دائمی صحت کو برقرار رکھنے اور متعدد بیماریوں سے بچنے کے لیے طبی ماہرین کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔ ایسی کئی سبزیاں ہیں جن کو استعمال نہ کرنے سے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ ان کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے صحت پر مثبت اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے سبز رنگ اور پتے والی سبزیوں کو استعمال کرنے پر زور دیا جاتا ہے۔ بند گوبھی کا شمار بھی انہی سبزیوں میں ہوتا ہے، کیوں کہ بند گوبھی میں غذائی اجزاء کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
ایک کپ (89 گرام) بند گوبھی میں 22 کیلوریز، 1 گرام پروٹین، 2 گرام فائبر، وٹامن کے، وٹامن سی، فولیٹ، میگنیز، وٹامن بی6، کیلشیم، پوٹاشیم، اور میگنیشیم پائے جاتے ہیں۔
بند گوبھی کو زیادہ تر سلاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ کچھ لوگ اسے پکا کر بھی کھاتے ہیں۔ لیکن اس کو استعمال کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ اس کو سلاد میں ہی استعمال کیا جائے، کیوں کہ پکانے سے اس کے غذائی اجزاء ختم ہو سکتے ہیں۔ بہترین ذائقے کے لیے آپ بند گوبھی کو کاٹ کر رائیتے میں شامل کر سکتے ہیں۔
Table of Contents
بند گوبھی کے فوائد
بند گوبھی کا استعمال اگر باقاعدگی کے ساتھ کیا جائے تو مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
وزن میں کمی
بند گوبھی ان افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے جو موٹاپے کا شکار ہیں یا ڈائیٹنگ پر ہیں۔ اس سبزی میں کولیسٹرول نہیں پایا جاتا جب کہ کیلوریز کی مقدار بھی کم ہوتی ہے، اس لیے یہ وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
پکی ہوئی بند گوبھی میں تینتیس کیلوریز جب کہ کچی میں اس سے بھی کم کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سبزی میں چکنائی کی مقدار بہت کم ہوتی ہے اور فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو کہ وزن گھٹانے کے لیے بہت مفید ہے۔
دماغی صحت میں بہتری
اس سبزی میں وٹامن کے اور اینتھو کینن نامی اجزاء پائے جاتے ہیں جو ذہنی صحت میں بہتری لانے اور اس کی کارکردگی بڑھانے کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بند گوبھی اعصابی نظام کے مختلف مسائل سے بھی بچاتی ہے اور الزائمر جیسی بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت بڑھانے میں بھی مدد کرتی ہے۔
کینسر سے بچاؤ میں مددگار
اس میٹھی اور ذائقے دار سبزی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے کینسر کے خطرات میں کمی آتی ہے، کیوں کہ اس میں سلفر اور لیوپیول جیسے پائے جانے والے اجزاء کینسر کی وجہ بننے والے ٹیومر کی افزائش کو روک دیتے ہیں۔ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق چھاتی کے کینسر میں مبتلا خواتین میں بھی بند گوبھی کا استعمال نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
جِلد کی صحت میں بہتری
بند گوبھی میں سلفر کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ جِلد کی صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے جِلد کی اضافی چکنائی ختم ہوتی ہے اور جِلد کے دانے بھی ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بند گوبھی میں پایا جانے والا وٹامن سی اور سلفر یورک ایسڈ سے بچاؤ میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر میں کمی
اس سبزی کا استعمال ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے، کیوں کہ اس کا استعمال ہائی بلڈ پریشر کو متوازن سطح پر رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ طبی ماہرین کی جانب سے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کو باقاعدگی کے ساتھ بند گوبھی استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
سوزش کا خاتمہ
بعض اوقات مختلف بیماریوں جیسا کہ دل کے مسائل، جوڑوں کے درد، آنتوں کے مسائل کی وجہ سے جسم میں لمبے عرصے کے لیے دائمی سوزش ظاہر ہو سکتی ہے۔ بند گوبھی میں ایسے بہت سارے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو دائمی سوزش کو کم کرنے کی خصوصیات رکھتے ہیں۔
ہاضمہ کے نظام میں بہتری
ہاضمہ کے مختلف مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے بند گوبھی مدد گار ثابت ہو سکتی ہے چوں کہ اس سبزی میں پانی اور فائبر وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے قبض جیسی علامات میں کمی آنا شروع ہوتی ہے اور ہاضمہ کا نظام بہتر طریقے سے کام کرنے لگتا ہے۔
وٹامن سی کا بہترین ذریعہ
وٹامن سی کو ایسکور بک ایسڈ بھی کہا جاتا ہے جو کہ جسم کو مختلف افعال سر انجام دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ مثال کے طور پر جسم میں کولا جین بنانے کے لیے یہ بہت اہم کردار ادا کرتا ہے، کولا جین کی وجہ سے پھر ہڈیاں، پٹھے، اور خون کی شریانیں بہتر طریقے سے کام کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامن سی جسم کو فری ریڈیکلز کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے۔
بند گوبھی وٹامن سی کا بہترین ذریعہ سمجھی جاتی ہے، اس میں تقریباً تیس فیصد تک وٹامن سی پایا جاتا ہے۔
دل کی صحت میں بہتری
سرخ بند گوبھی میں اینتھو سیانن نامی اجزاء پائے جاتے ہیں جو کہ فلیوو نائڈ فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔ طبی تحقیقات کے مطابق اس سبزی کا استعمال دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اینتھو سیانن کی وجہ سے بلڈ پریشر میں کمی آتی ہے اور شریانوں کی بیماری کے خطرات بھی کم ہوتے ہیں۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق جو لوگ اینتھو سیانن کو زیادہ مقدار میں استعمال کرتے تھے ان میں ہارٹ اٹیک کے خطرات کم ہو گئے۔
کولیسٹرول کی سطح میں کمی
جسم میں کولیسٹرول کی دو اقسام پائی جاتی ہیں، ایک فائدہ مند اور دوسری نقصان دہ۔ نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہونے سے مختلف بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جب کہ اچھے کولیسٹرول کھانے کو ہضم کرنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ بند گوبھی میں دو ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں۔
وٹامن کے بہترین ذریعہ
وٹامن کے کا شمار ان وٹامنز میں کیا جاتا ہے جو جسمانی افعال سر انجام دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جسم میں وٹامن کے کی کمی کی وجہ سے خون کے ضائع ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
بند گوبھی میں وٹامن کے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، یہ سبزی جسم کو وٹامن کے کی مطلوبہ مقدار کا پچاس فیصد مہیا کرتی ہے۔
ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرات میں کمی
بند گوبھی میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرات کو کرنے میں مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بند گوبھی کو ان غذاؤں کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جو اس بیماری کے خطرات کو کم کرتی ہیں۔
قوتِ مدافعت میں اضافہ
اگر آپ اپنے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو بند گوبھی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا شروع کر دیں۔ اس کے استعمال سے آپ کا مدافعتی نظام مضبوط ہو گا اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملے گی۔
بند گوبھی کے مزید فوائد کے متعلق معلومات کسی بھی ماہرِ غذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے آسانی کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔