لاہور کے علاقے گلشن راوی میں 2023 کے پہلے پولیو وائرس سیمپل کی تصدیق

Author

by Saeed Iqbal

26-01-2023
10 Best Activities

5

SHARES

پاکستان میں 2023ء کے پہلے پولیو وائرس سیمپل کی پانی میں موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ یہ تصدیق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کی گئی ہے۔ لاہور کے کچھ علاقوں جیسا کہ گلشنِ راوی کے سیوریج سسٹم میں اس پولیو وائرس کے آثار پائے گئے ہیں۔

 

اس سے قبل 2020ء میں لاہور میں آخری دفعہ پولیو وائرس کا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ تاہم گزشتہ برس چار ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے آثار پائے گئے تھے۔ گلشن راوی کے سیوریج سسٹم میں پائے جانے والے پولیو کے نمونے پچھلے سال افغانستان کے صوبے ننگرہار میں بھی پائے گئے تھے، اس بات کی تصدیق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں واقع پاکستان پولیو لیبارٹری نے کی ہے۔

پولیو وائرس کی موجودگی کے متعلق عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان مل کر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ اس خطرناک بیماری کا دونوں ممالک میں خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پاکستان سے پولیو وائرس کے مکمل طور پر خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گلشن راوی کے سیوریج سسٹم میں پولیو وائرس کی نشاندہی سے اس کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، کیوں کہ اس نشاندہی سے پانچ سال سے کم عمر والے بچوں کو بر وقت اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں گے۔

اس کے علاوہ فاروق ہسپتال، حمید لطیف ہسپتال، اور سلام میڈیکل کمپلیکس میں پولیو کے خلاف نہایت قابل طبی ماہرین اپنی سروسز فراہم کر رہے ہیں تا کہ ملک سے اس بیماری کو ختم کیا جا سکے۔

بچوں کو اس وائرس سے بچانے کے لیے میں پولیو مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کا اختتام بیس جنوری کو ہوا ہے۔ اس مہم کے دوران لاہور ڈویژن کے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے فروری اور مارچ میں بھی پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔