سینکڑوں سالوں سے کلونجی کو مختلف طبی امراض سے چھٹکارا پانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ کلونجی کا رنگ سیاہ ہوتا ہے اور اس کا شمار گرم مصالحوں میں کیا جاتا ہے۔
یہ ایک بے حد قوت بخش غذا ہے جو بطور دوا بھی استعمال کی جاتی ہے، کیوں کہ کلونجی بہت سے غذائی اجزاء پر مشتمل ہوتی ہے۔ ان اجزاء میں امائنو ایسڈز، فیٹی ایسڈز، پوٹاشیم، کیلشیم، پروٹینز، آئرن، سوڈیم، اور الکلائڈز وغیرہ شامل ہیں۔
کلونجی کا مزاج دوسرے درجے میں گرم خشک ہوتا ہے، اس لیے اسے بہت زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔
اس کے ساتھ ساتھ کلونجی کو مختلف کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کو اگر ناشتے میں استعمال کیا جائے تو میٹابولزم کی رفتار میں بہتری آتی ہے۔
Table of Contents
کلونجی کے فوائد
کلونجی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے منردجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
بیکٹیریا کے خاتمے میں مفید
جسم میں موجود نقصان دہ بیکٹیریا کی وجہ سے کانوں کےانفیکشن اور نمونیا سمیت متعدد بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔ کچھ تحقیقات کی مدد سے یہ دریافت کیا گیا ہے کہ کلونجی میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کی مدد سے آسانی کے ساتھ نقصان دہ بیکٹیریا کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ بیکٹیریا کی وجہ سے لاحق ہونے والی مختلف انفیکشنز کے خلاف کلونجی اینٹی بائیو ٹک کا کام کرتی ہے۔
ورم کا خاتمہ
ورم معمول کا مدافعتی ردِ عمل ہوتا ہے جو جسم کو چوٹوں اور بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے، لیکن اگر ورم دائمی ہو جائے تو یہ کئی امراض جیسا کہ ذیابیطس، کینسر، اور امراضِ قلب کا باعث بن سکتا ہے۔ کلونجی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے ورم میں کمی آ سکتی ہے، کیوں کہ یہ ورم کش خصوصیات کی حامل ہوتی ہے۔
معدے کے السر سے نجات
السر کی وجہ سے معدے میں زخم ہو جاتے ہیں، یہ زخم نہایت تکلیف دہ ہوتے ہیں۔ کلونجی کا باقاعدہ استعمال معدے کے السر سے بچاؤ میں مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ السر کا مرض اس وقت لاحق ہوتا ہے جب معدے میں بننے والی تیزابیت کی وجہ سے حفاظتی جھلی ختم ہو جاتی ہے، حفاظتی جھلی ختم ہونے کی وجہ سے زخم بننے لگتے ہیں۔
حافظے میں بہتری
آج کل زیادہ تر افراد اور خاص طور پر نوجوانوں میں بھولنے کی بیماری بہت عام ہو گئی ہے، اس مسئلے سے چھٹکارا پانے کے لیے کلونجی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ کلونجی حافظے کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔
حافظے کو بہتر بنانے کے لیے ایک گلاس پانی میں دو چٹکی کلونجی اور چند پودینے کے پتے شامل کر لیں، اب اس پانی کو ابال لیں اور اس نسخے کو ہر روز استعمال کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ کلونجی کو شہد کے ساتھ استعمال کرنے سے یاداشت میں بہتری آتی ہے۔
دل کی صحت میں بہتری
کلونجی کو ایک مکمل غذا تصور کیا جاتا ہے، اس لیے اسے دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے نہایت مفید سمجھا جاتا ہے۔ دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے بکری کے دودھ کا ایک کپ لیں اور اس میں تھوڑی سے کلونجی شامل کر کے دن میں دو مرتبہ استعمال کریں۔ دس دن تک بکری کے دودھ اور کلونجی کو دن میں دو مرتبہ استعمال کریں اور دس دن کے بعد صرف ایک مرتبہ استعمال کریں۔
باقاعدگی کے ساتھ کلونجی اور بکری کا دودھ استعمال کرنے سے دل کی صحت میں بہتری آئی گی، لیکن اس نسخے کے استعمال کے دوران کولیسٹرول بڑھانے والی غذاؤں کو استعمال کرنے سے گریز کریں۔
دانتوں کی مضبوطی میں اضافہ
کلونجی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے نہ صرف دانتوں کی مضبوطی میں ہوتا ہے، بلکہ پورے منہ کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔ کلونجی دانتوں کو مضبوط کرتی ہے جب کہ یہ مسوڑھوں سے خون آنے اور سوزش جیسی شکایات کو بھی ختم کرتی ہے۔
اس کے علاوہ منہ کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کلونجی کے تیل کو سرکہ میں شامل کر کے ایک ماؤتھ واش بھی تیار کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ کلونجی کا تیل بھی بہت سی خصوصیات کا حامل ہوتا ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
کلونجی میں ایسے مرکبات اور غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس جسم کے خلیات کو تکسیدی تناؤ سے بچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان اینٹی آکسیڈنٹس سے کینسر، موٹاپے، اور ذیابیطس جیسے امراض کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
بالوں کی بہترین نشونما
کلونجی کے تیل کو بالوں کی نشونما کے لیے بہترین آپشن سمجھا جاتا ہے، اور گرتے ہوئے بالوں کو روکنے لیے بھی یہ تیل نہایت مفید ہے۔ کلونجی کا تیل آپ کے بالوں کو غذائیت فراہم کرتا ہے، جس سے ان کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں، اور بال گرنا بند ہو جاتے ہیں۔
اگر آپ اپنے بالوں کو مضبوط اور چمک دار بنانا چاہتے ہیں تو اس کے تیل کو نیم گرم کر کے سر کے بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور اسے ایک گھنٹے تک لگا رہنے دیں۔ ایک گھنٹے بعد سر کو دھو لیں، اور اس عمل کو ہفتے میں دو سے تین بار دہرائیں۔
کیل مہاسوں سے نجات
ہم جلد کے کیل مہاسوں سے چھٹکارا پانے کے لیے بے شمار پروڈکٹس استعمال کرتے ہیں، جن کی وجہ سے بعض اوقات جلد پر مضر اثرات بھی ظاہر ہو جاتے ہیں۔
کیل مہاسوں سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک کپ لیموں کا رس لے لیجیئے اور اس میں آدھا چمچ کلونجی کا تیل شامل کر لیں، اس مکسچر کو دن میں دو مرتبہ چہرے پر لگائیں، کچھ دنوں تک باقاعدگی کے ساتھ اس مکسچر کو استعمال کرنے سے کیل مہاسوں سے چھٹکارا ملنا شروع ہو جائے گا۔
ہاضمہ کے نظام میں بہتری
ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کلونجی بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہاضمہ کے مختلف مسائل جیسا کہ گیس اور قبض سے چھٹکارا پانے کے لیے اس کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ ایسے افراد جنہیں کھانے کے بعد پیٹ کے اپھار کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہ کھانے کے بعد تین گرام کلونجی کے سفوف کو استعمال کر لیں۔ کھانے کے بعد کلونجی کا سفوف استعمال کرنے سے ان علامات میں کمی آئے گی۔
بلڈ شوگر کو متوازن رکھے
جسم میں بلڈ شوگر کی مقدار بڑھنے کی وجہ سے موٹاپے، تھکاوٹ، اور توجہ مرکوز رکھنے میں مشکلات جیسی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ اگر بلڈ پریشر کو متوازن نہ رکھا جائے تو اعصاب کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور بینائی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ کلونجی بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق کلونجی کے سپلیمنٹس کو نہار منہ استعمال کرنے سے بلڈ شوگر کی سطح متوازن رہتی ہے۔
کلونجی کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کر سکتے ہیں، کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ آسانی کے ساتھ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔