پاکستان میں پہلی مرتبہ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کو سیف کیئر ایوارڈ موصول

Author

by Saeed Iqbal

13-12-2022
10 Best Activities

1

SHARES

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کو سیف کیئر ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ان ہسپتالوں کو دیا جاتا ہے جو بہترین طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کی ملک میں تمام برانچز کو یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔

 

یہ ایوارڈ جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل اور کونسل فار ہیلتھ سروس ایکریڈیشن آف ساؤتھ افریقہ کی جانب سے ان ہسپتالوں کو دیا جا رہا ہے جو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنا رہے ہیں۔ اس ایوارڈ کا بنیادی مقصد ترقی پذیر ممالک میں صحت کے شعبے میں بہتری لانا ہے جہاں ہر سال چھتیس لاکھ لوگ طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

اس ایوارڈ کو پانچویں لیول کا درجہ دیا گیا ہے جو بہترین طبی سہولیات کو مستقل طور پر یقینی بنانے والے ہسپتالوں کو دیا جا رہا ہے۔ سیف کیئر ایوارڈ وصول کرنے کے بعد ڈاکٹر فرحت عباس، جو کہ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے عبوری سی ای او بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ اس ایوارڈ کا مطلب ہے کہ ہمارا ہسپتال بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ معیار کے مطابق طبی سہولیات فراہم کر ریا ہے۔

سیف کیئر ایوارڈ کے علاوہ بھی آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کو کالج آف امریکن پیتھالوجسٹ کی جانب سے ایوارڈ مل چکا ہے کیوں کہ آغا خان لیبارٹری پاکستان میں قابلِ بھروسہ خدمات مہیا کر رہی ہے۔

اس سے پہلے سیف کیئر ایوارڈ پاکستان کے کسی بھی ہسپتال کو نہیں دیا گیا تھا، ایوارڈ وصول کرنے کے بعد آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ندیم حسنین عباس کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد ہم ہیلتھ کیئر سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لیے کوشش کریں گے۔