خام مال کی قیمتوں میں اضافہ، پیناڈول کی پیداوار بند کر دی گئی: گلیکسو سمتھ کلائن

Author

by Saeed Iqbal

24-10-2022
10 Best Activities

3

SHARES

گلیکو سمتھ کلائن، جو کہ ایک ملٹی نیشنل کمپنی ہے، نے پیناڈول کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق پیناڈول ٹیبلیٹ، پیناڈول ایکسٹرا، اور پیناڈول سیرپ کی پیداوار مکمل طور پر ختم کی جا رہی ہے۔

 

دوا ساز کمپنی کے جنرل مینجر فرحان ہارون نے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیناڈول کی تمام پروڈکٹس کی پیداوار کو ہنگامی بنیادوں پر بند کیا جا رہا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ قیمت پر پیناڈول بنانا ممکن نہیں، اگر پیداوار کو جاری رکھا گیا تو کمپنی کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فرحان ہارون نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ڈریپ (ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی آف پاکستان) نے وفاقی کابینہ کو یہ سفارش کی تھی کہ پیناڈول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے، جسے بعد ازاں وفاقی کابینہ نے مسترد کر دیا تھا۔ خط کے مطابق کمپنی پچھلے چند مہینوں سے نقصان برداشت کرتے ہوئے پیناڈول بنا رہی تھی۔

پیناڈول کی پرانی قیمت پر فروخت سے پہلے پیناڈول کی پیداوار میں کمی کی گئی، جب کہ اب اس کی پیداوار مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ 

پاکستان ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے مطابق پیناڈول سمیت کئی ادویات کا خام چین سے در آمد کیا جاتا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کئی اندسٹریز بند ہیں، جس کی وجہ سے خام مال کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے اور قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

چین میں پیناڈول سمیت کئی ادویات کا خام مال تیار کرنے والی فیکٹریاں اگلے سال  مارچ-اپریل میں دوبارہ کھلیں گی، جس کے بعد صورت حال میں بہتری آنے کا امکان ہے۔ تاہم یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تب تک پاکستان میں پیناڈول کا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔