آنکھوں کے گرد حلقے بننا کوئی طبی علامت تو نہیں ہیں مگر یہ کافی پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔ چہرے کی خوبصورتی کا زیادہ تر انحصار آنکھوں پر ہوتا ہے۔ اگر آنکھوں کے نیچے حلقے موجود ہوں تو یہ ان کی خوبصورتی کو کم کر دیتے ہیں۔ اگر یہ حلقے سیاہ ہو جائیں تو نہ صرف آنکھوں کی ساخت متاثر ہوتی ہے بلکہ چہرے کی رعنائی بھی کم ہو جاتی ہے۔
بہت سارے افراد ایسے ہیں جو آنکھوں کے گرد حلقوں کا سامنا کرتے ہیں۔ خواتین، مرد، نوجوان، اور بچے سبھی اس مسئلے کا شکار ہیں۔ اس بات کے بہت زیادہ امکانات ہیں کہ آپ بھی ان افراد میں شامل ہیں جو اس آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ آپ کی آنکھوں کے نیچے حلقے کیوں بنے یا بننا شروع ہو گئے ہیں؟
آنکھوں کے حلقوں میں سب سے اہم کردار ہماری وہ عادات ہیں جن کی وجہ سے ہم ان کا سامنا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر انعم شریف، جو کہ ایک ماہر ڈرماٹالوجسٹ ہیں، کا کہنا ہے کہ لوگ ایک دن میں کئی گھنٹوں تک موبائل فون اور کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے آنکھوں پر منفی اثرات ظاہر ہوتے ہیں جو کہ آنکھوں کے گرد حلقوں کی وجہ بنتے ہیں۔
اس کے علاوہ اور بھی بہت ساری ایسی وجوہات ہوتی ہیں جو کہ آنکھوں کے سیاہ حلقوں کا باعث بنتی ہیں۔ کچھ لوگوں میں نیند کی کمی وجہ سے یہ مسئلہ سامنے آتا ہے تو کئی افراد میں عمر میں اضافے کی وجہ سے یہ حلقے نمودار ہو جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کچھ موسمی اور دائمی الرجیز کی وجہ سے یہ مسئلہ لاحق ہو سکتا ہے۔
Table of Contents
آنکھوں کے حلقے ختم کرنے کا طریقہ
اگر آپ کی آنکھوں کے گرد بھی حلقے نمودار ہو چکے ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیوں کہ مندرجہ ذیل طریقوں کی مدد سے ان کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
نیند کے دورانیے میں اضافہ
بہت سارے افراد نیند کی کمی کا شکار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی آنکھوں کے گرد حلقے نمودار ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ آنکھوں کے گرد حلقوں اور دوسرے مسائل سے بچنے کے لیے نیند کو پوری مقدار میں لینا بہت ضروری ہوتا ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق، نوجوانوں کو آٹھ سے دس گھنٹے اور بڑوں کو سات سے زائد گھنٹے سونا چاہیئے تا کہ طبی مسائل سے بچا جا سکے۔
ڈاکٹر مہوش آفتاب خان، جو کہ ایک نہایت قابل ڈرماٹالوجسٹ اور کاسمیٹالوجسٹ ہیں۔ اس ویڈیو میں آنکھوں کے گرد حلقوں کو ختم کرنے کے کچھ مفید طریقے بتا رہی ہیں
اگر آپ ہر روز نیند کو پوری مقدار میں لینے کی عادت اپناتے ہیں تو آنکھوں کے نیچے بننے والے حلقے ختم ہونا شروع ہو جائیں گے۔ کیوں کہ جب آپ نیند نہیں لیتے تو آنکھوں کے نیچے والی جلد پیلی اور سیاہ ہونا شروع ہو جاتی ہے جس سے حلقے مزید واضح ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
اس لیے آنکھوں کے حلقے ختم کرنے کے طریقوں میں سے سب سے پہلا اور مؤثر طریقہ یہ ہے کہ بہترین نیند کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ بہترین نیند ایسی نیند کو کہتے ہیں جس میں خلل واقع نہ ہو۔
کولڈ کمپریس کا استعمال
کولڈ کمپریس کو مؤثر طریقے سے استعمال کر کے بھی آنکھوں کے گرد حلقوں سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ اگر آپ باقاعدگی کے ساتھ آنکھوں پر کولڈ کمپریس لگاتے ہیں تو اس سے سوزش میں کمی واقع ہو گی اور اس حصے میں موجود میں خون کی شریانیں بھی سکڑنا شروع ہو جائیں گی جس سے آنکھوں کے سیاہ حلقوں چھوٹے ہونا شروع ہو جائیں گے۔
آنکھوں پر کولڈ کمپریس لگانے کے لیے برف کے چند چھوٹے ٹکڑے لے کر کسی صاف کپڑے میں لپیٹ لیں اور پھر بیس منٹوں کے لیے انہیں آنکھوں پر رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کسی کپڑے کو ٹھنڈے پانی میں بھگو کر بھی آنکھوں پر رکھ سکتے ہیں۔ بہترین نتائج کے لیے کوشش کریں کہ اس عمل کو دن میں دو مرتبہ دہرائیں۔
اس کے ساتھ ساتھ کھیرے کو بھی کولڈ کمپریس کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کھیرے کے دو ٹکڑوں کو گولائی میں کاٹ کر فریج میں رکھ لیں۔ جب یہ دونوں ٹکڑے ٹھنڈے ہو جائیں تو انہیں تیس منٹوں کے لیے دونوں آنکھوں پر رکھیں۔ اس کے بعد آنکھوں کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
مزید پڑھیں: کھیرے کے فوائد
ٹماٹر کا استعمال
کیا آپ جانتے ہیں کہ آنکھوں کے حلقوں کے لیے ٹماٹر کا استعمال بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے؟
ٹماٹر میں لائیکو پین نامی ایک جز پایا جاتا ہے جو کہ مجموعی طور پر صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔ لائیکو پین کی وجہ سے دل، آنکھوں، اور جِلد کی صحت میں بہتری آتی ہے۔ ٹماٹر کے استعمال سے جِلد کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بھی ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
اس پھل سے آنکھوں کے حلقے ختم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ٹماٹر اور لیموں کے جوسز کو برابر مقدار میں لے کر مکس کر لیا جائے۔ اس بات کو ہر صورت یقینی بنائیں کہ یہ مسکچر آنکھوں میں داخل نہ ہو۔ اس مکسچر کو دس منٹوں کے لیے آنکھوں کے نیچے والی جگہ یعنی حلقوں پر لگائیں اور پھر پانی سے دھو لیں۔ مؤثر نتائج مختصر وقت میں حاصل کرنے کے لیے اس مکسچر کو دن میں بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ٹی بیگز بھی مؤثر
ٹی بیگز میں اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات پائی جاتی ہیں اور ان میں کیفین بھی موجود ہوتی ہے۔ اس لیے آنکھوں کے نیچے والی جِلد پر ان کے استعمال سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور خون کی شریانیں بھی سکڑتی ہیں۔
آنکھوں کے حلقوں کے لیے ٹی بیگز استعمال کرنے کے لیے سبز یا کالی چائے کے ٹی بیگز کو پانچ منٹوں کے لیے گرم پانی میں بھگوئیں اور پھر انہیں نکال کر پندرہ سے بیس منٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد ان ٹی بیگز کو دس سے بیس منٹوں کے لیے آنکھوں پر رکھیں اور پھر اس کے بعد آنکھوں کو دھو لیں۔
کریمز کا استعمال
آنکھوں کے گرد حلقے ختم کرنے کے لیے کریمز بھی استعمال کی جا سکتی ہیں جو کہ با آسانی بازار سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ان کریمز کے استعمال سے آنکھوں کے نیچے والی جِلد کی صحت میں بہتری آنا شروع ہو جاتی ہے جس سے حلقے ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
تاہم ایور کئیر ہسپتال سے تعلق رکھنے والے ڈرماٹالوجسٹ کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے حلقوں کے لیے کوئی بھی کریم استعمال کرنے سے پہلے یہ ضروری ہے کہ کسی ڈاکٹر سے مشورہ کیا جائے۔ کیوں کہ خود ساختہ طور پر آنکھوں کے حلقوں کے لیے کریم استعمال کرنے سے کچھ مضر صحت اثرات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔