Home Nutrition & Diet اسپغول کے 11 طبی فوائد

اسپغول کے 11 طبی فوائد

اسپغول کے استعمال
Spread the love

اسپغول ایک ایسی غذا ہے جو ہر موسم میں ہر گھر میں استعمال کی جاتی ہے۔ اسپغول کو ایک ہربل دوا سمجھا جاتا ہے کیوں کہ  اس کے استعمال کے سے مضر صحت اثرات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، جس کی وجہ سے اسے ہر عمر کے افراد استعمال کر سکتے ہیں۔

اسے عام طور پر ہاضمہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم اس سے کئی اور طبی فوائد بھی حاصل کیے جاتے ہیں۔ کچھ طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ اسپغول ادویات سے بھی زیادہ افادیت رکھتا ہے اور یہ مفید فائبر حاصل کرنے کا سب سے بہترین ذریعہ بھی ہے۔

اسپغول ایک بیج ہوتا ہے جس کے چھلکے کو فائبر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی تاثیر سرد ہوتی ہے، جس کی وجہ سے اس موسمِ گرما میں زیادہ مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے، تاہم اگر موسمِ سرما میں بھی اسے متوازن مقدار میں استعمال کیا جائے تو یہ نقصان دہ ثابت نہیں ہوتا۔

ماہرین غذائیت کے مطابق اسپغول میں فیٹ، سوڈیم، پوٹاشیم، کاربو ہائڈریٹس، ڈائیٹری فائبر، پروٹین، اور بہت ہی کم مقدار میں شوگر پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اسپغول میں کیلشیم اور آئرن بھی پایا جاتا ہے۔

اسپغول کے فوائد

طبی مسائل سے چھٹکارا پانے اور صحت میں بہتری لانے کے لیے اسپغبول کا استعمال نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ تاہم اس کے متوازن استعمال کو یقینی بنائیں، کیوں کہ اسے زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے کچھ طبی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

قبض کا خاتمہ

اسپغول کو قبض کا بہترین علاج بھی سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ یہ ایک فارمنگ لیگزیٹو ہے۔ اسپغول کو اگر نہار منہ یا دن میں کسی بھی وقت استعمال کیا جائے تو کھانا ہضم کے عمل میں بہتری آتی ہے، جس سے قبض جیسی علامات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

اسپغول کے استعمال سے آنتوں میں موجود اضافی پانی جذب ہو جاتا ہے اور قبض کی شدت میں کمی آتی ہے۔ ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ایسے افراد جو دائمی طور پر قبض کا شکار ہوں، وہ اگر باقاعدگی کے ساتھ ہر روز تقریباً پانچ گرام اسپغول استعمال کریں تو قبض ختم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔

قبض کے خلاف مؤثر اور بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے اسپغول کو دودھ میں شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اگر اسے دہی میں شامل کر کے استعمال کیا جائے تو قبض کی علامات شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسپغول سے بنے ہوئے سپلیمنٹس بھی مفید ثابت ہوتے ہیں۔

قوت مدافعت میں اضافہ

اسپغول کے استعمال سے ہاضمہ کے نظام کو فائدہ مند بیکٹیریا حاصل ہوتے ہیں جس سے نہ صرف ہاضمہ کے مسائل ختم ہوتے ہیں بلکہ قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

قوتِ مدافعت میں اضافہ ہونے سے جسم کو انفیکشن سے لڑنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، اس کے علاوہ جسمانی سوزش کی علامات میں بھی کمی آتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت میں اضافہ ہونے سے جسم کو ٹشوز اور سیلز کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

پیشاب کی جلن کا خاتمہ

پیشاب کی نالی کے امراض کا شکار افراد کے لیے بھی اسپغول کے چھلکے کا استعمال مفید ہے، کیوں کہ اسپغول کو پیشاب آور سمجھا جاتا ہے۔ معمول سے زیادہ مرتبہ پیشاب آنے سے پیشاب کی نالی میں موجود نقصان دہ بیکٹیریا خارج ہوتے ہیں، جب کہ پیشاب کی جلن میں بھی واضح کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ پیشاب کے مسائل ختم ہونے سے گردوں کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔

معدے کی تیزابیت کا خاتمہ

معدے کی تیزابیت

چوں کہ اسپغول کی ٹاثیر سرد ہوتی ہے اس لیے سینے کی جلن، السر، اور معدے کی تیزابیت کا مؤثر علاج سمجھا جاتا ہے۔ روایتی طبی ماہرین کے مطابق معدے کی جلن جیسے مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے اسپغول کو اگر پانی میں شامل کر کے استعمال کیا جائے تو زیادہ مؤثر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

تاہم معدے کے مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے اسپغول کو چند ہفتوں تک استعمال کرنا ضروری ہوتا ہے، کیوں کہ اگر اس کا استعمال کچھ دنوں بعد ترک کر دیا جائے تو یہ مسائل دوبارہ لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرد تاثیر کی وجہ سے پیاس کی شدت میں بھی کمی آتی ہے، اور جسم کو ٹھنڈک کا احساس بھی پہنچتا ہے۔

وزن میں کمی

اسپغول کو اگر پانی میں بھگو کر خالی پیٹ استعمال کیا جائے تو بھوک کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بھوک کنٹرول ہونے کی وجہ سے کھانا کم مقدار میں کھایا جاتا ہے اور جسم کو زیادہ کیلوریز حاصل نہیں ہوتیں، جس سے آسانی کے ساتھ وزن کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اسپغول کے استعمال کے دوران ایسی غذاؤں کے استعمال سے گریز کرنا چاہیئے جو جسم میں اضافی چربی کا باعث بنتی ہیں۔

کولیسٹرول لیول میں بہتری

طبی تحقیقات کے مطابق حل پذیر فائبر استعمال کرنے کی وجہ سے کولیسٹرول لیول کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ کولیسٹرول کے لیول کو متوازن رکھنا ہر شخص کے لیے ضروری ہوتا ہے، تاہم پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کو کولیسٹرول لیول کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہر روز اسپغول کو استعمال کرنے سے کولیسٹرول لیول کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور مضرِ صحت اثرات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ اگر آپ بھی ہائی کولیسٹرول لیول کا شکار ہیں تو آپ کو بھی اسپغول کو اپنی غذا میں شامل کرنا ہو گا کیوں کہ اس میں فیٹ بہت کم مقدار میں پایا جاتا ہے اور اسے کم کولیسٹرول والی غذا سمجھا جاتا ہے۔

اسہال کا علاج

غیر متوازن غذا کے استعمال سمیت بہت سی وجوہات کی بنیاد پر ڈائریا یا اسہال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی وجہ سے جسم کو ڈی ہائڈریشن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے اسہال سے ابتداء میں ہی چھٹکارا پانا ضروری ہوتا ہے۔

اسہال سے نجات حاصل کرنے کے لیے اسپغول کو دہی میں شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے، اسپغول کے استعمال سے آنتوں میں موجود پانی جذب ہو گا اور اسہال کی شدت میں کمی آئے گی۔

ذیا بیطس

ذیا بیطس کے شکار مریضوں کے لیے یہ نہایت ضروری ہوتا ہے کہ وہ ایسی غذائیں استعمال کریں جس سے جسم میں انسولین اور شوگر کا لیول متوازن رہے۔ اسپغول کا شمار ایسی ہی غذاؤں میں ہوتا ہے جو ذیا بیطس کے مرض میں مفید سمجھی جاتی ہیں۔

کچھ طبی تحقیقات کے مطابق اسپغول میں پایا جانے والا فائبر گلیسیمیک انڈیکس کا لیول متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

دل کے لیے مفید

اسپغول کا استعمال دل کی صحت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے، جب کہ فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح میں بہتری آتی ہے۔

کولسیٹرول کی سطح میں بہتری آنے سے دل کی بیماری، فالج، اور ذیا بیطس ٹائپ ٹو کے خطرات میں واضح کمی آتی ہے، اور بلڈ پریشر کا لیول بھی نارمل رہتا ہے۔

خواتین کے لیے فائدہ مند

کچھ خواتین کو حیض جیسے مسائل کی وجہ سے ہارمونز کے عدم توازن کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے چھٹکارا پانے کے لیے اسپغول استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اسپغول کے استعمال سے جسم میں ایسٹروجن کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے جس سے ہارمونز کے عدم توازن کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

کینسر کے خطرات میں کمی

اسپغول میں اعلیٰ درجے کا فائبر پایا جاتا ہے جو کینسر کے خطرات میں کمی لانے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس فائبر کے استعمال سے جسم سے زہریلے مادوں کو خارج کرنے میں مدد ملتی ہے اور ہاضمہ کے نظام میں بہتری آتی ہے اور آنتوں کے کینسر کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

اسپغول کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے کسی ماہرِ غذائیت کے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے، آسانی کے ساتھ کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment