بعض پھل ایسے ہیں جو صحت کے لیے تو بہت مفید ہوتے ہیں لیکن ان کا ذائقہ کڑوا ہوتا ہے، لیکن زیتون کا پھل نہ صرف صحت کو برقرار رکھتا ہے بلکہ کا اس کا ذائقہ بھی نہایت خوش گوار ہوتا ہے۔
زیتون کا پھل زیادہ تر عرب ممالک اور اسپین میں پایا جاتا ہے اور اس پھل سے تیل حاصل کیا جاتا ہے، جس سے مختلف طبی فوائد حاصل کیے جاتے ہیں۔ زیتون کے تیل کو ہزاروں سالوں مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جب کہ رومی اور یونانی تہذیبوں میں بھی اس کے استعمال کے شواہد ملتے ہیں۔
ایک چمچ زیتون کے تیل میں ایک سو انیس کیلوریز، چودہ گرام فیٹ، دو گرام وٹامن ای، اور آٹھ مائیکرو گرام وٹامن کے پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ زیتون کے تیل میں پوٹاشیم بھی پائی جاتی ہے جو صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔
Table of Contents
زیتون کے تیل کے فوائد
زیتون کے تیل کو اگر با قاعدگی کے ساتھ متوازن مقدار میں استعمال کیا جائے تو مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
پیٹ کی چربی سے نجات
موٹاپا لاحق ہونے کی وجہ سے زیادہ تر افراد کے پیٹ اور کمر پر بہت زیادہ چربی بن جاتی ہے جس سے ان کو بڑھی ہوئی توند کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ توند کے بڑھنے کی وجہ سے بھوک کی شدت میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو جاتا ہے، جس سے انسان زیادہ مقدار میں غذا استعمال کرنا شروع کر دیتا ہے۔
زیتون کے تیل میں فیٹی ایسڈز کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو بھوک کی شدت کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس لیے اس تیل کا استعمال کو پیٹ کی چربی کم کرنے کے مؤثر طریقوں میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ زیتون کے تیل کو اگر گھی کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے تو جسم کو نقصان دہ کیلوریز حاصل نہیں ہوتیں، جس سے پیٹ کی چربی کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ پیٹ کی چربی کو کم وقت میں مؤثر طریقے سے کم کرنے کے لیے زیتون کے تیل کو خالی پیٹ استعمال کرنا چاہیئے۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
زیتون کا تیل نہ صرف وٹامن ای اور کے جیسے مفید وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے بلکہ اس میں نیوٹرنٹس کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسیڈنٹس بھی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
یہ اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں اور دائمی اور خطرناک بیماریوں کے خطرات میں کمی لاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سوزش کی شدت میں بھی کمی لانے کے لیے بھی انہیں فائدہ مند سمجھا جاتا ہے، جب کہ یہ خون کے کولیسٹرول کو آکسیڈیشن سے بھی بچاتے ہیں، جس سے دل کی بیماریوں کے خطرات میں بھی کمی آتی ہے۔
آنتوں کی صحت میں بہتری
آنتوں میں موجود اگر مفید خلیات کو نقصان پہنچے تو کینسر جیسی خطرناک بیماری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کینسر سے بچاؤ کے لیے زیتون کے تیل کو اگر خالی پیٹ استعمال کیا جائے تو آنتوں کے خلیات کو نقصان نہیں پہنچتا جس سے کینسر کے خطرات میں کمی آتی ہے۔
اس کے علاوہ آنتوں کی صحت بہتر ہونے سے قبض جیسی علامات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ زیتون کا تیل قبض کے علاج میں مفید تو سمجھا جاتا ہے، تاہم طبی ماہرین کے مطابق اس تیل کے استعمال سے قبض کی علامات میں فوری طور ہر کمی نہیں آتی۔
سوزش کو کم کرنے والی خصوصیات
دائمی سوزش کی وجہ سے کینسر، دل کے مسائل، میٹابولک سینڈروم، موٹاپے، اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جب کہ زیتون کے تیل کے استعمال سے سوزش کی شدت میں کمی آتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق زیتون کا تیل سوزش کم کرنے والی ادویات کی طرح کام کرتا ہے، کیوں کہ اس میں پائے پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس سوزش کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ زیتون کے تیل میں پائے جانے والے فیٹی ایسڈز بھی سوزش کے خلاف مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ جسم میں ایسے پروٹینز اور جینز کی افزائش کو روکتے ہیں ہیں جو سوزش کی وجہ بن سکتے ہیں۔
اسٹروک کے خطرات میں کمی
دماغ میں اگر خون جم جائے یا خون کے بہاؤ خلل واقع ہو جائے تو اسٹروک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسٹروک کو ایک خطرناک علامت سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ اس وجہ سے موت کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیتون کے تیل کے استعمال سے اسٹروک کے خطرات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس تیل کی وجہ سے خون جماؤ کا شکار نہیں ہوتا، جب کہ اس کا متوازن بہاؤ بھی جاری رہتا ہے، جس سے اسٹروک کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
دل کی بیماریوں سے بچاؤ
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق لوگوں کو سب سے زیادہ دل کی بیماریوں کی وجہ سے موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچھ تحقیقات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے لوگوں کو دل کی بیماریوں کا کم سامنا کرنا پڑتا ہے، جب اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کی گئی تو یہ بات سامنے آئی زیتون کے تیل کے استعمال کی وجہ سے عرب کے لوگ دل کی بیماریوں کا شکار نہیں ہوتے۔
زیتون کے تیل میں ایسے مفید غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس تیل کے استعمال کی وجہ سے نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار میں کمی واقع ہوتی ہے اور خون کی شریانوں کی صحت میں بہتری آتی ہے جس سے دل بہتر طریقے سے افعال سر انجام دیتا ہے۔
اس کے علاوہ زیتون کے تیل کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر میں بھی کمی آتی ہے جو کہ دل کی بیماریوں کی وجہ بنتا ہے اور بعض اوقات موت کا بھی سبب بنتا ہے۔ اس کے علاوہ زیتون کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر کی ادویات کے استعمال میں اڑتالیس فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
ہڈیوں کی صحت میں بہتری
چوں کہ زیتون کا تیل پولی فینولز سے بھرپور ہوتا ہے اس لیے اس کے استعمال سے عمر میں اضافے کی وجہ سے ہڈیوں کے مسائل کے خطرات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
زیتون کے تیل کا استعمال ہڈیوں کے بننے کے عمل کو بہتر بناتا ہے اور انہیں کیلشیم جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق جو لوگ باقاعدگی کے ساتھ زیتون کا تیل استعمال کرتے تھے، ان میں ہڈیوں کے مسائل کے خطرات میں اکیاون فیصد تک کمی آئی، تاہم طبی ماہرین کے مطابق زیتون کے تیل کے استعمال اور ہڈیوں کی صحت میں بہتری کے تعلق کو تفصیل سے جاننے کے لیے مزید طبی تحقیقات کی ضرورت ہے۔
دماغی امراض کے خطرات میں کمی
زیتون کے تیل کے استعمال سے الزائمر اور بھولنے کی بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔ زیتون کے تیل میں پائے جانے والے فینولک اجزاء ایسے کمپاونڈز کو ختم کرتے ہیں جو دماغی تنزلی کا باعث بنتے ہیں۔
دماغ کی صحت کو بہتر بنانے اور اس کے مسائل سے مؤثر طریقے سے بچنے کے لیے زیتون کے استعمال کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا چایئے، اگر اسے کچھ دنوں کے وقفے یا بے قاعدگی سے استعمال کیا جائے تو مؤثر نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔
جوڑوں کے مسائل سے نجات
جوڑوں کا درد شدید بے چینی کا باعث بن سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اس درد کی وجوہات کے متعلق اختلاف پایا جاتا ہے، تاہم جب مدافعتی نظام غلطی سے جسم کے سیلز پر حملہ آور ہوتا ہے تو جوڑوں کے درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
زیتون کے تیل سے بنے ہوئے سپلیمنٹس کے استعمال سے جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد میں سوزش کم ہوتی ہے اور آکسیڈیٹو دباؤ میں بھی کمی آتی ہے، جس سے درد کی شدت کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ جوڑوں کے درد کے خلاف مؤثر نتائج حاصل کرنے کے لیے مچھلی کے تیل کو زیتون کے تیل کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
زیتون کے تیل کے فوائد کے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کسی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں، آسانی کے ساتھ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔