آلو کا شمار دنیا کی مشہور ترین سبزیوں میں ہوتا ہے اور یہ زیرِ زمین اگایا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسی سبزی ہے جو تقریباً دنیا بھر میں کاشت کی جاتی ہے، اور یہ ان سبزیوں میں شامل ہے جسے چھوٹے بڑے سب ہی نہایت شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں۔ یہ سبزی بہت زیادہ افادیت کی حامل ہے کیوں کہ اس میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔
مختلف اجزاء اس سبزی کو متوازن غذا بناتے ہیں۔ پکے ہوئے آلو کے ایک کپ میں ایک سو اکسٹھ کیلوریز کے ساتھ ساتھ کاپر، وٹامن بی6، پوٹاشیم، میگنیز، وٹامن سی، فاسفورس، وٹامن بی3، فائبر، اور پینٹوتھینک ایسڈ بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک کپ پکے ہوئے آلوؤں میں انتیس فیصد کاربو ہائڈریٹس اور تقریباً نو گرام پروٹین پائے جاتے ہیں۔
آلوؤں کے متعلق ایک غلط فہمی بھی پائی جاتی ہے کہ یہ موٹاپے کا سبب بنتے ہیں، اس لیے ڈائٹنگ کرنے والے سب سے پہلے آلو کھانا چھوڑ دیتے ہیں، کچھ ماہرینِ فٹنس ورزش اور ڈائٹ کرنے والے افراد کو آلو کھانے کا مشورہ دیتے ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک صحت بخش غذا ہے نہ کہ مضرِ صحت۔ تاہم اگر اسے ضرورت سے زیادہ استعمال کیا جائے تو یہ سبزی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
Table of Contents
آلو کا طریقہ استعمال
آلوؤں کو ہر کوئی اپنی پسند کے مطابق استعمال کرتا ہے، کچھ لوگ اسے مختلف سبزیوں میں شامل کر کے پکانا پسند کرتے ہیں تو کچھ اس سے بنی چپس شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں۔ اس سبزی کو اُس طریقے سے استعمال کرنا چاہیئے جس سے زیادہ سے زیادہ طبی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔تلی ہوئی چیزیں عمومی طور پر معدے کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں اور اگر ان کو زیادہ مقدار میں ہر روز استعمال کیا جائے تو معدے کے شدید مسائل بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس لیے تلے ہوئے آلوؤں یعنی چپس کو ہر روز کھانے سے گریز کرنا چاہیئے، البتہ کبھی کبھار نارمل مقدار میں چپس کھائی جا سکتی ہے۔آلو ؤں کو استعمال کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ انہیں ابال کر استعمال کیا جائے، لیکن یہ خیال رہے کہ ابال کر بھی ان کو نارمل مقدار میں ہی کھانا چاہیئے۔ اس سبزی کو کسی ماہرِ غذائیت کے مشورے سے مطلوبہ اور متوازن مقدار میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ابلے ہوئے آلوؤں پر نمک چھڑک کر استعمال کرنے سے بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں جن میں سرِ فہرست ہاضمہ میں بہتری ہے۔
آلو کے طبی فوائد
آلوؤں سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
نیند میں بہتری
آلو میں ٹرپٹوفان نامی ایک پروٹین پایا جاتا ہے جو بہترین اور پرسکون نیند لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس کی وجہ سے نیند کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ اس کے ساتھ ساتھ آلو میں پوٹاشیم بھی پائی جاتی ہے جو جسم کے عضلات کو آرام دینے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے جس سے بالآخر پر سکون نیند آتی ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
یہ سبزی فلیوونائڈز، کیروٹینائڈز، اور فینولک ایسڈ جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے جسم میں موجود فری ریڈیکلز کی سرگرمی کو محدود کرتے ہیں، یاد رہے کہ فری ریڈیکلز کی وجہ سے کینسر، ذیابیطس، اور دل کی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔مثال کے طور پر ایک تحقیق کے مطابق آلو میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس جگر اور کولن کینسر کی وجہ بننے والے سیلز کی افزائش کو روکتے ہیں۔ کچھ تحقیقات یہ بھی ظاہر کرتی ہیں کہ سرخ آلوؤں میں سفید آلوؤں کی نسبت زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔
ہاضمہ کے نظام میں بہتری
آلوؤں میں پائی جانے والے سٹارچ ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ جب یہ سٹارچ بڑی آنت میں پہنچتی ہے تو یہ آنت میں موجود فائدہ مند بیکٹیریا کے لیے خوراک بن جاتی ہے، جو ہاضمہ کے نظام کو بہتر بناتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آلو میں پائے جانے والے بیوٹیریٹ کولن کی سوزش کو کم کر سکتے ہیں، کولن کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور کینسر کے خطرات کم کرتے ہیں۔بیوٹیریٹ آنت کی مختلف بیماریوں کے خلاف بھی مفید ہیں۔
بلڈ پریشر میں بہتری
آلو بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے کے لیے بہت مفید ہیں، تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آلو والی فاسٹ فوڈز اور چپس وغیرہ کثرت سے استعمال کرنا شروع کر دی جائیں۔ اگر آلوؤں کو اچھے طریقے سے پکا کر یا ابال کر استعمال کیا جائے تو یہ بلڈ پریشر کو نارمل رکھ سکتے ہیں۔یہ سبزی ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہے کیوں کہ یہ جسم میں موجود سوڈیم کے لیولز کو متوازن کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سبزی میں کلوروجینک ایسڈ جیسے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
دل کی صحت میں بہتری
کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ آلوؤں میں بالکل بھی کولیسٹرول نہیں پایا جاتا۔ اگر ان کو کولیسٹرول والی چیزوں میں شامل کر کے پکایا جائے تو پھر یہ کولیسٹرول کا باعث بن سکتے ہیں، مثال کے طور پر اگر کولیسٹرول والے تیل میں ان کی چپس بنائی جائے تو یہ مفید ثابت ہونے کے بجائے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔ اس کے برعکس اگر آلوؤں کو ابال کر استعمال کیا جائے تو یہ دل کی صحت کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس سبزی میں فائبر، وٹامن بی6، سی، اور پوٹاشیم جیسے منرلز اور وٹامنز پائے جاتے ہیں جو دل کی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔
ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ
آلوؤں میں فاسفورس اور کیلشیم وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس سبزی میں موجود زنک، آئرن، میگنیشیم، فاسفورس، اور کیلشیم مل کر ہڈیوں کی ساخت کو بہتر بناتے ہیں اور انہیں مضبوط کرتے ہیں، جب کہ آئرن اور زنک کولاجن کو بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آنکھوں کے سیاہ حلقوں سے نجات
اکثر اوقات نیند مکمل نہ لینے یا لیپ ٹاپ زیادہ استعمال کرنے سے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے پڑ جاتے ہیں جن سے چھٹکارا پانا کافی مشکل ہو سکتا ہے۔ آلوؤں کو بڑے بڑے گول ٹکڑوں میں کاٹ کر بیس منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں اور بیس منٹ بعد چہرے کو دھو لیں۔ کچھ عرصہ تک یہ طریقے پر عمل کرنے سے آنکھوں کے حلقوں میں واضح کمی آئے گی۔
آلو کے مزید طبی فوائد کے متعلق معلومات کسی ماہرِ غذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں تا کہ صحت میں بہتری لائی جا سکے۔ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔