پھٹکری سفید رنگ کا ایک قدرتی کیمیکل ہوتا ہے جو مارکیٹ سے بہ آسانی سفید ڈلیوں کی صورت میں مل جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے خوبصورتی پر بے شمار فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں، جن کے متعلق جاننا نہایت ضروری ہے۔
عام طور پر پھٹکری کو اکثر گھروں میں پانی صاف کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، کیوں کہ یہ ایک بہترین جراثیم کش کے طور پر کام کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اسے شیو کرنے کے بعد جراثیم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔پھٹکری ایک عام سی چیز ہے جس کے فوائد سے لوگ بہت زیادہ واقف نہیں ہیں، لیکن اس کی افادیت بہت زیادہ ہے، جس کی وجہ سے اسے مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ زخموں کو جراثیموں سے پاک کرنا ہو یا چہرے کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہو، پھٹکری ایک بہترین آپشن ثابت ہوتی ہے۔
Table of Contents
پھٹکری کے فوائد
پھٹکری سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
چہرے کے غیر ضروری بالوں سے نجات
طبی ماہرین کے مطابق ہامونز کے غیر متوازن ہونے، ذہنی دباؤ، موروثی مسائل، اور غیر متوازن غذاؤں کے استعمال کی وجہ سے چہرے کے غیر ضروری بالوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر چہرے کے غیر ضروری بالوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مختلف بیوٹی پروڈکٹس کو استعمال کیا جائے تو چہرے پر منفی اثرات ظاہر ہو سکتے ہیں، اس لیے ان بالوں سے چھٹکارا پانے کے لیے پھٹکری جیسے قدرتی نسخوں کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
چہرے کے غیر ضروری بالوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے گلاب کے عرق میں ایک چمچ میدہ اور تین چٹکیاں پھٹکری شامل کر کے ایک مکسچر بنا لیں۔ اس مکسچر کو چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر ہاتھوں سے مل کر صاف کر لیں۔ ایک مہینے تک بلاناغہ یہ عمل دہرانے سے چہرے کے بالوں کی جڑیں کمزور ہو جائیں گی اور زیادہ عرصے تک تھریڈنگ اور ویکسنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
خواتین اگر چہرے کے غیر ضروری موٹے اور کالے بالوں سے چھٹکارا پانا چاہتی ہیں تو پھٹکری کو پیس کر پاؤڈر بنا لیں اور اسے روزانہ ہم وزن پانی میں گھول کر چہرے پر لگائیں۔ پانی نیم گرم ہونا چاہیئے۔ یہ عمل ہفتے میں کم از کم تین بار دہرانے سے چہرے کے بالوں کی افزائش میں کمی آئے گی۔ ہر روز کسی بھی وقت چہرے دھونے کے بعد پھٹکری کی ڈلی سے گیلے چہرے پر مساج بھی کیا جا سکتا ہے، مساج کے بعد چہرے کو خشک ہونے دیں اور بیس منٹ کے بعد دھو لیں۔
چنبل اور خارش کا علاج
اگر آپ چنبل اور خارش سمیت جلد کے مختلف مسائل کا سامنا ہے تو پھٹکری کے استعمال کو یقینی بنا کر آپ ان مسائل سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔ پھٹکری کو پیس کر سرکے یا پانی میں شامل کر کے صبح شام جلد پر لگانے سے چنبل کی علامات میں کمی آتی ہے۔ سرکے میں پھٹکری شامل کر کے زیادہ مفید نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔خارش جسمانی بے چینی میں اضافہ کر دیتی ہے، اس لیے اس سے چھٹکارا پانا مشکل ہوتا ہے۔ پھٹکری کو جلا کر راکھ بنانے کے بعد اس میں انڈے کی سفیدی ملانے کے بعد جلد پر مساج کرنے سے ہر قسم کی خارش کی علامات میں کمی آتی ہے۔
پسینے کی بد بو کا خاتمہ
ایسے افراد جنہیں بہت زیادہ پسینہ آتا ہو یا پسینے کی بد بو کا سامنا ہو تو انہیں نہاتے وقت پانی میں پھٹکری شامل کر لینی چاہیئے۔ اس کے ساتھ ساتھ پسینے کی بو کو ختم کرنے کے لیے دن میں کسی بھی وقت اس کو براہِ راست بغلوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سر کی خشکی سے چھٹکارا
زیادہ تر افراد کو موسم سرما میں سر کی خشکی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جب کہ کچھ افراد کو سارا سال سر کی خشکی کا سامنا رہتا ہے۔ اس خشکی سے نجات حاصل کرنے کے لیے ہر روز شیمپو میں ایک چٹکی پھٹکری اور نمک شامل کر لیں۔ کچھ دنوں تک اس نسخے پر باقاعدگی کے ساتھ عمل کرنے سے سر کی خشکی ختم ہونا شروع ہو جائے گی۔
گردے اور مثانے کی پتھری کا علاج
کچھ افراد کو مثانے یا گردے کی پتھری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یہ گردے اور مثانے کی پتھری کے مسائل نہایت تکلیف دہ ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے ان کے مناسب علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ تکالیف لاحق ہونے کی صورت میں دو ماشہ پھٹکری صبح شام پانی کے ساتھ کھائیں۔ اگر تکلیف بڑھ جائے تو آپ پھٹکری کو دوپہر میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
پھٹی ہوئی ایڑھیوں کا خآتمہ
پھٹی ہوئی ایڑھیوں سے نجات پانے کے لیے پھٹکری کو توے یا کسی لوہے کی چیز پر اتنا گرم کریں کہ وہ پگھل کر بھربھری سی شکل میں آ جائے۔ پھٹکری کے پگھلنے کے بعد اسے توے سے اتار کر ٹھنڈا کر لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر اس میں ناریل کا تیل شامل کر کے متاثرہ حصوں پر لگائیں۔ کچھ دنوں تک پھٹکری کو باقاعدگی کے ساتھ ایڑھیوں پر لگانے سے وہ نرم اور ہموار ہونا شروع ہو جائیں گی۔
کیل، مہاسوں، اور دانوں سے نجات
کیل، مہاسوں، اور دانوں کی وجہ سے جِلد کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے اس لیے ان سے چھٹکارا پانا نہایت ضروری ہوتا ہے۔ ان مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لیے پھٹکری کو پیس کر پانی میں شامل کر لیں اور دانوں اور کیل مہاسوں والی جلد پر لگائیں۔ اسے بیس منٹوں کے لیے جلد پر لگا رہنے دیں اور بعد میں دھو لیں۔کیل، مہاسوں، اور دانوں سے چھٹکارا پانے کے لیے اس نسخے کو ہر روز دہرائیں۔ پھٹکری لگانے کی صورت میں اگر متاثرہ جلد پر جلن محسوس ہو تو چہرے کو فوری طور پر دھو لیں اور اس آئندہ اس ٹوٹکے پر عمل کرنے سے گریز کریں۔
دانتوں سے خون رِسنے کا علاج
اگر آپ کے دانتوں سے خون رستا رہتا ہے تو جامن کی لکڑی کا ایک تولہ کوئلہ اور ایک تولہ پھٹکری کو آپس میں مکس کر کے دانتوں پر لگائیں۔ اس سے کچھ دیر میں خون رسنا ختم ہو جائے گا۔
زخموں کی صفائی کے لیے
زخموں پر جراثیموں کی افزائش مختلف مسائل میں اضافہ کر سکتی ہے۔ اس لیے ان زخموں کو جراثیموں سے پاک کرنا نہایت ضروری ہے۔ ایک ماشہ پھٹکری کو تھوڑے سے گرم پانی میں حل کر کے دن میں دو مرتبہ زخم دھونے سے جراثیم ختم ہوتے ہیں اور یہ جلد خشک ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
پھٹکری کے مزید فوائد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے آپ کو کسی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنا ہو گا۔ اب کسی بھی ماہرِ غذائیت سے رابطہ کرنے کے لیے آپ آسانی کے ساتھ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔