تلبینہ ایک خاص عربی غذا ہے جو تین مختلف اجزاء سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ اجزاء جَو، دودھ، اور شہد ہیں۔ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق ان تین اجزاء کا مرکب جسم کے لیے بہت مفید ہے۔ جو میں ایسے ریشے پائے جاتے ہیں جو جسم میں کولیسٹرول اور شوگر کی مقدار کم کر تے ہیں جس سے ذیابیطس کے مریض فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں شامل دودھ کی مقدار جسم کی نشوونما میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس غذا کا تیسرا جز شہد ہے جو کہ بے شمار طبی فوائد کا حامل ہے اور غذا کو جلد ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔تلبینہ ہر عمر کے لوگوں کے لیے مفید غذا خیال کی جاتی ہے۔ اس غذا کا ذائقہ نہایت شاندرا ہوتا ہے بشرطیکہ اسے ٹھیک طریقے سے بنایا گیا ہو۔ اگر اسے ٹھیک طریقے سے نہ بنایا جائے اس کا ذائقہ خراب ہو سکتا ہے۔
Table of Contents
تلبینہ بنانے کے طریقہ
اس غذا کو مختلف طریقوں سے بنایا جا سکتا ہے جو کہ مندرجہ ذیل ہیں
طریقہ نمبر 1
ایک کلو جو کے دلیے کو دو لیٹر پانی یا دودھ میں دھیمی آنچ پر دو گھنٹے تک پکائیں -نرم ہونے پر اسے آنچ سے اتار کر ٹھنڈا کر نے کے بعد فریج میں رکھ دیں -ہر روز اس میں حسبِ ضرورت دودھ، کھجوریں، شہد، چاکلیٹ، اور کیلے وغیرہ شامل کر کے ملک شیک بنا لیں -یہ شیک غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے اور اسے عمدہ ناشتہ تصور کیا جاتا ہے۔ اسے صبح پینے سے نہ صرف آپ دن بھر چست و توانا رہیں گے بلکہ آپ کو بھوک بھی کم لگے گی۔
طریقہ نمبر 2
تین چائے کے چمچ جو کا دلیہ اور ایک پاؤ دودھ کسی برتن میں شامل کر کے پنتالیس منٹ تک دھیمی آنچ پر پکائیں -وقفے وقفے سے چمچ ہلاتے رہیں تا کہ کھیر بن جائے -کھیر بننے کے بعد اسے چولھے سے اتار کر ٹھنڈا کر لیں -ٹھنڈا ہونے پر اس میں حسبِ ضرورت شہد شامل کر لیں، اگر شہد موجود نہ ہو تو آپ اس میں کھجوریں بھی شامل کر سکتے ہیں -عام طور اس طریقے سے بنائے ہوئے تلبینہ کو ناشتے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن اس کو کھانے کے بعد اگر آپ ناشتے میں مزید کھانا کھانا چاہتے ہوں تو تین گھنٹے کے وقفے سے کھائیں تا کہ اس کے مکمل اثرات اور فوائد ظاہر ہو سکیں۔
طریقہ نمبر 3
تھرماس میں گرم پانی لے کر اس میں تین چائے کے چمچ جو شامل کر کے بند کر دیں –
کم از کم آٹھ گھنٹوں تک اسے بند رہنے دیں –
آٹھ گھنٹوں بعد پانی کو چھان لیں –
اس پانی کو کم از کم چالیس دن تک خالی پیٹ استعمال کریں –
پانی چھاننے کے بعد حاصل ہونے والے جو کو گرم دودھ میں ابال لیں –
بہترین ذائقے کے لیے آپ اس میں شہد یا کھجوریں شامل کر سکتے ہیں –
ان طریقوں سے آپ بہترین ذائقے کا حامل تلبینہ تیار کر سکتے ہیں اور روزانہ تلبینہ استعمال کرنے سے بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تلبینہ کے طبی فوائد
تلبینہ کے طبی فوائد مندرجہ ذیل ہو سکتے ہیں
ڈپریشن کا علاج
جسم میں سیروٹونن کی مقدار غیر متوازن ہونے اور زنک کی کمی ہونے کی وجہ سے ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تلبینہ میں کاربوہائڈریٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے سیروٹونن کی مقدار غیر متوازن نہیں ہوتی اور ڈپریشن کی مختلف علامات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
قبض کا علاج
تلبینہ فائبر سے مالا مال ہے کیوں کہ اس کے اجزاء جو، دودھ، اور شہد میں بھی فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس غذا کو روزانہ استعمال کرنے سے جسم کو مطلوبہ مقدار میں فائبر کی مقدار حاصل ہوتی ہے جس کی وجہ سے قبض کی علامات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
جِلد کی صحت میں بہتری
یہ غذا ایسے اجزاء سے بھرپور ہے جو جِلد کو لچک دار اور نرم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس غذا میں موجود سیلینیم کی پائے جانے والی خاصی مقدار بھی مدافعتی نظام کو بہتر بناتی ہے۔
تلبینہ میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو جسم کو فری ریڈیکلز کی وجہ سے پہنچنے والے نقصانات سے بچاتے ہیں۔
کینسر کے خطرات کم کرے
طبی تحقیقات کے مطابق وٹامن اے اور سی کینسر سے بچاؤ میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس غذا میں چوں کہ وٹامن اے اور سی وافر مقدار پائے جاتے ہیں اس لیے یہ جسم میں بننے والے بعض ٹیومر کی نشونما کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں موجود وٹامن اے اور سی فری ریڈیکلز کی وجہ سے جھلیوں کو پہنچنے والے نقصانات کو ختم کرتے ہیں۔ اگر جھلیوں کو پہنچنے والے نقصانات کے خطرات کو کم نہ کیا جائے تو کینسر کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مختلف بیماریوں سے بچاؤ
تلبینہ میں شامل جو ان غذاؤں میں شامل ہے جن کی افادیت سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ اس فادیت کی بنیاد پر یہ مختلف خطرناک بیماریوں جیسا کہ دل کے امراض، ذیابیطس، اور بڑی آنت کے کینسر کے خطرات کم کرتا ہے۔ تلبینہ بھی کھجور کیطرح قوت مدافعت کو بہتر بناتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تلبینہ سے اور بھی بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں
یہ غذا جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرتی ہے -حاملہ خواتین میں خون کی کمی کو پورا کرتی ہے -بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے -موٹاپے کو روکتی ہے -ہیپاٹائٹس کے مرض کے دوران اس کا استعمال مفید ہے -معدہ میں تیزابیت کو کنٹرول کرنے میں فائدہ مند ہے -بالوں کو خوبصورت اور مضبوط بناتی ہے -کمر اور ٹانگوں کا درد ختم کرنے میں مفید ہے -پٹھوں کا کھنچاؤ کم کرتی ہے -اضطراب کو کم کرتی ہے -ہاتھ پاؤں کی جلن میں مفید ہے -یورک ایسڈ کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے –
تلبینہ کے مزید فوائد کے متعلق معلومات کسی غذائی ماہر سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ آسانی کے ساتھ کسی غذائی ماہر سے رابطہ کرنے کے لیے ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال استعمال کیا جا سکتا ہے۔