گرمی کے موسم کا آغاز ہوتے ہی ہر جگہ تربوز نظر آنے لگتا ہے۔ یہ پھل بازار سے نہایت سستے داموں دستیاب ہوتا ہے اور اس سے بے شمار طبی فوائد حاصل کیے جاتے ہیں۔ اس کو اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو گرمی کے موسم میں ڈی ہائڈریشن کا مسئلہ لاحق نہیں ہوتا۔
طبی ماہرین کے مطابق تربوز وہ پھل ہے جس میں بانوے فیصد تک پانی پایا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ اس کے علاوہ تربوز کے غذائی اجزاء بھی صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں۔
ان غذائی اجزاء میں وٹامن اے، وٹامن بی1، وٹامن بی5، وٹامن بی6، وٹامن سی، پوٹاشیم، اور میگنیشیم شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک سو گرام تربوز میں تیس کیلوریز، اکانوے فیصد پانی، آدھا گرام پروٹین، ساڑھے سات گرام کاربو ہائڈریٹس، چھ گرام شوگر، آدھا گرام فائبر، اور تھوڑی سی مقدار میں فیٹ بھی پایا جاتا ہے۔
تربوز کی شکل عام طور پر گول ہوتی ہے، جب کہ اس کی ایک قسم کی لمبوتری ہوتی ہے۔ اس کا چھلکا قدرے سخت ہوتا ہے اور اس گودا نہایت نرم، میٹھا، اور ذائقے دار ہوتا ہے۔ تربوز کا شمار ان پھلوں میں کیا جاتا ہے جس سے انسان سینکڑوں سالوں سے بہت سے طبی فوائد حاصل کر رہا ہے۔
Table of Contents
تربوز کے فوائد
تربوز کو اگر گرمی کے موسم میں باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مددگار
تربوز بھی میتھی دانے کی طرح ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ اس میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کہ ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ تربوز میں فائبر بھی کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو ہاضمے کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور قبض کی علامات میں لاتا ہے۔
پٹھوں کی صحت میں بہتری
ایک طبی تحقیق کے مطابق تربوز میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو خون کی گردش کو بہتر بناتے ہیں۔ ایسے کھلاڑی جو بہت زیادہ ورزش کرتے ہیں یا جسمانی طور پر حد سے زیادہ افعال ہوتے ہیں تو ان میں خون کی گردش متاثر ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے پٹھوں کے مسائل لاحق ہو سکتے ہیں۔ تربوز کا باقاعدگی سے استعمال ایسے کھلاڑیوں کے لیے نہایت مفید ہے۔اس کے علاوہ تربوز کے استعمال سے جسمانی درد اور تکلیف کی علامات میں بھی کمی آتی ہے۔ اگر آپ گرمی کے موسم میں جسمانی تکلیف کا شکار ہیں تو باقاعدگی کے ساتھ تربوز کو استعمال کرنا شروع کر دیں کیوں کہ یہ قدرتی دوا کے طور پر کام کرتا ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے بھی مفید
حمل کے دوران اکثر خواتین کو سینے کی جلن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تربوز حمل کے دوران سینے کی جلن کی شکایت کو کم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس پھل میں ایسے منرلز پائے جاتے ہیں جو حمل کی تیسری سہ ماہی کے دوران پٹھوں کی تکلیف سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
جسم میں نمکیات کی متوازن مقدار
گرمی کے موسم میں پسینہ زیادہ آنے کی وجہ سے پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سخت گرمی کے موسم میں زیادہ مقدار میں پانی پینے کے باوجود بھی جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ تاہم طبی ماہرین کے مطابق تربوز میں ایسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو نہ صرف جسم میں پانی کی کمی نہیں واقع ہونے دیتے بلکہ جسم میں نمکیات کی مقدار کو بھی متوازن رکھتے ہیں۔
پیٹ کی چربی ختم کرنے میں مددگار
تربوز بھی الائچی کی طرح پیٹ کی چربی کو ختم کرنے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس پھل میں پائے جانے والے امائنو ایسڈز جسم میں موجود اضافی کیلوریز کو جلانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ تربوز کو خاص طور پر بڑھی ہوئی توند سے چھٹکارا پانے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ موٹاپے سے چھٹکارا پانے کے لیے تربوز کے جوس کو بھی استعمال کیا جاتا ہے کیوں کہ اس میں موجود سیلز جسم میں چربی بننے کے عمل کو روکتے ہیں۔
دمہ کی علامات میں کمی
تربوز میں موجود بہت زیادہ فائدہ مند اینٹی آکسیڈنٹ لائیکو پین جسم کو فلو، نزلہ اور زکام سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ پھل بچوں میں دمہ کی علامات کو بھی کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
تربوز کے بیج پروٹین کا بہترین ذریعہ
تربوز وہ پھل ہے جس کے بیج بھی غذائی اجزاء سے مالا مال ہوتے ہیں جو صحت پر طبی فوائد ظاہر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ تربوز کے بیج پروٹین کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں، جو لوگ دوسری غذاؤں سے پروٹین حاصل نہیں کر پاتے وہ تربوز کے بیج کی گریوں کو استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تربوز کے بیج میں میگنیز، زنک، فاسفورس، اور کاپر جیسی ضروری معدنیات بھی پائی جاتی ہیں۔اس کے بیجوں کو استعمال کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کو دھو کر دھوپ میں سکھا لیں اور پھر ہر روز متوازن مقدار میں استعمال کر لیں۔
ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ
تربوز میں بھی لوبیے کی طرح ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر تربوز کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو ہڈیوں کے مختلف مسائل جیسا کہ ہڈیوں کے بھربھرے پن کے خطرات میں کمی آتی ہے۔ تربوز کے استعمال سے ہڈیاں مضبوط ہونے سے پٹھوں کی مضبوطی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ میں مددگار
تربوز چوں کہ گرمی کے موسم کا پھل ہے اور اس میں پانی بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، اس لیے یہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ گرمی کے موسم کی وجہ سے بعض اوقات جسم میں جلن کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ پھل گرمی کی وجہ سے ہونے والی جسمانی جلن کو بھی ختم کرتا ہے۔
بینائی کے لیے مفید
اس پھل میں لائیکو پین نامی اینٹی آکسیڈنٹ پایا جاتا ہے جو بینائی کی حفاظت کرتا ہے اور آنکھوں کو سوزش جیسی شکایات سے بھی بچاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق عمر میں اضافے کی وجہ سے بینائی کمزور ہونا شروع ہو جاتی ہے، تربوز کا باقاعدہ استعمال بینائی کو بہتر بناتا ہے اور دماغ کو بھی قوت فراہم کرتا ہے۔
انفیکشن سے بچاؤ میں مددگار
انفیکشن سے بچاؤ میں بھی تربوز اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس پھل میں پائے جانے والے مختلف اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز جسم میں پیدا ہونے والی انفیکشن کا بر وقت خاتمہ کر دیتے ہیں۔ جب کہ اس میں موجود وٹامن سی جیسے اجزاء موسمی تبدیلیوں سے ہونے والی انفیکشن کو روکنے کے لیے بھی مفید ہیں۔
تربوز کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے لیے کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، کسی بھی ماہرِ غذائیت سے آسانی کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔