Home Nutrition & Diet سیب کے سرکے کے 13 حیران کن فوائد

سیب کے سرکے کے 13 حیران کن فوائد

Seb Kay Sirkay Ke Fayde
Spread the love

سیب کا سرکہ تقریباً ہر گھر میں پایا جاتا ہے، لیکن اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال نہیں کیا جاتا کیوں کہ اس کی افادیت سے زیادہ تر لوگ نا واقف ہوتے ہیں۔ اس سرکے کے فوائد کے متعلق جاننا نہایت ضروری ہے اور اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔

سیب کا سرکہ انسانی صحت کے لیے جادوئی اثرات رکھتا ہے، جب کہ اسے سیبوں کے عرق سے تیار کیا جاتا ہے۔ دیگر سرکوں کے برعکس سیب کا سرکہ بہت زیادہ مفید سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ اس سرکے کے غذائی اجزاء بہت مفید ہیں۔سیب کے سرکے میں وٹامن بی، سی، اور پولی فینولز پائے جاتے ہیں، اور ایک چمچ سیب کے سرکے میں سات کیلوریز، دو گرام کاربو ہائڈریٹس، اور زیرو گرام فیٹ پایا جاتا ہے۔

سیب کے سرکے کے فوائد

سیب کے سرکے کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

موٹاپے میں کمی

سیب کے سرکے میں لیمن گراس جیسی وزن کو کم کرنے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق چند لوگوں کو سیب کا سرکہ پانی میں شامل کر کے جب استعمال کروایا گیا تو ان کے جسمانی وزن میں کمی آنا شروع ہو گئی۔ اس تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سیب کے سرکے سے خاص طور پر پیٹ کی گرد جمع ہوئی ضدی چربی میں کمی آئی۔تاہم جسمانی وزن میں تیزی سے کمی لانے کے لیے سیب کے سرکے کو زیادہ مقدار میں استعمال کرنے کی تجویز نہیں دی جاتی، کیوں کہ اس معاملے میں طبی شواہد موجود نہیں ہیں۔

ہچکیوں سے چھٹکارا

اگر مختلف گھریلو ٹوٹکے آزمانے کے بعد بھی ہچکیاں نہ رک رہی ہوں تو ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ پی لیں۔ اس کا کھٹا اور مزے دار ذائقہ ہچکیوں کو روکنے میں مدد فراہم کرے گا۔ سیب کا سرکہ ان عصبی خلیوں کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے جو ہچکیوں کا باعث بنتے ہیں۔

بلڈ شوگر میں بہتری

اس سرکے کے باقاعدگی کے ساتھ استعمال سے ذیابیطس کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔ ذیابیطس کا مرض جسم میں انسولین پیدا نہ ہونے یا  انسولین کے خلاف مزاحمت کی وجہ سے لاحق ہو سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق بلڈ شوگر کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے بہت سی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اور بڑھاپے کی علامات بھی جلد ظاہر ہو سکتی ہیں۔

کچھ طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھانے کے دوران سیب کا سرکہ استعمال کرنے سے انسولین کی حساسیت کو انیس سے چونتیس فیصد تک بہتر بنایا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ رات کو سونے سے قبل بھی سیب کے سرکے کا استعمال بلڈ شوگر کے لیے مفید ہے۔

گلے کی تکلیف سے نجات

انفیکشن کی وجہ سے گلے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سرکے میں پائے جانے والی تیزابی خصوصیات کی وجہ سے بیشتر جراثیم ختم ہو جاتے ہیں۔ گرم پانی میں سیب کا سرکہ شامل کر کے ہر آدھے گھنٹے بعد غرارے کرنے سے گلے کی تکلیف کی علامات میں کمی آئے گی۔

بالوں کی خشکی کا خاتمہ

اگر آپ کو بالوں کی خشکی کا سامنا ہے تو سیب کا سرکہ آپ کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ سیب کے سرکے سے سر کو دھونے سے خشکی میں کمی آتی ہے، تاہم یہ بات غیر واضح ہے کہ آیا یہ بالوں میں وجود بیکٹیریا کو بھی ختم کرتا ہے یا نہیں۔ کچھ دنوں تک سیب کے سرکے سے بالوں کو دھونے سے خشکی کم ہونا شروع ہو جائے گی۔

کیل مہاسوں کا خاتمہ

بہت سے لوگ یہ شکایت کرتے پائے جاتے ہیں کہ وہ اس لیے سیب کا سرکہ استعمال نہیں کر پاتے کیوں کہ اس کے استعمال سے انہیں جِلد میں جلن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ امریکہ کے ایک طبی تحقیقی ادارے، اکیڈمی آف ڈرماٹالوجسٹ کے مطابق سیب کے سرکے میں اگر پانی شامل کر کے اس کو ٹونر کے طور استعمال کیا جائے تو اس سے جلن کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، اور داغ دھبوں اور کیل مہاسوں میں بھی کمی آتی ہے۔

خارش سے نجات

ایسی جلد جو خارش کا شکار ہو، اس کے لیے بھی یہ سرکہ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ روئی کو اگر اس سرکے سے گیلا کر کے متاثرہ جِلد پر لگایا جائے تو خارش کی شدت میں کمی آئے گی اور جِلد کو سکون بھی پہنچے گا۔

معدے کی تیزابیت کا خاتمہ

سیب کے سرکے میں بھی املتاس کی طرح معدے کی تیزابیت کو ختم کرنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ اگر آپ کو سینے کی جلن یا معدے کی تیزابیت کا سامنا ہو تو کھانے کے دوران ایک گلاس پانی میں ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ شامل کر کے پی لیں۔ اس سے معدے کی تیزابیت کی علامات میں کمی آنا شروع ہو جائے گی اور غذائی نالی کو بھی تیزابیت کی وجہ سے نقصان نہیں پہنچے گا۔

دل کی صحت میں بہتری

جسم میں کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائڈزکی سطح بڑھنے کی وجہ سے دل کے امراض کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جب کہ دل کے امراض موت کے خطرات کو بڑھا دیتے ہیں۔ کچھ طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیب کا سرکہ کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائڈ کی سطح کو متوازن کر سکتا ہے، جس کی وجہ سے دل کی صحت میں بہتری آتی ہے۔

ہاضمہ کے لیے مفید

سیب کا سرکہ ہاضمے کے نظام کو بھی بہتر بنانے کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے، اس سرکہ کی وجہ سے غذا جلدی سے ٹکڑے ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اس کو پانی میں شامل کر کے استعمال کرنے سے ہیضے، بد ہضمی، اور قبض کی وغیرہ سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔

جسمانی توانائی میں اضافہ

ورزش اور بہت زیادہ مصروف زندگی کی وجہ سے جسمانی توانائی میں کمی واقع ہو جاتی ہے اور جسم نڈھال رہتا ہے۔ سیب کے سرکے میں پائے جانے والے امائنو ایسڈز جسمانی توانائی کو بحال کرتے ہیں، اور اس میں موجود پوٹاشیم سمیت دوسرے اجزاء تھکاوٹ کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

دانتوں کی سفیدی میں اضافہ

صبح کے وقت سیب کے سرکے سے غرارے کرنے سے دانتوں کے داغوں کا خاتمہ ہوتا ہے اور ان کی چمک میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکے سے منہ اور مسوڑھوں میں موجود بیکٹیریا کو بھی ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سیب کے سرکے سے غرارے کرنے کے بعد معمول کے مطابق دانتوں کو برش کر لیں۔

پیروں اور ناخنوں کی فنگس سے نجات

پیروں اور ناخنوں کی فنگس سے نجات حاصل کرنے کے لیے سیب کا سرکہ ایک مفید ٹوٹکہ ہے۔ یکساں مقدار میں سیب کا سرکہ اور پانی مکس کرنے کے بعد پیروں اور ناخنوں کو دھو لیں۔  اس میں موجود تیزابیت فنگس کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

سیب کے سرکے کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کر سکتے ہیں، آسانی کے ساتھ کسی بھی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment