ملائیشین کونسل جنرل کی جانب سے کھارادر جنرل ہسپتال میں ڈائیلسز ونگ کا افتتاح

Author

by Saeed Iqbal

22-12-2022
10 Best Activities

0

SHARES

پاکستان میں ملائیشیا کے کونسل جنرل ہرمان احمد نے کھارا در جنرل ہسپتال میں ڈائیلسز ونگ کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسل جنرل کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے لیے صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں کھارادر جنرل ہسپتال جیسے اداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

 

تقریب سے خطاب کے دوران  ہرمان احمد کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں عام لوگوں کے لیے صحت کی سہولیات حاصل کرنا بہت مشکل ہے۔ کھارادر جنرل ہسپتال جیسے اچھے ادارے میں ڈائیلسز ونگ کا افتتاح نہایت خوش آئند ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو کم قیمت پر گردوں کی بیماریوں کے خلاف بہت سی سہولیات میسر ہوں گی۔

کھارادر جنرل ہسپتال میں ڈائیلسز ونگ کے افتتاح کے موقع پر بہت سی معروف شخصیات بھی مدعو تھیں، جن میں معروف سماجی شخصیت طارق صوفی بھی شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  طارق صوفی کا کہنا تھا کہ کھارا در جنرل ہسپتال میں ڈائیلسز ونگ قائم کرنے کی اشد ضرورت تھی کیوں کہ گردوں کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور ڈائیلسز کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔ جب کہ کھارادر جنرل ہسپتال میں ڈائیلسز کے مریضوں یہ سہولت نہایت کم قیمت پر میسر ہو گی۔

ڈائیلسز ونگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کھارادر جنرل ہسپتال کے صدر بشیر جان محمد کا کہنا تھا کہ ہم نہایت کم قیمت پر پچھلے سو سالوں سے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔