دہی کا شمار ان مقبول ترین غذاؤں میں ہوتا ہے جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں۔ فائدہ مند بیکٹیریا کو انسانی صحت برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم تصور کیا جاتا ہے، دہی فائدہ مند بیکٹیریا سے بھرہور ہوتا ہے جس کی وجہ سے اسے صحت کا خزانہ کہا جاتا ہے۔ اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے صحت پر ان گنت فوائد ظاہر ہوتے ہیں، کیوں کہ دہی میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ اس میں وٹامن بی12، کیلشیم، فاسفورس، اور ریبوفلاوین پائے جاتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ایک سو گرام دہی میں اکسٹھ کیلوریز، اٹھاسی فیصد پانی، تقریباً چار گرام پروٹین، پانچ گرام کاربوہائڈریٹس اور شوگر، اور ساڑھے تین گرام فیٹ پائے جاتے ہیں۔
دہی کو نمکین یا میٹھی لسی کی صورت میں بھی استعمال کیا جاتا ہے جو کہ صحت کو برقرار اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے والا مشروب ہے۔ اس کے علاوہ دہی کا رائیتہ بھی بنایا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق دہی ایسی غذا ہے جسے ہر موسم میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں دہی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے متلی، پانی کی کمی، اور گرمیوں کی وجہ سے لاحق ہونے والی دیگر بیماریوں سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
Table of Contents
دہی کو استعمال کرنے کا طریقہ
دہی کو آپ مندرجہ ذیل طریقوں کی مدد سے اپنی غذا کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
دہی کو نہار منہ استعمال کیا جا سکتا ہے –
دہی کی نمکین یا میٹھی لسی بنا کر استعمال کی جا سکتی ہے –
دہی میں مختلف پھل شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے –
دہی کا رائیتہ بنا کر کھانے کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے –
دہی کے حیران کن فوائد
ہر روز دہی کو استعمال کرنے سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
وزن میں کمی
ایک طبی تحقیق کے مطابق دہی زیادہ کھانے کی خواہش کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کھانا کم کھایا جاتا ہے، اور کھانا کم کھانے کی وجہ سے وزن نہیں بڑھتا اور اس میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ دہی کے استعمال کی وجہ سے جسمانی توانائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کمزوری لاحق نہیں ہوتی۔
ہائی بلڈ پریشر میں کمی
کیا آپ ہائی بلڈ پریشر کے مرض کا شکار ہیں؟ اگر آپ کا جواب ہاں میں ہے تو بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے کے لیے دہی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ بعض اوقات نمک زیادہ استعمال کرنے کی وجہ سے ہمیں دل کی بیماریاں، گردوں کے مختلف مسائل، اور خون کی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔
جسم اگر نمک کی مقدار بڑھ جائے تو اسے متوازن کرنے کے لیے مناسب مقدار میں پوٹاشیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ دو سو چھبیس گرام دہی میں تقریباً چھ سو ملی گرام پوٹاشیم پائی جاتی ہے، جو مختلف بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ
بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ ہمارے جسم کو متعدد غذائی اجزاء کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی وجہ سے ہڈیوں کی کمزوری یا بھربھرے پن کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ بڑھتی عمر کی وجہ سے ہڈیوں کے مسائل کے خطرات کو کم کرنے کے لیے دہی بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
دہی میں کیلشیم اور وٹامن ڈی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر آپ کو جوڑوں کے درد یا کھنچاؤ سامنا ہو تو آپ کو دہی باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا چاہیئے، اس کو باقاعدہ طور پر استعمال کرنے سے جوڑوں کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔
ہاضمہ کے نظام میں بہتری
دہی میں موجود فائدہ مند بیکٹیریا آسانی کے ساتھ ہاضمہ کی نالی میں جذب ہو جاتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر غذاؤں کو بھی ہضم ہونے میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔ اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے پی-ایچ لیول بھی برقرار رہتا ہےاور معدے کی تیزابیت میں اضافہ نہیں ہوتا۔ اس کے ساتھ ساتھ دہی کے باقاعدہ استعمال سے معدے کے کئی امراض کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
جِلد کے نکھار میں اضافہ
جِلد کی خوبصورتی اور دل کشی میں اضافہ کرنے کے لیے لوگ مختلف کریموں اور لوشنز کا استعمال کرتے ہیں، جن کی وجہ سے بعض اوقات جلد پر مضر اثرات بھی ظاہر ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس جِلد کو شفاف بنانے میں دہی اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور مصنوعی چیزوں کے استعمال میں بھی کمی آئے گی۔
جلد کو بہتر بنانے کے لیے چار چمچ دہی میں دو سے تین قطرے بادام یا زیتون کے تیل اور ایک چائے کا چمچ شہد شامل کر لیں۔ ان چیزوں کو مکس کر کے ایک پیسٹ بنا لیں اور پندرہ منٹ کے لیے چہرے پر لگا رہنے دیں۔ پندرہ منٹ کے بعد جلد دھو لیں۔
نرم اور چمک دار بال
بالوں کی حفاظت کے لیے دہی بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کو استعمال کرنے سے خشکی اور سر کی خارش وغیرہ کا خاتمہ ہوتا ہے، بال نرم اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔ بہترین نتائج کے لیے چار چمچ دہی، ایک چمچ ناریل کا تیل، آدھے انڈے کی مدد سے ایک پیسٹ بنا کر سر پر لگا لیں۔ اس پیسٹ کو تیس منٹوں کے لیے سر پر لگا رہنے دیں اور بعد میں دھو لیں۔ کچھ دنوں بعد آپ کے بال نرم اور چمکدار ہونا شروع ہو جائیں گے۔
قوتِ مدافعت میں اضافہ
قوتِ مدافعت کمزور ہونے کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے انسان کی قوتِ مدافعت جتنی مضبوط ہو گی اتنے ہی بیماریوں کے خطرات کم ہو جائیں گے۔ دہی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے جسم کی قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے اور مختلف بیماریوں کے خطرات میں کمی آتی ہے۔دہی کے مزید فوائد کے متعلق معلومات کسی ماہرِ غذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔