ایس آئی یو ٹی میں دل کے سواخ میں مبتلا بچی کی پہلی کامیاب سرجری

Author

by Saeed Iqbal

04-05-2023
10 Best Activities

0

SHARES

سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ یہ سنگِ میل بدھ کے روز پانچ سالہ بچی کی اوپن ہارٹ سرجری کر کے عبور کیا گیا۔ اوپن ہارٹ سرجری سے گزرنے والی بچی کا نام زینب ہے جو کہ دل کے سوراخ کے مرض میں مبتلا تھی۔

 

اس بیماری کی وجہ سے زینب کو بہت سارے طبی مسائل کا سامنا تھا۔ یہ بیماری زینب کے پھیپھڑوں میں خون کے بہاؤ میں تیزی کا سبب بنتی تھی جس کی وجہ سے اسے بار بار انفیکشن ہو جاتا تھا۔ اس اوپن ہارٹ سرجری کو کامیاب بنانے کے لیے ڈاکٹروں نے انتھک محنت کی۔

اس سرجری کو انجام دینے کے لیے نو ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ماہر ٹیم، دو پرفیوژنسٹ، اور آٹھ نرسوں نے کئی گھنٹوں تک مکمل اختیاط کے ساتھ محنت کی جس کی بدولت یہ سرجری کامیاب ہوئی، یاد رہے کہ پرفیوژنسٹ ایسے ماہرین کو کہا جاتا ہے جو دل اور پھیپھڑوں کی مشین چلاتے ہیں۔

زینب کی اوپن ہارٹ سرجری سے قبل ایس آئی یو ٹی میں بچوں کے لیے کارڈیالوجی یونٹ قائم نہیں تھا۔ خاص طور پر اس سرجری کے لیے بین الاقوامی معیار کا ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا جو آئندہ بھی فعال رہے گا تا کہ مستقبل میں بچوں کو پیش آنے والے دل کے مسائل کا بر وقت علاج کیا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایس آئی یو ٹی میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ یہ ادارہ کئی برسوں سے کراچی میں جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ایس آئی یو ٹی کی بنیاد ڈاکٹر ادیب رضوی کی جانب سے رکھی گئی تھی تا کہ پاکستان میں طبی سہولیات کے نظام میں بہتری لا کر ایک سنگِ میل عبور کیا جا سکے۔