زندگی میں ہر وقت خوش رہنا ایک ایسا خواب ہے جو ہر انسان دیکھتا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ایسا ممکن ہے کہ ہر وقت خوش رہا جا سکے؟ زندگی مشکلات اور آسانیوں کا مجموعہ ہے۔ کبھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو کبھی آسانیوں کا۔
عمومی طور پر آسانیوں کے وقت ہمیں خوشی کا احساس ہوتا ہے جب کہ مشکلات کے وقت ہم بے چینی، ڈپریشن، اور اداسی محسوس کرتے ہیں۔ زندگی میں آسانیوں سے خوش رہنا تو سبھی جانتے ہیں مگر اصل ہنر یہ ہے کہ مشکلات میں بھی خوش رہنے کا طریقہ ڈھونڈا جائے۔
ایک انگریز مصنف نے کتاب لکھی ہے جس کا عنوان “دا لیمونیڈ لائف ہے“، اس کتاب میں مصنف نے یہ بتایا ہے کہ خوش رہنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ لوگوں کا شکریہ ادا کیا جائے۔ جب کہ طبی ماہرین کے مطابق خوش رہنے کے لیے کچھ عادات یا طریقے اپنائے جا سکتے ہیں۔ یہ طریقے خوشی کا احساس بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
جب ہم کوئی ایسا کام کرتے ہیں جس سے ہمارے ذہنی سکون میں اضافہ ہوتا ہے تو دماغ میں ایسا کیمیکل پیدا ہوتا ہے جسے ڈوپا مائن کہتے ہیں۔ یہ کیمیکل خوشی کا احساس بڑھانے کے لیے ذمہ دار ہوتا ہے۔
Table of Contents
خوش رہنے کے طریقے
خوش رہنے یہ طریقے آپ کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ جن پر عمل پیرا ہو کر آپ اپنی صحت میں بہتری لا سکتے ہیں۔
متوازن غذا کا استعمال
جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ مجموعی صحت میں بہتری اور وزن میں کمی لانے کے لیے متوازن غذا کا استعمال کس قدر ضروری ہے۔ ایک متوازن غذا پھلوں، سبزیوں، دالوں، اور ڈیری پروڈکٹس کے مجموعے کو سمجھا جاتا ہے۔
ایک طبی تحقیق کے مطابق ایسی غذا، جس میں پھل، سبزیاں، کم فیٹ، اور صحت مند پروٹین شامل ہوں، جسم کو انرجی فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ جب آپ تھکاوٹ یا کمزوری کا شکار ہوتے ہیں تو آپ کو اداسی اور مایوسی کا احساس ہونے لگتا ہے اس لیے خوش رہنے کے لیے جسم کو انرجی فراہم کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔
اپنی غذا کو متوازن بنانے کے لیے آپ بروکولی جیسی سبزیاں اور کیلے جیسے مفید پھل اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر دودھ اور دہی بھی روزانہ استعمال کریں تو اس سے بھی آپ کی صحت میں بہتری آئے جو بالآخر آپ کی خوشی میں اضافے کا سبب بنے گی۔
مسکراہٹ
جب آپ خوش ہوتے ہیں تو اس کا اظہار آپ کے چہرے کی مسکراہٹ سے ہوتا ہے جب کہ مسکراہٹ سے آپ کی خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ جب ہم مسکراتے ہیں تو دماغ میں ایسے کیمیکلز افزائش پاتے ہیں خوشی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔
تاہم خوشی کے احساس میں اضافہ کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ چہرے پر ہر وقت مصنوعی مسکراہٹ سجا کر رکھیں، اسی مسکراہٹ سے خوشی میں اضافہ ہو گا جو حقیقی مسکراہٹ ہو گی۔ خوشی حاصل کرنے کا ایک بہترین طریقہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے دن کا آغاز صبح شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر مسکرانے سے کریں۔
ورزش
بہت ساری طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ باقاعدگی کے ساتھ ورزش کرنے سے ایسے جسم میں ایسے کیمیکلز کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے جو خوشی کی احساس میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ یونیورسٹی کو ٹورنٹو میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق جسمانی سرگرمیاں ڈپریشن کو دور رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
ایسے لوگ جو ڈپریشن کا شکار ہوں، وہ اگر اینٹی ڈپریسنٹ ادویات کے ساتھ ورزش کو معمول بنا لیں تو اس بیماری کی علامات میں تیزی کے ساتھ کمی آنا شروع یو جاتی ہے۔
شکریہ ادا کریں
کسی کا شکریہ ادا کرنے سے آپ اپنی خوشی میں اضافہ کر سکتے ہیں، مثال کے طور ایک طبی تحقیق کے مطابق لوگوں کا شکریہ ادا کرنے سے امید اور خوشی کے احساس میں اضافہ ہوا ہے۔
آپ اگر دیر پا خوشی چاہتے ہیں تو لوگوں کا شکریہ ادا کرنا شروع کر دیں۔ اگر کوئی آپ کو آفس میں چائے یا کافی آفر کرے تو اس کا شکریہ ضرور ادا کریں، حتی کہ اس صورت میں بھی کہ آپ آفر قبول کرنے سے انکار کر دیں۔
توجہ مرکوز کرنا
اکیلے بیٹھ کر منتشر خیالات سے چھٹکارا پانے اور توجہ مرکوز کرنے کے عمل کو مراقبہ کہتے ہیں۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ہر روز دس منٹ تک مراقبہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ ہر روز مراقبہ کرنے سے انہیں بہتری کا احساس ہوتا ہے۔
نیند کا معیار بہتر بنائیں
آج کل مصروف زندگی نے سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لیے کے عمل کو اگر نا ممکن نہیں تو مشکل ضرور بنا دیا ہے جب کہ نیند کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے، جب کہ ہم سب جانتے ہیں صحت کو برقرار رکھنے کے لیے نیند لینا کس قدر ضروری ہے۔
نیند کا معیار بہتر بنانے سے نہ صرف خوشی کے احساس میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ آپ کی مجموعی صحت میں بھی بہتری آنا شروع ہوتی ہے۔ ان ٹپس پر عمل پیرا ہو کر آپ اپنی نیند کے معیار کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
ہر روز نیند کا دورانیہ ضرور نوٹ کریں –
ہر روز ایک وقت پر سوئیں اور ایک وقت پر ہی جاگیں –
سونے سے پہلے نہا لیں یا کچھ وقت کے لیے کتاب پڑھیں –
سونے سے پہلے کمرے میں مکمل خاموشی کر لیں اور لائٹس بجھا دیں –
سونے کے لیے اچھا تکیہ استعمال کریں –
منفی سوچ سے نجات
زیادہ تر انسانوں کو زندگی میں پیش آنے والی مشکلات یا واقعات کی وجہ سے منفی سوچ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں، اس منفی سوچ کی وجہ سے بعض اوقات شدید دماغی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس لیے خوش رہنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ جلد سے جلد منفی خیالات سے نجات حاصل کریں۔ ان خیالات سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ اپنی خاندان کے لوگوں یا دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں یا کوئی فلم دیکھ سکتے ہیں۔
اگر ان طریقوں کی مدد سے بھی آپ کی خوشی کے احساس میں اضافہ نہیں ہوتا اور اداسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو آپ کو کسی ماہرِ نفسیات سے رابطہ کرنا ہو گا، کسی بھی ماہر نفسیات کے ساتھ آسانی سے رابطہ کرنے کے لیے آپ ہیلتھ وائر کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں، کیوں کہ ہیلتھ وائر نے رابطوں کو بہت آسان بنا دیا ہے۔