Home Nutrition & Diet املی کے 9 حیران کن طبی فوائد

املی کے 9 حیران کن طبی فوائد

imli kay fawaid
Spread the love

سینکڑوں سالوں سے املی کو غذا کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جب کہ اسے مختلف امراض کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ کچھ گھرانوں میں کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لیے بھی املی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔

اس کا شمار صحت مند پھلوں میں کیا جاتا ہے، کیوں کہ املی میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ ان اجزاء میں وٹامن سی، کیلشیم، فاسفورس، وٹامن ای، آئرن، وٹامن بی، میگنیز، پوٹاشیم، اور فائبر شامل ہیں۔

املی کا پودار زیادہ تر ایشیائی ممالک اور شمالی افریقہ میں پایا جاتا ہے، اس کے پتے بھی ذائقے میں کھٹے ہوتے ہیں، جب کہ املی ایک فرحت بخش پھل ہے، جس کا ذائقہ قدرے ترش لیکن خوش گوار ہوتا ہے۔ اس پھل میں بہت سے طاقت ور اینٹی آکسیڈنٹ پائے جاتے ہیں جو مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ املی میں سوزش کو کم کرنے والی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں، جن کی مدد سے سوزش سے آسانی کے ساتھ چھٹکارا پانے میں مدد ملتی ہے۔ اس پھل کا رنگ عام طور پر سرخ ہوتا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے۔ املی کا مزاج اوّل درجے میں سرد جب کہ دوسرے درجے میں خشک ہوتا ہے۔

املی کے فوائد سے زیادہ تر لوگ واقف نہیں ہوتے، اس لیے اسے باقاعدگی کے ساتھ استعمال نہیں کیا جاتا۔ اس بلاگ کی مدد سے آپ اس کے فوائد جاننے کے بعد اسے باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

املی کا طریقہ استعمال

عام طور پر املی کو مختلف کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے، جو کہ اسے استعمال کرنے کا سب سے بہترین ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ املی کا شربت بھی بنایا جاتا ہے، اس کا شربت بنانے کے لیے اسے پانی میں بھگو کر رکھا جاتا ہے، اور بعد میں اس کے پانی میں خشک آلو بخارا شامل کر کے کے شربت بنایا جاتا ہے، یہ شربت ذائقے میں نہایت خوشگوار اور لذیز ہوتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ کچھ لوگ املی کو کھانا پسند کرتے ہیں۔ اس کا ذائقہ چوں کہ کھٹا ہوتا ہے، اس لیے اسے کھانے سے گلے کے مسائل لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے بہتر یہی ہے کہ اس کھانوں میں استعمال کیا جائے یا اس کا شربت بنا لیا جائے۔

املی کے فوائد

املی کو باقاعدگی کے استعمال کرنے سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ہائی بلڈ پریشر میں کمی

جسم میں پوٹاشیم کی مقدار غیر متوازن ہونے کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔ املی میں پوٹاشیم وافر مقدار میں پائی جاتی ہے، اس لیے یہ ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ املی میں آئرن بھی پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے خون کے سرخ خلیات کی افزائش جاری رہتی ہے۔ خون کے سرخ خلیات کی افزائش کی وجہ سے جسم میں خون کی کمی نہیں ہوتی۔

قوتِ مدافعت میں اضافہ

املی میں موجود وٹامن سی اور دیگر اینٹی آکسیڈنٹس صحت کو برقرار رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ املی مدافعتی نطام کو مضبوط بنا کر کر ہم کو مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ املی میں ٹارٹاریک ایسڈ نامی اینٹی آکسیڈنٹ بھی پایا جاتا ہے جو جسم سے فاسد مادوں کے اخراج میں مدد کرتا ہے۔

وزن میں کمی

موٹاپے کی وجہ سے بہت سے مسائل لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے موٹاپہ یا پیٹ کے اردگرد جمع ہوئی چربی سے چھٹکارا پانے کے لیے املی کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

املی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے بھوک کم لگتی ہے، اور یہ جسم پر اضافی چربی بھی جمع نہیں ہونے دیتی۔ موٹاپے سے چھٹکارا پانے کے لیے اس کے مشروب نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔

دل کی صحت میں بہتری

املی میں پائی جانے والی پوٹاشیم کی وجہ سے بلڈ پریشر نارمل رہتا ہے، جس کی وجہ سے دل کی صحت میں بہتری آتی ہے۔ اس پھل میں موجود فائبر شریانوں میں نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار کم کرنے کے لیے نہایت مفید سمجھا جاتا ہے۔ 

اس کے ساتھ ساتھ املی آنت کے کینسر سے  بچاؤ میں بھی نہایت مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ املی میں موجود وٹامن سی کی وجہ سے فری ریڈیکل کی وجہ سے پہنچنے والے خطرات میں بھی کمی آتی ہے۔

معدہ کے لیے مفید

ٹھنڈی تاثیر ہونے کی وجہ سے املی معدے کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق فاسٹ فوڈذ اور تیز مصالحہ جات والے کھانے کھانے کی وجہ سے معدے کی تیزابیت یا گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس پھل کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے معدے کی تیزابیت میں کمی آتی ہے۔

اس کے علاوہ اس میں پائے جانے والے منرلز اور وٹامنز کی وجہ سے معدے بہتر طریقے سے افعال سر انجام دیتا ہے۔

متلی اور قے سے نجات

متلی اور قے کی شکایات لاحق ہونے کی صورت میں املی کے شربت کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے۔ اس کا شربت استعمال کرنے کی وجہ سے متلی اور قے کی شکایت دور ہوتی ہے اور کھانا آسانی کے ساتھ ہضم ہو جاتا ہے۔

اعصابی صحت میں بہتری

وٹامن بی اور تھایا مین اعصاب کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اعصابی صحت بہتر ہونے کی وجہ سے آپ کو روزمرہ کے افعال سر انجام دینے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

املی میں وٹامن بی اور تھایا مین پائے جاتے ہیں، جن کی وجہ سے اعصابی صحت میں بہتری آتی ہے۔

ذیابیطس کے مرض میں مفید

ذیابیطس کے شکار مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ مختلف غذاؤں سے حاصل ہونے والے کاربوہائڈریٹس جسم میں بلڈ شوگر یا چربی کی صورت میں جمع ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے شوگر کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

املی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ بلڈ شوگر کی مقدار بھی متوازن رہتی ہے۔

بواسیر کی علامات میں کمی

معدے کے مختلف امراض جیسا کہ اسہال یا بواسیر لاحق ہونے کی صورت میں املی کے پتوں کا پانی نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ املی کے پتوں کا پانی نکال کر اس میں تھوڑی سی چینی شامل کر کے استعمال کرنے سے اسہال اور بواسیر جیسی علامات میں کمی آتی ہے۔

املی کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ آسانی کے ساتھ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment