سیب کو انسان کے لیے اگر قدرت کا انمول تحفہ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا، کیوں کہ یہ بہت سے طبی فوائد کا حامل ہوتا ہے۔ آپ نے وہ کہاوت سنی ہو گی کہ “روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت ڈاکٹر کو دور رکھتی ہے”، اس کہاوت کو سائنس بھی کافی حد تک درست کہتی ہے۔
سیب ایک جادوئی پھل ہے جو اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز، اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ سیب میں پائے جانے والے دیگر غذائی اجزاء میں کاپر، میگنیز، وٹامن بی1، بی2، بی6، وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن کے، اور پوٹاشیم شامل ہے۔
ایک نجی نیوز ویب سائٹ کے مطابق سیب کی اس وقت میں دنیا میں ساڑھے سات ہزار سے زائد اقسام ہیں، یہ پھل تقریباً دنیا کے ہر حصے میں کاشت کیا جاتا ہے۔ اس کا رنگ زیادہ تر سرخ، سبز، اور زرد ہوتا ہے اور اس کا ذائقہ شیریں اور فرخت بخش ہوتا ہے۔ اس کا مزاج دوسرے درجے میں گرم ہوتا ہے۔
سیب کو زیادہ تر بطور پھل استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ اس کا مربہ بھی بنا کر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کا اس سے بنا ہوا شربت بھی بنایا جاتا ہے۔
Table of Contents
سیب کے فوائد
سیب کے استعمال سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
سیب اور سبز چائے
ایک طبی تحقیق کے مطابق سبز چائے اور سیب میں ایسے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم کو دل کے مسائل اور کینسر وغیرہ جیسی جان لیوا بیماریوں کے خطرات سے بچاتے ہیں۔
جب سیب کو سبز چائے کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے تو ان دونوں میں قدرتی طور پر پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس ایسے مالیکیول کو بلاک کرتے ہیں جو خون کی شریانوں میں چربی بنانے کا باعث بنتے ہیں۔
یاد رہے کہ خون کی شریانوں میں چربی جمع ہونے سے دل کے دورے اور فالج کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ ایک اور طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سبز چائے اور سیب میں پائے جانے والے نائٹرک ایسڈ سے شریانوں کو پھیلنے میں مدد ملتی ہے جس کی وجہ سے جسم کو نقصان نہیں پہنچتا۔
وزن میں کمی
سیب پانی اور فائبر سے بھرپور پھل ہے جس کی وجہ سے دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس رہتا ہے۔
سیب کو اگر کھانے سے پہلے استعمال کیا جائے تو بھوک میں کمی آتی ہے اور ہم کھانا کم کھاتے ہیں جو وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ جب ہم سیب کھاتے ہیں تو یہ پیٹ میں موجود پانی جذب کر کے ایک جیل کی شکل اختیار کر لیتا ہے، اس جیل کے بننے کی وجہ سے دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا۔
کینسر کے خطرات میں کمی
بہت سی ٹیسٹ ٹیوب اور جانوروں پر ہونے والی طبی تحقیقات کی مدد سے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ سیب میں پائے جانے والے فائیٹون نیوٹرنٹس پھیپھڑوں اور بڑی آنت کے کینسر کے خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔
ایک طبی تحقیق کے مطابق جو لوگ ہر روز ایک سیب استعمال کرتے تھے ان میں کینسر کے خطرات میں کمی واقع ہوئی۔
دمہ کے مرض میں مفید
سیب میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو پھیپھڑوں کی بیماری کے خلاف کام کرتے ہیں۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق جو لوگ باقاعدگی کے ساتھ سیب استعمال کرتے ہیں ان میں دمہ کی بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیب کے چھلکے میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹ پائے جاتے ہیں جو مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور سوزش کو کم کرنے کے علاوہ دمہ کو الرجک ہونے سے روکتے ہیں۔
معدے کے لیے مفید
زیادہ تر بیکٹیریا جسم کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں، تاہم معدے میں کچھ ایسے بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جو ہاضمہ کے نظام کو بہتر بناتے ہیں۔ سیب میں ایک قسم کا فائبر پایا جاتا ہے جو معدے میں جا کر پری بائیوٹک کا کام کرتا ہے اور ان بیکٹیریا کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔
گلے کے ورم سے نجات
گلے کے ورم سے چھٹکارا پانے کے لیے بھی سیب مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ گلے کا ورم لاحق ہونے کی صورت میں ایک تازہ سیب لے کر اس کا چھلکا اتار لیں۔ پھر اس کے گودے کو اس طرح سے کھائیں کہ اس کے ٹکڑے گلے کے غدودوں کے ساتھ مس ہوں۔
اس طرح دو سے تین دن تک سیب استعمال کرنے سے گلے کے ورم سے نجات مل جائے گی۔
ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ
پھلوں کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال ہڈیوں میں کثافت کو بڑھاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق سیب میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس ورم کو کرنے والے مرکبات ہڈیوں کی کثافت اور مضبوطی میں اضافہ کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ سیب میں کیلشیم بھی پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کی صحت کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق جو خواتین سیب استعمال کرتی ہیں ان کو کیلشیم کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
دل کی صحت میں بہتری
سیب کو دل کی صحت برقرار رکھنے کے لیے ایک بہترین غذا تصور کیا جاتا ہے، کیوں کہ اس میں پائے جانے والے مرکبات کولیسٹرول کی سطح کو کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، اس کے علاوہ سیب میں پولی فینول پایا جاتا ہے جو دل کے مریضوں کے لیے دوا کا کام کرتا ہے۔
سر درد کا علاج
سیب کو سر درد کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کو اکثر اوقات سر درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو سیب سے چھلکا اتار کر اس کے گودے کو نہار منہ نمک کے ساتھ استعمال کریں۔ تین چار دن تک یہ گھریلو ٹوٹکہ استعمال کرنے سے سر درد کی علامات میں کمی آتی ہے۔
دماغی صحت میں بہتری
عمر بڑھنے کی وجہ سے عام طور انسان دماغ کے مختلف مسائل کا شکار ہو جاتا ہے۔ سیب کا جوس اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو عمر بڑھنے کی وجہ سے دماغی تنزلی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
سیب کے استعمال دماغ کے ایسے ٹرانسمیٹرز تنزلی کا شکار نہیں ہوتے جن کی وجہ سے دماغی صحت برقرار رہتی ہے اور الزائمر کے خطرات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
آنکھوں کے درد کا علاج
آنکھوں کے درد سے نجات حاصل کرنے کے لیے سیب کے ٹکروں کو ململی کپڑے میں لپیٹ کر آنکھوں پر رکھنے سے درد کی شدت میں کمی آتی ہے۔
سیب کے مزید فوائد متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کر سکتے ہیں، کسی بھی ماہرِ غذائیت کے ساتھ آسانی سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔