Home Nutrition & Diet سویا بین کے 9 حیرت انگیز طبی فوائد

سویا بین کے 9 حیرت انگیز طبی فوائد

soya-bean-kay-fawaid
Spread the love

سویا بین کا تعلق مٹر کے خاندان سے ہے جسے سوئے بین بھی کہا جاتا ہے۔ سویا بین پھلی دار پودے کی ایک قسم ہے جسے دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر کاشت کیا جاتا ہے۔ اس کی کاشت کا اصل علاقہ جنوبی ایشیاء ہے، تاہم کی اس کی تقریباً فیصد پیداوار شمالی اور جنوبی امریکہ میں ہوتی ہے۔ 

تاریخ کے ماہرین کے مطابق سویا بین ان پودوں میں شامل ہے جنہیں انسان نے سب سے پہلے زمین پر کاشت کیا، چین میں اسے تقریباً گیارہویں صدی قبل مسیح سے کاشت کیا جا رہا ہے، چین میں سویا بین کو گریٹر بین بھی کہا جاتا ہے۔

اس کا پودا ایک سو سینٹی میٹر سے اونچا ہوتا ہے، اور اس کے بیج گول اور زردی مائل ہوتے ہیں۔ عام طور پر اس کے پھولوں کا رنگ سفید ہوتا ہے جو بعد میں پھلیوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں، جن کے اندر بیج ہوتے ہیں۔

سویا بین میں انتہائی اعلی معیاری پروٹین پائے جاتے ہیں اس لیے اسے پلانٹ فوڈ بھی کہا جاتا ہے، جن میں امائنو ایسڈ بھی پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں کیلشیم اور آئرن بھی پایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سویا بین کے مفید غذائی اجزاء میں فائبر، وٹامن کے، فولیٹ، وٹامن سی، اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈذ بھی پائے جاتے ہیں، جب کہ یہ لوفیٹ، لیکٹوز اور کولیسٹرول فری ہوتا ہے۔

سویا بین کے فوائد

سویا بین سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

دل کی صحت کے لیے مفید

سویا بین کو ان سیچو ریٹڈ فیٹ کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے، ان سیچو ریٹڈ فیٹ صحت بخش فیٹ ہوتے ہیں جو جسم سے مجموعی طور پر کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان سیچو ریٹڈ فیٹ دل اور شریانوں پر جمع ہو جانے والے غیر لچک دار مادے سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔

دل پر یہ مادہ جمع ہونے سے ہارٹ اٹیک اور اسٹروکس جیسی جان لیوا بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اگر ہر روز پچیس گرام سویا بین استعمال کیا جائے تو دل کی بیماریوں کے خطرات میں کمی آ سکتی ہے۔

حاملہ خواتین کے لیے  بھی فائدہ مند

حاملہ خواتین کو اکثر اوقات مختلف وٹامنز کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کمی کو پورا کرنے کے لیے طبی ماہرین کی جانب سے ایسی غذائیں استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جو وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہیں۔

سویا بین کو حاملہ خواتین کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ اس میں پایا جانے والا وٹامن بی اور فولک ایسڈ حاملہ خواتین اور بچے کی صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں۔ فولک ایسڈ بچے کی پیدائش کے بعد اسے دماغی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

ہڈیوں کی طاقت اور مضبوطی میں اضافہ

سویا بین میں پائے جانے والے غذائی اجزاء ہڈیوں کی مضبوطی اور طاقت میں اضافے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کا استعمال ان لوگوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے جو ہڈیوں کے بھربھرے پن کا شکار ہوں۔ تربوز کی طرح سویا بین بھی ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ کر کے مختلف بیماریوں کے خطرات کو کم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ سویا بین میں چند ایسے فیٹی ایسڈز بھی پائے جاتے ہیں جو جسمانی نظام کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔

ذیابیطس کے مرض میں مفید

سویا بین کو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہترین غذا تصور کیا جاتا ہے۔ اس مرض کے لاحق ہونے کی صورت میں اسے مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے کیوں کہ اس میں کاربو ہائڈریٹس کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں، جب کہ اس میں اسٹارچ نہیں پایا جاتا۔ سویا بین میں پائے جانے والے کاربو ہائڈریٹس شوگر کی مقدار کو بڑھائے بغیر جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔

کینسر سے بچاؤ میں مددگار

کچھ طبی تحقیقات کے مطابق سویا بین میں انتہائی اعلیٰ سطح کے اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم میں کولن کینسر کے خطرات کو کم کرنے کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طبی ماہرین کے مطابق سویا بین میں پائے جانے والے آئسو فلیوونز اور پولی فینول مرکبات بھی کینسر سے محفوظ رکھنے میں مفید سمجھے جاتے ہیں۔

soya-bean-say-nend-ka-chutkara

نیند کے مسائل سے چھٹکارا

سویا بین کے اس طبی فائدے سے بہت سے لوگ واقف نہیں ہیں کہ اس کے استعمال سے نیند کے مسائل سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ اس میں میگنیشیم کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ نیند کے دورانیے میں اضافہ کرتا ہے اور نیند میں بہتری بھی لاتا ہے۔ نیند کے مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ سویا بین کو اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک طبی تحقیق کے مطابق اس میں ایسٹروجن جیسے کمپاؤنڈ بھی پائے جاتے ہیں جو پوسٹ مینو پاز کا شکار خواتین میں نیند کو بہتر بناتے ہیں۔

خون کے بہاؤ میں بہتری

آئرن اور کاپر خون کے سرخ خلیات کی افزائش کے لیے بہت مفید تصور کیے جاتے ہیں، یہ دونوں منرلز سویا بین میں کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں ایسے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جو خون کے بہاؤ کو بہتر بناتے ہیں۔

میٹابولک سرگرمیوں میں بہتری

سویا بین کو مفید پروٹین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ جسم میں پروٹین کی مقدار متوازن ہونے سے میٹابولزم کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور مجموعی جسمانی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔

پروٹین کو انسانی جسم کے لیے ایک اہم جزو سمجھا جاتا ہے جو پٹھوں اور خون کے خلیات کو بنانے اور جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔ ایسے افراد کے لیے سویا بین ایک بہترین آپشن ہے جو گوشت وغیرہ سے پروٹین حاصل نہیں کر سکتے۔

ہاضمہ کے نظام میں بہتری

سویا بین میں ڈائیٹری فائبر کادی مقدار میں پایا جاتا ہے، یہ فائبر ہاضمہ کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ آنتوں کی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے جس کی وجہ سے قبض جیسی شکایات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

ایسے افراد جنہیں اکثر قبض کی علامات کا سامنا رہتا ہے، انہیں سویا بین جیسی غذائیں استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں ایسے غذائی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جو پری بائیوٹک کے طور پر کام کرتے ہوئے آنت میں فائدہ مند بیکٹیریا کی افزائش کو بڑھاتے ہیں۔

سویا بین کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے، کسی بھی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment