Home Fitness and Healthy Lifestyle کیا آپ بھی ہڈیوں کی کمزوری کا شکار ہیں؟ جانیں اس مسئلے کے 5 مؤثر علاج

کیا آپ بھی ہڈیوں کی کمزوری کا شکار ہیں؟ جانیں اس مسئلے کے 5 مؤثر علاج

haddiyon ki kamzori ka ilaj
Spread the love

ہڈیوں کی کمزوری ان دنوں ایک عام مسئلہ ہے۔ بہت سے سارے لوگ غیر متوازن غذاؤں کے استعمال اور منفی طرزِ زندگی کی وجہ سے ہڈیوں کے مسائل کا شکار نظر آتے ہیں اور ہڈیوں کی کمزوری کا علاج تلاش کرتے ہیں۔
ہڈیاں اگر کمزور ہو جائیں تو زندگی میں بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر ہڈیوں کی اچھی صحت کے بغیر انسان روزمرہ کے کام سر انجام دینے سے قاصر ہو جاتا ہے، اس کے علاوہ اٹھنے، بیٹھنے، اور چلنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہڈیوں کی کمزوری کی وجہ سے ہڈیوں کے بھربھرے پن جیسی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے جس سے ہڈیاں معمولی سے مسئلے کی وجہ سے بھی ٹوٹ سکتی ہیں۔
ہڈیوں کی صحت پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عمیر جاوید کا کہنا ہے کہ صحت مند ہڈیوں کے بغیر صحت مند زندگی گزارنا ممکن نہیں ہو گا۔ ڈاکٹر عمیر جاوید ایک ریوما ٹالوجسٹ ہیں جن کا تجربہ سات سال ہے۔ ہڈیوں کی کمزوری سے نجات حاصل کرنے کے لیے طرزِ زندگی میں تبدیلی لانا نہایت ضروری ہوتا ہے۔
طرزِ زندگی میں تبدیلی لا کر اور کھانے کی عادات کو تبدیل کر کے ہڈیوں کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ہمیں ایسی غذاؤں کے استعمال کو یقینی بنانا ہو گا جو جسم کو منرلز اور وٹامنز فراہم کریں تا کہ ہڈیوں کی کمزوری دور ہو۔ اگر آپ ابھی نوجوان ہیں تو ہڈیوں کی صحت کی جانب بھرپور توجہ دیں کیوں کہ بڑھاپے میں ہڈیوں کی صحت میں بہتری لانا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

ہڈیوں کی کمزوری کا علاج

مندرجہ ذیل طریقوں یا علاجوں کی مدد سے ہڈیوں کی کمزوری کو دور کر کے انہیں صحت مند بنایا جا سکتا ہے۔

سبزیوں کے استعمال میں اضافہ

سبزیوں کے استعمال کو ہڈیوں کی کمزوری کا سب سے بہترین دیسی علاج سمجھا جاتا ہے۔ سبزیوں کے استعمال سے جسم کو کافی مقدار میں وٹامن سی حاصل ہوتا ہے جس سے ہڈیوں کا ڈھانچہ بنانے والے سیلز کی افزائش ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ سبزیوں سے حاصل ہونے والے وٹامن سی کی وجہ سے ہڈیوں کے سیلز کو نقصان بھی نہیں پہنچتا، کیوں کہ وٹامن سی جسم میں اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ سبزیوں کے استعمال سے ہڈیوں میں موجود منرلز کی سطح میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ان منرلز میں کیلشیم اور فاسفورس شامل ہیں۔  اگر ہڈیوں میں ان منرلز کی سطح میں کمی واقع ہو جائے تو ہڈیوں کے بھربھرے پن جیسی کئی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ہڈیوں کے منرلز میں اضافہ کرنے کے لیے سبز سبزیاں جیسا کہ بند گوبھی اور پیلی سبزیاں جیسا کہ لیموں یا شملہ مرچ وغیرہ استعمال کی جا سکتی ہیں۔اس کے علاوہ ان سبزیوں کے استعمال سے بوڑھی خواتین زیادہ فائدہ حاصل کر سکتی ہیں کیوں کہ انہیں منرلز اور وٹامنز کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق پچاس برس سے زیادہ عمر والی خواتین نے جب باقاعدگی کے ساتھ پیاز کو استعمال کیا تو ان میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کے خطرات بیس فیصد تک کم ہو گئے۔

نیند پوری مقدار میں لیں

2015ء میں شائع ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق پچاس برس سے زائد عمر والی خواتین کو ہڈیوں کے بھربھرے پن کے زیادہ خطرات کا سامنا تھا کیوں کہ وہ چھ گھنٹوں سے کم مقدار میں نیند لے رہی تھیں۔ اس کے علاوہ بہت سارے افراد اور خاص طور پر نوجوان ایسے ہیں جو کم مقدار میں نیند لیتے ہیں جس سے ہڈیوں کی کمزوری سمیت کئی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔تبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کراچی کے طبی ماہرین کے مطابق ہر شخص کو اس بات کی ضرورت ہوتی ہے کہ وہ ہر روز رات کو کم از کم سات گھنٹے کی نیند لے، تاہم یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ یہ نیند پر سکون ہونی چاہیئے اور اس میں خلل واقع نہیں ہونا چاہیئے۔ اگر آپ نیند کے مسائل کا شکار ہیں تو جلد از جلد ان مسائل سے نجات حاصل کر لیں کیوں کہ ان کی وجہ سے ہڈیوں کی کمزوری جیسے مسائل لاحق ہو سکتے ہیں۔

پروٹین کے استعمال میں اضافہ

پروٹین کے استعمال کے بغیر صحت مند ہڈیوں کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، کیوں کہ ہماری ہڈیوں کا پچاس فیصد حصہ پروٹین پر مشتمل ہوتا ہے۔ پروٹین کے استعمال کے بغیر ہڈیوں کی صحت خراب ہونا شروع ہو جاتی ہے جسے کنٹرول کرنا قدرے مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔طبی تحقیقات کے مطابق کے پروٹین کو استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ہڈیاں بہتر طریقے سے کیلشیم بھی جذب نہیں کر پاتیں جس کی وجہ سے یہ معمولی سے مسئلے کی وجہ سے ٹوٹ سکتی ہیں۔ تاہم پروٹین کو بہت زیادہ مقدار میں استعمال کرنے کی وجہ سے کچھ طبی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، جیسا کہ خون کی ایسیڈیٹی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔لیکن اگر ہر روز ایک سو گرام تک پروٹین استعمال کیا جائے تو نہ صرف ہڈیوں کی صحت میں بہتری آئے گی بلکہ مجموعی طور پر بھی صحت بہتر ہو گی۔ پروٹین کو متوازن مقدار میں حاصل کرنے کے لیے انڈوں کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انڈوں کے فوائد کافی زیادہ ہیں، ان سے نہ صرف پروٹین حاصل ہوتا ہے بلکہ دیگر کئی منرلز اور وٹامنز بھی جسم کو حاصل ہوتے ہیں۔

کیفین کے استعمال میں کمی

کیفین کے استعمال میں کمی کو بھی ہڈیوں کی کمزوری کا دیسی علاج سمجھا جاتا ہے۔ اگر کیفین کو تھوڑی مقدار میں حاصل کیا جائے تو یہ ہڈیوں کے لیے نقصان دہ ثابت نہیں ہوتی، تاہم اگر اسے زیادہ مقدار میں استعمال کیا جائے تو اس سے ہڈیوں پر منفی اثرات ظاہر ہو سکتے ہیں۔مثال کے طور پر اگر ایک سو ملی گرام کیفین کو استعمال کیا جائے تو جسم سے چھ ملی گرام کیلشیم ضائع ہو جاتی ہے۔ کیلشیم کو ہڈیوں کی صحت کے لیے اہم منرل سمجھا جاتا ہے، اس لیے جسم میں اس کا لیول متوازن ہونا نہایت ضروری ہوتا ہے۔

وٹامن کے اور ڈی کے استعمال میں اضافہ

وٹامن ڈی اور کے کو بھی ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ وٹامن ڈی جسم اور ہڈیوں کو کیلشیم جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اگر جسم میں وٹامن ڈی کی کمی واقع ہو جائے تو ہڈیوں کی کئی بیماریوں کے خظرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ وٹامن کے2 کے استعمال سے ہڈیوں سے کیلشیم ضائع نہیں ہوتا جس سے ہڈیوں کی صحت برقرار رہتی ہے۔ہڈیوں کی کمزوری کے مزید علاج جاننے کے لیے کسی آرتھو پیڈک سرجن سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، آسانی کے ساتھ کسی بھی آرتھو پیڈک سرجن سے رابطہ کرنے کے لیے ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment