وٹامن سی، سیلینیم، کیلشیم، آئرن، فاسفورس، پوٹاشیم، اور کاپر شامل ہیں۔

لہسن کے طبی فوائد

مختلف بیماریوں سے بچاؤ

یہ سبزی انسانی جسم میں موجود مدافعتی نطام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق اس کا روزانہ استعمال موسمی بخار کے خطرات 63 فیصد تک کم کر دیتا ہے۔ اس لیے اس سبزی کا باقاعدگی سے استعمال آپ کو بیماریوں سے بچائے گا جس سے آپ کی صحت برقرار رہے گی۔

دانتوں کے درد میں کمی

لہسن دانتوں کی تکلیف کم کرنے میں نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ چوں کہ یہ اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کا حامل ہوتا ہے اس لیے یہ منہ میں دانتوں کے درد کا باعث بننے والے بیکٹیریا کی افزائش کو روکتا ہے۔ اس کا ایک ٹکڑا لے کر اس کو پیس لیں اور متاثرہ دانتوں یا مسوڑھوں پر رکھ لیں۔ اس کے علاوہ دانتوں کے درد کو کم کرنے کے لیے آپ اس کا تیل بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

بلڈ پریشر میں کمی

اگر آپ ہائی بلڈ پریشر کا سامنا کر رہے ہیں تو اس سبزی کو باقاعدگی سے اپنی غذا کا حصہ بنا لیں۔ کیوں کہ یہ خون کی شریانوں کو سکڑنے سے روکتی ہے اور ان کا تناؤ بھی کم کرتی ہے۔ ہائی بلڈ پریشر کے ساتھ ساتھ سر میں درد کی علامات سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ روزانہ لہسن کے 4 ٹکڑے (جوے) استعمال کرنے سے بلڈ پریشر میں کمی آتی ہے جب کہ کولیسٹرول کی سطح بھی نارمل رہتی ہے جس کی وجہ سے دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

خارش سے نجات

یہ سبزی سوزش کو کم کرنے کی صلاحیت سے بھرپور ہوتی ہے اس لیے اچانک لاحق ہونے والی خارش سے نجات دلاتی ہے۔ اس کے تیل کو اگر خارش والی جِلد پر لگایا جائے تو کچھ دیر بعد خارش ختم ہو جائے گی۔

نزلہ اور زکام سے بچاؤ

لہسن اینٹی آکسیڈنٹس سے بھی بھرپور ہوتا ہے اس لیے غذا میں اس کی شمولیت مدافعتی نظام کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ اگر آپ کو نزلہ یا زکام کا سامنا کرنا پڑ جائے تو اس کی چائے پی لیں۔ چائے بنانے کے لیے اس کو پیس کر کچھ دیر تک پانی میں ابالیں اور چھاننے کے بعد پی لیں۔ اس چائے کا ذائقہ بہتر بنانے کے لیے آپ اس میں ادرک یا شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔

یاداشت میں اضافہ

عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ کی عمر بھی بڑھتی ہے جس سے جِلد ڈھلکنے لگتی ہے اور یاداشت بھی کمزور ہوتی ہے۔  مگر یہ سبزی دماغ کو بڑھتی عمر کے اثرات سے بچاتی ہے اور درمیانی عمر میں اس کا استعمال الزائمر کے خطرات بھی کم کرتا ہے۔ مزید یہ کہ لہسن نوجوانوں کی دماغی کارکردگی میں اضافے کا سبب بھی بنتا ہے۔

کان کے انفیکشن کا علاج

کانوں کا انفیکشن ہونے کی صورت میں عام طور پر اینٹی بائیو ٹکس ادویات استعمال کی جاتی ہیں لیکن یہ سبزی بھی خاص طور پر بچوں میں اس نفیکشن کے خلاف مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔ جو بچے چھوٹے ہوں ان کے لیے اس سبزی کو پیس کر تیل نکال لیں اور اسے معمولی گرم کر کے چند قطرے متاثرہ کان میں ٹپکائیں۔

اسٹیمنا میں اضافہ

اس سبزی کے استعمال سے مسلز اور دل زیادہ مؤثر طریقے سے افعال سر انجام دیتے ہیں۔ آگر آپ مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں تو یہ آپ کی کارکردگی بڑھانے میں مدد کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ جسمانی تھکاوٹ کو بھی کم کرتی ہے جس سے لوگوں کو جسمانی مشقت میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

جِلد کی حفاظت

اگر آپ کو  جِلد کی کسی بیماری کا سامنا کرنا پڑ جائے تو کھانے میں لہسن کی مقدار بڑھا دیں۔ اس سبزی کے استعمال میں اضافے سے جسم میں زہریلے مادوں کی مقدار کم ہو گی جس سے جِلد تر و تازہ رہے گی۔ اس کے علاوہ اعصابی کمزوری میں بھی اس سبزی کا استعمال مفید ہوتا ہے۔

 وزن میں کمی

لہسن سے بھرپور غذا چربی اور وزن میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے چربی اور بڑھے ہوئے وزن سے چھٹکارا پانے کے لیے اس سبزی کا روزانہ استعمال یقینی بنائیں۔

قبض کا خاتمہ

ہاضمہ کے ٹھیک طریقے سے کام نہ کرنے کی وجہ سے قبض جیسی علامات لاحق ہو سکتی ہیں۔  ان علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے لہسن کا استعمال نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

لہسن کی بُو کو کیسے دور کریں؟

لہسن استعمال کرنے کے بعد آپ ان طریقوں سے منہ کی بُو پر قابو پا سکتے ہیں۔

دودھ میں ایسے عناصر پائے جاتے ہیں جو بد بو پیدا کرنے والے مرکبات کو ختم کرتے ہیں۔ لہسن کے استعمال کے بعد اگر ایک گلاس دودھ پینے سے منہ کی بُو سے بچا جا سکتا ہے۔ لیموں میں جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت کی ہوتی ہے اس لیے یہ بُو کا باعث بننے والے بیکٹیریا کو ختم کرتا ہے۔ لہسن استعمال کرنے کے بعد الائچی اور سونف چبانے سے بھی بُو میں کمی آئے گی۔ سیب میں موجود قدرتی ایسڈ لعاب کی پیداوار کو سرگرم کرتا ہے جس سے سانس تروتازہ رہتی ہے۔ پارسلے کے پتے بھی لہسن کے کھانے کے بعد پیدا ہونے والی بُو سے بچاتے ہیں، ایک یا دو پتے چبانے سے بُو سے بچا جا سکتا ہے۔

لہسن کا باقاعدگی سے استعمال نہ صرف آپ کو بیماریوں سے بچاتا ہے بلکہ آپ کو صحت مند بھی رکھتا ہے۔ تاہم اس کے استعمال کی مزید تفصیل کسی غذائی ماہر سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ آسانی کے ساتھ کسی غذائی ماہر سے تفصیل حاصل کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں۔

Related Posts

Leave a Comment