Home Nutrition & Diet شہد کے 11 طبی فوائد

شہد کے 11 طبی فوائد

shahad-kay-fawaid
Spread the love

شہد کو سینکڑوں سالوں سے دنیا کے مختلف حصوں میں بطور دوا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کو بہترین غذا بھی سمجھا جاتا ہے۔ شہد کو ایک صحت مند ناشتہ تصور کیا جاتا ہے، جب کہ اس کے باقاعدہ استعمال سے صحت میں بہتری آتی ہے۔

شہد کو اس کی طبی خصوصیات کی بنیاد پر سپر فوڈ کہا جاتا ہے۔ اس کے میٹھے ذائقے کی وجہ سے اسے تمام عمر کے افراد پسند کرتے ہیں۔ یہ گاڑھا سیال نہ صرف ذائقہ دار ہوتا ہے بلکہ اس کی خوشبو بھی بہترین ہوتی ہے۔

شہد کے ایک چمچ یا اکیس گرام میں چونسٹھ کیلوریز موجود ہوتی ہیں، اس کے علاوہ شہد پائے جانے والے غذائی اجزاء میں کیلشیم، میگنیز، میگنیشیم، نیاسین، فاسفورس، پینٹو تھینک ایسڈ، ریبوفلاوین، زنک، اور پوٹاشیم شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہد بہت سے مفید امائینو ایسڈز اور انزائمز حاصل کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔

شہد کے فوائد

شہد کو اگر روازنہ استعمال کیا جائے تو مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس کا بہترین ذریعہ

شہد میں بہت سے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو اینٹی آکسیڈنٹس کے طور پر کام کرتے ہیں۔ اس کی کچھ اقسام میں سبزیوں اور پھلوں جتنے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جسم کو فری ریڈیکلز کی وجہ سے پہنچنے والے نقصان سے بچاتے ہیں۔

فری ریڈیکلز کی وجہ سے بڑھاپے کی آثار جلدی ظاہر ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور اس کے علاوہ دائمی بیماریوں جیسا کہ کینسر اور دل کے مسائل کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ طبی تحقیقات کے مطابق شہد میں پولی فینول نامی سوزش کو کم کرنے والا جز پایا جاتا ہے جو آکسی ڈیٹو دباؤ کو کم کرتا ہے۔

شہد کے استعمال سے سانس کی نالی، ہاضمے کے نظام، دل کی صحت، اور اعصابی نظام میں بھی بہتری آتی ہے۔

اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات کا حامل

طبی تحقیقات کے مطابق شہد کے غذائی اجزاء میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات پائی جاتی ہیں، جب کہ شہد کی مختلف اقسام میں اینٹی بیکٹیریل اور فنگل خصوصیات مختلف ہوتی ہیں۔

کولیسٹرول لیول میں بہتری

نقصان دہ کولیسٹرول یا ہائی ڈینسٹی لپو پروٹین کی وجہ سے دل کی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے، اس کے علاوہ اس کی وجہ سے خون کی شریانوں میں فیٹ جمع ہونا شروع ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے فالج  اور دل کے دورے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

شہد کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے نقصان دہ کولیسٹرول میں کمی آتی ہے اور فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کرتا ہے۔

شفاف جِلد

شفاف جِلد

شہد چوں کہ ایک زبردست اینٹی آکسیڈنٹ ہے اس لیے اس کو ہر روز استعمال کرنے سے جسم سے زیادہ تر زہریلے مادے خارج ہو جاتے ہیں، جب کہ اس کی جراثیم کش خصوصیات کی وجہ سے جِلد شفاف ہوتی ہے اور اس کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔

ٹرائی گلیسرائڈز میں کمی

ہائی بلڈ ٹرائی گلیسرائڈ کی وجہ سے بھی دل کی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں، جب کہ اس کی وجہ سے انسولین کی مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے ذیابیطس ٹائپ ٹو لاحق ہو سکتی ہے۔

طبی تحقیقات کے مطابق شہد کے استعمال سے ٹرائی گلیسرائڈ کی سطح میں کمی آتی ہے اور چینی کے مقابلے میں اس کا  استعمال محفوظ اور فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

سر کی خشکی کا خاتمہ

شہد کو بالوں پر استعمال کرنے سے سر کی خشکی کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ اس کو سر پر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے سر کی جِلد نم رہتی ہے جس کی وجہ سے خشکی کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

سر کی خشکی سے نجات حاصل کرنے کے لیے دو چمچ شہد اور چار چمچ نیم گرم پانی کو مکس کے کریں اور اس کی مدد سے کچھ منٹوں تک انگلیوں کی مدد سے مالش کریں، مالش کرنے کے بعد سر کو آدھے گھنٹے بعد کسی اچھے شیمپو سے دھو لیں، سر کی خشکی سے چھٹکارا پانے کے لیے یہ ایک نہایت آزمودہ نسخہ ہے۔

زخم بھرنے میں مددگار

شہد کو زخموں کے علاج کے لیے سینکڑوں سالوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہد کے استعمال سے زخم تیزی کے ساتھ مندمل ہونا شروع ہو جاتے ہیں کیوں کہ یہ اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات کا حامل ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہد ذیابیطس کی وجہ سے لاحق ہونے والے پاؤں کے السر کے علاج کے لیے بھی مفید ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق شہد کے استعمال سے جِلد کے مختلف مسائل جیسا کہ چنبل جیسی علامات میں بھی کمی آ سکتی ہے، اس کے علاوہ شہد زخموں کے اردگرد ٹشوز کی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے۔

کھانسی کا مؤثر علاج

شہد کو کھانسی کا مؤثر علاج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے سانس کی نالی کی صحت میں بہتری آتی ہے اور کھانسی کی علامات بھی کم ہوتی ہیں۔ طبی تحقیقات کے مطابق کھانسی کے علاج کے لیے شہد دواؤں کی نسبت زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شہد کو بچوں کی کھانسی ختم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یادداشت میں بہتری

کچھ طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہد میں شدید ذہنی تناؤ سے لڑنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے، اس کے استعمال سے جسم میں ایسا دفاعی نظام بحال ہوتا ہے جس کی وجہ سے یادداشت میں بہتری آتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہد میں پایا جانے والا کیلشیم دماغ میں آسانی کے ساتھ جذب ہو جاتا ہے، جو بالآخر دماغی افعال کی کارکردگی میں بہتری لاتا ہے۔

وزن میں کمی

شہد کو اگر متوازن مقدار میں استعمال کیا جائے تو وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ وزن میں کمی لانے کے لیے شہد کو گرم پانی اور لیموں کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم یہ خیال رہے کہ شہد کے ایک چمچ میں چونسٹھ کیلوریز پائی جاتی ہیں، اس لیے آپ کو باقی غذا سے کیلوریز کم لینا ہوں گی۔

اس کے علاوہ شہد کے استعمال سے بھوک کم لگتی ہے اور کھانا کم کھانے کی وجہ سے وزن میں کمی واقع ہونا شروع ہو جاتی ہے۔

معدے کے لیے مفید

شہد کو جراثیم کش خصوصیات کی وجہ سے معدے کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔ صبح نہار منہ شہد کو استعمال کرنے سے ایسے امراض کی علامات میں کمی آتی ہے جو ہاضمہ کے نظام سے جڑے ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہد کے استعمال سے معدے کے معمولی زخم بھی ٹھیک ہونے لگتے ہیں۔

شہد کے مزید فوائد کے متعلق معلومات کسی ماہرِ غذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں، کسی بھی ماہرِ غذائیت کے ساتھ آسانی سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment