Home Nutrition & Diet کھیرے کے 9 حیران کن فوائد

کھیرے کے 9 حیران کن فوائد

kheray-kay-fawaid
Spread the love

سینکڑوں سالوں سے کھیرے کو کھایا جا رہا ہے اور اسے ادویات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، کیوں کہ کھیرا بہت سے فوائد کا حامل ہے۔ کھیرے کو پھل بھی سمجھا جاتا ہے جب کہ کچھ لوگ اسے سبزی خیال کرتے ہیں۔ یہ سبزی ہر موسم میں بہ آسانی دستیاب ہوتی ہے جو صحت پر بہت مثبت اثرات ظاہر کرتی ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق اس پھل میں کیلوریز اور  کولیسٹرول نہیں پائے جاتے ، جب کہ فیٹ بہت ہی کم مقدار میں پایا جاتا ہے۔ کھیرے میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو اس کی افادیت میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس میں پائے جانے والے غذائی اجزاء میں سوڈیم، پوٹاشیم، کاربوہائڈریٹس، پروٹین، فائبر، وٹامن اے، سی، کیلشیم، اور آئرن شامل ہیں۔زیادہ تر لوگ اس سبزی کو گرمیوں میں استعمال کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن سرد موسم میں بھی اس سے بے شمار فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ کھیراہر سلاد کا لازمی جز خیال کیا جاتا ہے جسے نہایت کم قیمت پر ہر موسم میں بازار سے خریدا جا سکتا ہے۔ اگر آپ اس کے فوائد سے لا علم ہیں تو ان فوائد کو جاننے کے بعد آپ اس کو باقاعدہ استعمال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

کھیرے کے فوائد

کھیرے سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

جسمانی وزن میں کمی

اس سبری میں پانی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے پیٹ جلدی بھرنے میں مدد ملتی ہے۔ پیٹ بھرنے کے احساس سے کھانا کم کھایا جاتا ہے اور وزن میں کمی کا آغاز ہو جاتا ہے۔ چوں کہ کھیرے کیلوریز اور چکنائی سے پاک ہوتے ہیں، اس لیے جسمانی چربی پگھلانے اور خاص طور پیٹ کی چربی سے چھٹکارا پانے کے لیے کھیرے بہترین آپشن ثابت ہو سکتے ہیں۔

بالوں کی نشوونما

کھیروں میں موجود وٹامنز اور دماغ اور بالوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ریبوفلاوین، بائیوٹین، اور ٹامن بی5اور 6، بالوں کی نشوونما کو بڑھاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سبزی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے گنجاپن اور عمر سے پہلے بالوں کی سفیدی سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

دل کی صحت میں بہتری

اس پھل میں پوٹاشیم کافی مقدار میں پائی جاتی ہے جو دل کی صحت کو بہتر بنانے میں بہت مفید ثابت ہوتی ہے۔ جسم میں متوازن مقدار میں پوٹاشیم ہونے کی وجہ سے اعصاب، پٹھوں، اور گردوں کو خون بہتر طریقے سے فلٹر کرنے میں مدد ملتی ہے، جس کے نتیجے میں دل کو صاف خون پہنچتا ہے جس کی وجہ سے دل کی صحت میں بہتری آتی ہے اور مجموعی طور پر جسمانی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

بلڈ شوگر میں کمی

کھیرے میں بیٹا کیروٹین، وٹامن سی، اور میگنیز سمیت بہت سے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو خون میں موجود نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ سبزی بلڈ شوگر کم کرنے والی دواؤں کی طرح کام کرتی ہے، جس کی وجہ سے بلڈ شوگر میں کمی آتی ہے۔

قبض سے چھٹکارا

قبض کا شمار ان بیماریوں میں کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ عمومی طور پر قبض سے چھٹکارا پانے کے لیے پانی بہت زیادہ مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ بیماری لاحق ہونے کی صورت میں ان سبزیوں یا پھلوں کو زیادہ استعمال کیا جاتا ہے جن میں پانی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، چوں کہ کھیروں میں پانی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، اس لیے اس کے استعمال سے اس بیماری کی علامات سے چھٹکارا پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

کینسر سے بچاؤ

کھیرے میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو بریسٹ کینسر یا چھاتی کے سرطان کے خطرات میں کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سبزی میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جنہیں ککو ربیٹاسین کہا جاتا ہے، یہ مرکبات کینسر کے خلیات کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔

شریانوں کی صحت میں بہتری

اس سبزی میں پوٹاشیم، میگنیشیم، اور وٹامن کے موجود ہوتے ہیں جو خون کی شریانوں کے افعال کو معمول پر رکھنے کے لیے ضروری تصور کیے جاتے ہیں۔ وٹامن کے خون بلاک ہو جانے کے خطرات کو کم کرتا ہے اور خون میں کیلشیم کی سطح کو متوازن رکھتا ہے۔ میگنیشیم اور پوٹاشیم کی مدد سے ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض سے چھٹکارا پانے میں مدد ملتی ہے، جب کہ خون میں نقصان دہ  کولیسٹرول کی سطح بھی کم ہوتی ہے۔

ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ

کھیروں میں وٹامن کے اور کیلشیم اچھی خاص مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ہڈیوں کے مختلف مسائل جیسا کہ ہڈیوں کا بھربھراپن لاحق نہیں ہوتا۔ جسم میں وٹامن کے متوازن مقدار میں موجود ہونے کی وجہ سے ہڈیوں کے فریکچر کے خطرات میں کمی آتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وٹامن کے ہڈیوں کو کیلشیم جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

جِلد کی صحت میں بہتری

بہت سے افراد اپنی جِلد کے بارے میں بہت حساس ہوتے ہیں، اور خاص طور پر خواتین چہرے کی جِلد کی خوبصورت بنانے کے لیے بہت زیادہ کوشش کرتی ہیں۔ کھیرے کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے نہ صرف چہرے کی جلد کی خوبصورتی اور دل کشی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ آنکھوں کی سوزش اور سیاہ حلقوں سے نجات حاصل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اگر کھیرے کے دو ٹھنڈے ٹکڑوں کو کچھ دیر کے لیے آنکھوں پر رکھا جائے تو اس سے  آنکھوں کی سوزش اور آنکھوں کے اردگرد بننے والے سیاہ حلقوں میں واضح کمی آتی ہے۔

کھیرے کا طریقہ استعمال

کھیرے کا جوس بنا کر نہار منہ استعمال کرنے سے معدے کی تیزابیت جیسے امراض کی علامات میں کمی آتی ہے، جب کہ اسے دن میں کسی بھی وقت سلاد کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کو کسی بھی طریقے سے استعمال کرنے سے اس کی افادیت میں کمی نہیں آتی، اس لیے یہ نہایت ضروری ہے کہ اس کے استعمال کو یقینی بنایا جائےکھیرے کے فوائد اور استعمال کے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment