جناح ہسپتال میں لیب ٹیسٹ کی سہولیات تعطل کا شکار، مریضوں کو مشکلات کا سامنا

Author

by Saeed Iqbal

23-02-2023
10 Best Activities

10

SHARES

جناح ہسپتال لاہور میں لیب ٹیسٹ کی سہولیات تعطل کا شکار ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ او پی ڈی میں ہونے والے تمام لیب ٹیسٹ بند کر دیئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جناح ہسپتال لاہور میں گزشتہ کچھ روز سے لیب ٹیسٹ کی سہولیات مہیا نہیں کی جا رہیں، جو مریضوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہیں۔

جو کمپنی جناح ہسپتال میں لیب ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کر رہی تھی، اس میں اور ہسپتال انتظامیہ میں پیدا ہونے والے تنازع کی وجہ سے یہ سہولت تعطل کا شکار ہوئی ہے۔ کمپنی اور انتظامیہ کے درمیان یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب کمپنی نے لیب ٹیسٹ کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔

 

جناح ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق ہسپتال انتظامیہ اور کمپنی کے درمیان تین کا سال کا معاہدہ ہوا تھا۔ معاہدہ کی مدت ختم ہونے سے ایک سال قبل ہی کمپنی نے لیب ٹیسٹوں کی قیمتوں میں پچاس فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا۔ ایم ایس کا کہنا ہے کہ کمپنی کے اس مطالبے کو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مسترد کر دیا گیا، کیوں کہ معاہدے ختم ہونے سے قبل قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ قبول کرنا ممکن نہیں تھا۔

جب ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کے مطالبے کو مسترد کیا گیا تو ردِ عمل کے طور پر کمپنی نے ہسپتال میں ٹیسٹوں کی سہولت بند کر دی۔ لیب ٹیسٹ کی سہولت بند ہونے سے مریض کو پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر ہسپتال انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جلد از جلد نئی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا تا کہ مریض مشکلات کا شکار نہ ہوں۔

ایم ایس کا مزید کہنا تھا کہ صرف او پی ڈی میں لیب ٹیسٹ کی سہولت بند ہوئی ہے، جب کہ ایمرجنسی میں روٹین کے مطابق ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔