Home Fitness and Healthy Lifestyle یوگا کی احتیاطیں اور اس کے 5 فوائد

یوگا کی احتیاطیں اور اس کے 5 فوائد

yoga-kay-fawaid
Spread the love

کیا آپ وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں؟ کیا آپ ایک مضبوط اور لچک دار جسم کی خواہش رکھتے ہیں؟ کیا آپ ذہنی سکون میں اضافہ کرنا کرنا چاہتے ہیں؟ کیا آپ جِلد کی صحت میں بہتری لانا چاہتے ہیں؟ ان تمام سوالوں کے جواب صرف ایک لفظ میں چھپے ہیں، اور وہ لفظ ہے، یوگا۔ یوگا سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے متحد کرنا اور قابو پانا۔ 2015ء میں اقوام متحدہ نے 21 جون کو یوگا کا عالمی دن قرار دیا تھا، تب سے ہر سال 21 جون کو یوگا کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ پچھلے کئی سالوں سے یوگا کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیوں کہ طبی تحقیقات نے اس کے بہت سے فوائد کو ثابت کیا ہے۔ یوگا کے طبی فوائد سے اکثر نا واقف لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ یہ صرف جسمانی مشقتوں کا نام ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ یوگا کے فوائد بظاہر ہمارے جسموں کی حد تک ہی نظر آتے ہیں، جب کہ یوگا کو باقاعدگی کے ساتھ کرنے سے ذہنی سکون میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور زندگی کی خوشگواریاں بھی بڑھتی ہیں۔

یوگا کے بارے میں کچھ احتیاطیں

بہترین ماحول

یوگا کو باقاعدگی کے ساتھ شروع کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنا لیں کہ جس جگہ یوگا کیا جا رہا ہے وہ صاف ستھری اور ہوا دار ہو۔ یوگا کے دوران مسہری یا چوکی کے استعمال سے سختی سے منع کیا جاتا ہے کیوں کہ ان چیزوں کے استعمال سے توجہ مرکوز کرنے میں مشکل پیش آ سکتی ہے اور جسم کو اچھی پوزیشنز میں بھی نہیں لایا جا سکتا۔ یوگا کو  ہموار اور سخت جگہ پر قالین یا چادر بچھا کر کیا جاتا ہے۔ یوگا شروع کرنے سے پہلے یہ بات بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ اردگرد کا ماحول پر سکون ہو اور شور و غل نہ ہو۔

کپڑوں کا چناؤ

یوگا کے دوران کوشش کریں کہ بھاری اور گرم کپڑے نہ پہنیں، کیوں کہ ایسے کپڑے پہننے کی وجہ سے یوگا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ البتہ سردی کے موسم میں یا سرد علاقوں میں رہنے والے لوگ سردی سے محفوظ رہنے کے لیے ہلکے گرم کپڑے استعمال کر سکتے ہیں۔

خالی پیٹ

یوگا سمیت تمام ورزشیں خالی پیٹ کرنے کی وجہ سے ان کی افادیت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور مثبت نتائج جلد دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یوگا کرنے کے بعد کسی اچھی اور متوازن غذا کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر کسی پھل کا تازہ جوس پیا جا سکتا ہے یا مختلف فوائد کا حامل دودھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ صبح خالی پیٹ یوگا نہ کرنا چاہیئں تو کھانا کھانے کے چار گھنٹے بعد کر لیں۔ مگر کوشش کریں کہ دن میں صرف ایک مرتبہ ہی یوگا کریں۔

مخصوص وقفہ

یوگا کرنے کے دوران مخصوص وقت کے لیے رک کر جسم کو پر سکون کرنا ضروری ہوتا ہے، اس لیے کوشش کریں کہ مختلف یوگا کرنے کے دوران مخصوص وقت کے لیے ضرور ٹھہریں۔

یوگا سے پہلے ہلکی ورزش

تمام ورزشوں اور خاص طور پر یوگا سے پہلے  خون کی گردش کو تیز کرنے کے لیے اور جسم کو ہلکا گرم رکھنے کے لیے چند ہلکی پھلکی ورزشیں لازمی کرنی چاہیئں۔ اس لیے یوگا کرنے سے تھوڑی دیر پہلے چند منٹوں کے لیے دوڑیں یا اچھل کود کر لیں تا کہ خون کی گردش تیز اور جسم گرم ہو جائے۔

سانس لینے کا درست طریقہ

یوگا کے دوران بے ترتیب سانس لینے سے اس کی افادیت میں کمی آ سکتی ہے، اس لیے یوگا کے دوران جسم کو ڈھیلا چھوڑ دیں اور جتنی حد تک ممکن ہو ناک کے ذریعے سا نس پھیپھڑوں میں جمع کریں اور منہ کے ذریعے سارا سانس باہر نکالیں۔ سانس لینے کا طریقہ یوگا میں بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس طرح سانس لینے کی وجہ سے جسم کا خون کا نارمل رہتا ہے، اور صبح کے وقت یوگا کے دوران گہرے سانس لینے سے خون پتلا ہوتا ہے جو انسان کو ہائی بلڈ پریشر جیسی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔یوگا شروع کرنے سے پہلے ان احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر اس کی افادیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یوگا سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

یوگا کے طبی فوائد

یوگا کی مدد سے یہ پانچ فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

وزن میں کمی

ہر روز یوگا کی کچھ مشقیں کرنے ی وجہ سے ہمارے اندر ایسی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے جس کی مدد سے ہم اپنی غذا کے انتحاب میں محتاط رویہ اختیار کرتے ہیں، اور ایسی غذاؤں کا انتخاب کرتے ہیں جو متوازن ہوتی ہیں اور جن کی جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔ غذاؤں میں احتیاط کا رویہ اختیار کرنے کی وجہ سے وزن میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔

بے خوابی کا علاج

جسم میں ظاہر ہونے والی بے قاعدگیاں  ذہن پر اثر انداز ہوتی ہیں اور ذہن کی ناگواری یا بے سکونی کا باعث بنتی ہیں۔ ذہنی کی ناگواری اور بے سکونی بالآخر بے خوابی کا باعث بنتی ہیں۔ یوگا کی مختلف مشقیں ہمارے جسم کو طاقت فراہم کرتی ہیں اور جسم میں بے قاعدگیاں ظاہر نہیں ہوتیں، جس کی وجہ سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور پرسکون نیند آتی ہے۔

تھکن سے چھٹکارا

یوگا کو باقاعدگی کے ساتھ کرنے کی وجہ سے جسمانی تھکن دور ہوتی ہے اور جسمانی تھکن دور ہونے سے ذہنی دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔

دل کی صحت میں بہتری

دل کی دھڑکن کومعمول پر رکھنے کے لیے یوگا بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ایسے افراد جنہیں دل کی دھڑکن کو معمول پر رکھنے کے لیے مختلف چیزیں استعمال کرنا پڑتی ہیں، وہ آسانی کے ساتھ یوگا کی مدد سے دل کی دھڑکو معمول پر لا سکتے ہیں۔

درد سے چھٹکارا

سرجری یا مختلف چوٹوں کے بعد بعض افراد کو لمبے عرصے تک درد کا سامنا کرنا پڑ تا ہے، اسی طرح آرتھرائٹس کے مریض بھی درد کا شکار رہتے ہیں، ایسے مریضوں کے لیے یوگا نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ کچھ ہفتوں تک باقاعدگی کے ساتھ یوگا کرنے سے درد کی علامات میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے۔
یوگا کو شروع کرنے سے پہلے کوشش کریں کہ کسی فزیوتھراپسٹ  سے مشورہ کر لیں کہ آپ کے جسم کے لیے یوگا کی کون سی مشقیں مفید ثابت ہوں گی۔ کسی بھی فزیو تھراپسٹ سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

Related Posts

Leave a Comment