ادرک غذائیت اور بہت سارے طبی فوائد سے بھرپور جڑ کی شکل والی ایک سبزی ہے جو انسانی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس سبزی کا شمار ان مصالحہ جات میں کیا جاتا ہے جو کھانا پکانے کے لیے ضروری تصور کیے جاتے ہیں۔
مگر کیا آپ اس بات سے واقف ہیں کہ ادرک آپ کی صحت کے لیے کتنی مفید ہے؟ بد ہضمی سے لے کر مدافعتی نظام کو بہتر بنانے تک یہ سبزی آپ کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ اسے سلاد میں استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ زیادہ تر گھروں میں اسے کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ادرک کو اچار کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سبزی کی افادیت کا اندزاہ اس میں پائے جانے والی غذائی اجزاء سے لگایا جا سکتا ہے۔ ادرک کے ایک چائے کے چمچ میں مندرجہ ذیل غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔
تقریباً پانچ کیلوریز –
دو گرام کاربو ہائڈریٹس –
آدھا گرام فیٹ –
فائبر –
پروٹین –
وٹامن بی3 اور بی6 –
آئرن –
پوٹاشیم –
میگنیشیم –
وٹامن سی –
فاسفورس –
فولیٹ –
زنک –
رائبو فلاوین –
نیاسین –
موسم میں بدلاؤ کی وجہ سے کچھ بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ان بیماریوں سے چھٹکارا پانے کے لیے ادرک کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
Table of Contents
ادرک کے فوائد
ادرک کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
گیس کے مسئلے سے نجات
کھانے میں بے قاعدگی یا غیر متوازن غذا کی وجہ سے کچھ افراد کو گیس کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس کے علاوہ کچھ غذاؤں کی وجہ سے بھی یہ مسئلہ لاحق ہو سکتا ہے جو گیس کی وجہ بنتی ہیں۔ ادرک کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے گیس سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔
گیس سے اگر بر وقت چھٹکارا نہ پایا جائے تو معدے کے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہر روز ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا استعمال کرنے سے گیس کی علامات میں واضح کمی آئے گی۔
متلی کی کیفیت میں کمی
ادرک نہایت مؤثر طریقے سے متلی کی شکایات میں کمی لاتی ہے۔ متلی کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک انچ ادرک کو ایک سے دو کپ پانی میں شامل کر کے دس منٹ تک پڑا رہنے دیں۔ اس کے بعد اس پانی میں ایک چمچ شہد شامل کر کے استعمال کر لیں۔ اس سے متلی کی علامات میں واضح کمی آئے گی۔
قوتِ مدافعت میں اضافہ
کسی بھی موسم میں بیماریوں سے بچنے کا بہترین ذریعہ یہی ہے کہ مدافعتی نظام کو مضبوط بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد جو اوسٹیو آرتھرائٹس کا شکار ہوں، وہ اگر باقاعدگی کے ساتھ ادرک کی چائے استعمال کریں تو اس مرض کی علامات میں کمی آئے گی۔
ہاضمہ کے لیے مفید
چینی طب میں سینکڑوں سالوں سے ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ادرک کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ ادرک کی تاثیر قدرے گرم ہوتی ہے، اس لیے اسے اگر کھانے سے پہلے استعمال کیا جائے تو ہاضمہ کا نظام مضبوط ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کھانا آسانی کے ساتھ ہضم ہوتا ہے۔
ذیا بیطس کے مرض میں مفید
ادرک ذیابیطس کی علامات کو کم کرنے کے لیے نہایت مفید کردار ادا کر سکتی ہے۔ اگر ہر روز چار گرام تک ادرک کو استعمال کیا جائے تو بلڈ شوکر لیولز میں کمی آتی ہے اور انسولین کی ریگولیشن میں بھی بہتری آتی ہے۔ تاہم ذیابیطس کے مریضوں کو اپنے ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق ادرک کو استعمال کرنا چاہیئے۔
موسمی بیماریوں سے بچاؤ
بہت سارے ایشیائی ممالک میں سردی اور فلو سے بچاؤ یا ان سے چھٹکارا پانے کے لیے ادرک کو قدرتی دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے تازہ ادرک میں اینٹی وائرل خصوصیات پائی جاتی ہیں جو سانس کی نالیوں کے انفیکشن کے خلاف نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ادرک کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے کھانسی اور گلے کی سوزش کی علامات میں بھی کمی آتی ہے۔
معدے کے السر کا خاتمہ
معدے کے السر سے چھٹکارا پانے کے لیے ادرک نہایت مفید ہے۔ السر کی وجہ سے معدے میں زخم ہو جاتے ہیں جن کی وجہ سے بہت سے طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ادرک معدے کو کھانا ہضم کرنے میں مدد کرتی ہے، جس سے السر اور اس جیسی معدے کی دوسری بیماریوں کی علامات میں کمی آتی ہے۔
موٹاپہ سے بچاؤ
وزن میں کمی لانے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے یہ سبزی نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ادرک کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے میٹابولزم کی مضبوطی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
دمہ کے لیے مفید
سینکڑوں سالوں سے نظامِ تنفس کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ادرک کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ جدید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ادرک سانس کی نالیوں میں سوزش کو کم کرتی ہے، جس کی وجہ سے دمہ کی علامات میں کمی آتی ہے۔
جِلد کی بیماریوں سے حفاظت
ادرک کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے جِلد کی کئی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
پٹھوں کی اکڑن میں کمی
ادرک میں چوں کہ سوزش کو کم کرنے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں اس لیے یہ پٹھوں کی اکڑن کو کم کرنے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اگر ورزش یا کوئی سرگرمی سر انجام دینے کے دوران پٹھوں میں اکڑن کا سامنا کرنا پڑے تو ادرک کو ، ہلدی، اور دودھ کے ساتھ ملا کر استعمال کرنا چاہیئے۔
خون کے بہاؤ میں بہتری
ادرک میں پائے جانے والے وٹامن اور امائنو ایسڈ کی وجہ سے خون کے بہاؤ میں بہتری آتی ہے، جس کی وجہ سے دل کے امراض کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ادرک کا باقاعدگی سے استعمال دل کی شریانوں میں چربی نہیں جمع ہونے دیتا۔ چربی جمع نہ ہونے کی وجہ سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
حیض کی تکلیف میں کمی
ادرک کا استعمال ان خواتین کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے جن کو حیض کے دوران تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ادرک کی چائے میں کوئی کپڑا بھگو کر پیٹ کے نچلے حصے پر رکھنے سے حیض کی وجہ سے ہونے والے درد کی علامات میں کمی آئے گی اور پٹھوں کو بھی سکون ملے گا۔ اس کے علاوہ درد سے چھٹکارا پانے کے لیے ادرک کی چائے میں شہد شامل کر کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ادرک کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، کسی بھی ماہرِ غذائیت سے آسانی کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔