یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان کو 75 لاکھ میڈیکل آکسیجن سپلائیز موصول

Author

by Saeed Iqbal

08-12-2022
10 Best Activities

0

SHARES

امریکی حکومت نے اپنی بین الاقوامی ایجنسی یو ایس ایڈ کے ذریعے حکومتِ پاکستان کو پچھہتر لاکھ میڈیکل آکسیجن سپلائیز فراہم کی ہیں جو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے یہ میڈیکل آکیسجن سپلائیز وصول کیں۔

 

پاکستان کو یہ سپلائیز فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کا کیا گیا، جس میں امریکی سفیر کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر صحت نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ طبی مدد فراہم کرنے پر پاکستانی حکومت امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مدد ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کس قدر مضبوط ہیں۔

اس کے علاوہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے طبی شعبے کو بہتر بنانے کے لیے کوشش جاری رکھیں گے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی صحت کے مراکز کی بحالی سمیت بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائیں گے۔

بدھ کے روز پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں یہ بتایا گیا ہے کہ آکسیجن سپلائیز ایسے مریضوں کے علاج میں مددگار ثابت ہوں گی جو کورونا وائرس یا پھیپھڑوں کی شدید بیماریوں کا شکار ہیں۔ ان سپلائیز کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر کے ایک سو تریسٹھ ہسپتالوں میں موجود اسٹاف کو ٹیننگ بھی دی جائے گی جس سے ان کی طبی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔

پاکستانی حکومت کی جانب سے امریکی حکومت کو یہ درخواست بھیجی گئی تھی کہ کورونا وائرس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے آکسیجن سپلائیز فراہم کی جائیں۔ بعد ازاں امریکی حکومت کی جانب سے یہ درخواست منظور کرتے ہوئے پاکستان کو پچھہتر لاکھ سپلائیز فراہم کی گئیں۔